🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
تخریج : [صحيح بخاري 71]، [صحيح مسلم 2389] فقہ الحدیث : ➊ فقہ اصل میں فہم اور سوجھ بوجھ...
تخریج:
[صحيح بخاري 71] ،
[صحيح مسلم 2389]

فقہ الحدیث:
➊ فقہ اصل میں فہم اور سوجھ بوجھ کو کہتے ہیں۔ اس حدیث میں «تفقه فى الدين» کی بڑی فضیلت ہے۔ اس تفقہ والے یعنی فقہاء سے کون لوگ مراد ہیں؟ اس کی تشریح میں حافظ ابن حجر العسقلانی نے لکھا ہے:
«وقد جزم البخاري بأن المراد بهم أهل العلم بالآثار، وقال أحمد بن حنبل: إن لم يكونوا أهل الحديث فلا أدري من هم. . .»
”(امام) بخاری نے بطور جزم بتایا ہے کہ ان سے مراد آثار (احادیث) جاننے والے علماء ہیں۔“
اور احمد بن حنبل نے فرمایا:
”اگر یہ لوگ اہل حدیث (محدثین) نہیں ہیں تو پھر مجھے نہیں پتا کہ یہ کون لوگ ہیں؟“ [فتح الباري ج1 ص164 تحت ح71] نیز دیکھئے عمدۃ القاری [ج2 ص52]
◄ امام بخاری کے قول کے لئے دیکھئے [مسألة الاحتجاج بالشافعي للخطيب: ص47 وسنده صحيح]
◄ امام احمد بن حنبل کے قول کے بارے میں دیکھئے: [معرفة علوم الحديث للحاكم:ص2 وسنده حسن]
◄ یہ کہنا کہ محدثین کرام فقہاء نہیں تھے، بہت بڑا جھوٹ ہے۔
◄ امام بخاری کے بارے میں حافظ ابن حجر نے فرمایا:
«وإمام الدنيا فى فقه الحديث»
”اور آپ فقہ حدیث میں دنیا کے امام تھے۔“ [تقريب التهذيب: 5725]
◄ امام مسلم کے بارے میں فرمایا:
«. . . عالم بالفقه» ”فقہ کے عالم۔“ [تقريب التهذيب: 6623]
➋ «وإنما أنا قاسم» ”اور میں تو تقسیم کرنے والا ہوں“ کی تشریح میں قسطلانی نے لکھا ہے:
«أي أقسم بينكم تبليغ الوحي من غير تخصيص»
یعنی ”میں بغیر کسی تخصیص کے تمہارے درمیان وحی کو تقسیم کر رہا ہوں۔“ [ارشاد الساري ج1 ص170]
◄ معلوم ہوا کہ قاسم سے مراد قرآن و حدیث کا علم لوگوں میں تقسیم کرنا اور پھیلانا ہے۔ بعض لوگوں نے اس سے تقسیم مال (یعنی مال غنیمت کی لوگوں میں تقسیم) مراد لیا ہے اور یہ مفہوم بھی صحیح ہے۔
➌ یہ حدیث سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے خطبے میں بیان فرمائی، جو اس کی دلیل ہے کہ خلفائے اسلام حدیث کو حجت سمجھتے تھے اور عوام میں اس کی علانیہ تبلیغ بھی کرتے تھے، لہٰذا منکرین حدیث کا صحیح حدیث سے انکار خوارج ومعتزلہ کی تقلید اور عجمی سازش ہے۔
➍ یہ تقسیم کرنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی زندگی میں تھا اور آپ کی وفات کے بعد اب تمام تفقہ آپ کی احادیث صحیحہ کی اتباع میں ہی ہے۔
اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح 200