🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
� تشریح : استحاضہ والی عورت کے لیے ہر نماز کے وقت غسل کرنا واجب نہیں ہے۔ یہاں حضرت ام...
� تشریح:
استحاضہ والی عورت کے لیے ہر نماز کے وقت غسل کرنا واجب نہیں ہے۔ یہاں حضرت ام حبیبہ رضی اللہ عنہا کے غسل کا ذکر ہے جو وہ ہر نماز کے لیے کیا کرتی تھیں۔ سو یہ ان کی خود اپنی مرضی سے تھا۔
◈ حضرت امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
«ولااشك ان شاءالله ان غسلها كان تطوعاغيرما امرت به وذلك واسع لها وكذا قال سفيان واللهث بن سعد وغيرهما وذهب اليه الجمهورمن عدم وجوب الاغتسال الالادبار الحيضة هوالحق لفقد الدليل الصحيح الذى تقوم به الحجة .» [نيل الاوطار باب طهر المستحاضة]
ان شاءاللہ مجھ کو قطعاً شک نہیں ہے کہ حضرت ام حبیبہ رضی اللہ عنہا کا یہ ہر نماز کے لیے غسل کرنا محض ان کی اپنی خوشی سے بطور نفل کے تھا جمہور کا مذہب حق یہی ہے کہ صرف حیض کے خاتمہ پر ایک ہی غسل واجب ہے۔ اس کے خلاف جو روایات ہیں جن سے ہر نماز کے لیے وجوب غسل ثابت ہوتا ہے وہ قابل حجت نہیں ہیں۔

◈ حضرت علامہ شوکانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
«وجميع الاحاديث التى فيها ايجاب الغسل لكل صلوة قدذكر المصنف بعضها فى هذاالباب و اكثرها ياتي فى ابواب الحيض وكل واحد منهالايخلو عن مقال .» [نيل الاوطار]
یعنی وہ جملہ احادیث جن سے ہر نماز کے لیے غسل واجب معلوم ہوتا ہے ان سب کی سند اعتراضات سے خالی نہیں ہیں۔ پھر «الدين يسر» ”کہ دین آسان ہے“ کے تحت بھی ہر نماز کے لیے نیا غسل کرنا کس قدر باعث تکلیف ہے۔ خاص کر عورت ذات کے لیے بے حد مشکل ہے۔ اس لیے «لايكلف الله نفسا الا وسعها وقدجمع بعضهم بين الاحاديث بحمل احاديث الغسل لكل صلوة على الاستحباب» [نيل الاوطار]
یعنی بعض حضرات نے جملہ احادیث میں تطبیق دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر نماز کے لیے غسل کرنے کی احادیث میں استحباباً کہا گیا ہے۔ یعنی یہ غسل مستحب ہو گا، واجب نہیں۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 327