🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
تخریج الحدیث : [صحيح بخاري 73]، [صحيح مسلم 1896] فقہ الحدیث : ➊ کسی شخص کی خوشحالی یا نیکی...
تخریج الحدیث:
[صحيح بخاري 73] ،
[صحيح مسلم 1896]

فقہ الحدیث:
➊ کسی شخص کی خوشحالی یا نیکی سے متاثر ہو کر اپنے لیے ویسی خواہش و تمنا کرنا «غبطه» (رشک) کہلاتا ہے اور حدیث مذکور میں حسد سے مراد «غبطه» ہے۔
➋ وہ انسان افضل ہے جسے اللہ تعالیٰ نے کتاب و سنت کا علم عطا فرمایا ہے اور وہ اسے تحریر، تدریس اور تقریر وغیرہ کے ذریعے سے لوگوں میں پھیلا رہا ہے۔
➌ خوش قسمت ہے وہ امیر آدمی جو خلوص نیت اور اتباع سنت سے اپنے مال و دولت کو کتاب و سنت کی دعوت پھیلانے اور غرباء و مساکین کی مدد کرنے میں صرف کر رہا ہے۔
➍ حسد حرام اور رشک جائز ہے، بشرطیکہ دوسرے شخص کی نعمت کے زوال اور خاتمے کی خواہش نہ ہو۔
➎ ہر وقت کتاب و سنت کا علم سیکھنے، اس پر عمل کرنے اور اسے لوگوں میں حسب استطاعت پھیلانے میں مصروف رہنا چاہئیے۔
➏ اگر شرعی عذر مانع نہ ہو تو سارے مال کو اللہ تعالیٰ کے راستے میں خرچ کر دینا جائز ہے۔

فائدہ:
سیدنا عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے ہمیں صدقہ کرنے کا حکم دیا تو اُس وقت میرے پاس مال تھا، میں نے کہا: اگر میں ابوبکر (صدیق رضی اللہ عنہ) سے کبھی آگے بڑھ سکتا ہوں تو آج بڑھ جاؤں گا۔ میں اپنا آدھا مال لے آیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے پوچھا: آپ نے اپنے گھر والوں کے لئے کیا چھوڑا ہے؟ میں نے کہا: آدھا مال گھر چھوڑ آیا ہوں۔ اور ابوبکر رضی اللہ عنہ اپنا سارا مال لے آئے، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے پوچھا: اے ابوبکر! آپ نے اپنے گھر والوں کے لیے کیا چھوڑا ہے؟ انہوں نے فرمایا: میں ان کے لیے اللہ اور رسول (کی محبت) کو چھوڑ آیا ہوں۔ میں نے کہا: اللہ کی قسم! میں کبھی ابوبکر (رضی اللہ عنہ) پر سبقت نہیں لے سکوں گا۔ [سنن ترمذي: 3675، وقال: \"هذا حديث حسن صحيح\" وسنده حسن وصححه الحاكم على شرط مسلم 414/1 ووافقه الذهبي]
نیز دیکھئے: سنن ابی داود [1678] اور اضواء المصابیح [6021]
◄ اس حدیث کے جملے «أبقيت لهم الله ورسوله» کی تشریح میں ملا علی قاری (حنفی) نے کہا: «أى رضاهما» یعنی ”اللہ اور رسول کی رضامندی چھوڑ کر آیا ہوں۔“ دیکھئے: مرقاۃ المفاتیح [ج1۔ ص379 ح6۔ 3۔]
◄ معلوم ہوا کہ عند الضرورت اور شرعی عذر کے ساتھ سارا مال بھی اللہ کے راستے میں قربان کیا جا سکتا ہے۔
اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح 202