الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔

 
مختصر صحيح بخاري کل احادیث 2230 :حدیث نمبر
مختصر صحيح بخاري
غزوات کے بیان میں
जंगों और लड़ाइयों के बारे में
1. غزوہ عشیرہ کا بیان۔
حدیث نمبر: 1599
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا زید بن ارقم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ان سے پوچھا گیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کتنے غزوے کیے؟ انھوں نے جواب دیا کہ انیس (19)۔ پھر پوچھا گیا کہ آپ کتنے غزوات میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ تھے؟ تو انھوں نے کہا کہ سترہ غزوات میں۔ پھر پوچھا گیا کہ ان میں سے سب سے پہلے کون سا غزوہ ہوا؟ تو انھوں نے جواب دیا کہ غزوہ عشیر یا عسیرہ۔
2. اللہ تعالیٰ کا فرمان ”(یاد کرو کہ) جب تم اپنے رب سے فریاد کر رہے تھے .... سخت سزا دینے والا ہے“ (سورۃ الانفال: 9 ... 13)۔
حدیث نمبر: 1600
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ میں نے سیدنا مقداد بن اسود رضی اللہ عنہ کی ایک ایسی بات دیکھی کہ اگر وہ بات مجھے حاصل ہوتی تو میں اس مقابل میں کسی نیکی کو نہ سمجھتا، وہ مجھے سب سے زیادہ پسند ہوتی۔ (ہوا یہ کہ) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مشرکوں پر بددعا کر رہے تھے کہ اتنے میں مقداد رضی اللہ عنہ آن پہنچے اور عرض کی کہ یا رسول اللہ! ہم (کبھی بھی) اس طرح نہیں کہیں گے جیسا کہ موسیٰ علیہ السلام کی قوم نے ان سے کہا تھا تم اور تمہارا پروردگار جاؤ اور دشمنوں سے لڑو (سورۃ المائدہ: 24) بلکہ ہم تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی داہنی طرف سے اور بائیں طرف سے اور سامنے سے اور پیچھے کی طرف سے (دشمنوں کے مقابل) لڑیں گے۔ میں نے دیکھا کہ (یہ بات سن کر) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا چہرہ مبارک چمکنے لگا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم خوش ہو گئے۔
3. غزوہ بدر میں شریک مسلمانوں کی تعداد۔
حدیث نمبر: 1601
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا براء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ مجھ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب نے بیان کیا جو کہ بدر میں موجود تھے کہ ان کی تعداد اتنی ہی تھی جتنی طالوت (بادشاہ) کے ساتھ والوں کی تھی، جو ان کے ساتھ نہر پار کر گئے تھے اور وہ تین سو دس سے کچھ اوپر آدمی تھے۔ سیدنا براء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ اللہ کی قسم! سوائے مومن (لوگوں) کے کوئی ان کے ساتھ دریا پار نہ جا سکا۔ (دیکھئیے سورۃ البقرہ کی آیت: 249)
4. ابوجہل کے قتل کا بیان۔
حدیث نمبر: 1602
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے (بدر کے دن) فرمایا: کون ابوجہل کو دیکھ کر اس کی خبر لائے گا؟ تو سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہما چلے تو اسے (اس حال میں) پایا کہ عفراء کے دونوں بیٹوں نے اسے اتنا مارا ہے کہ وہ ٹھنڈا ہو رہا ہے، سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہما نے کہا کہ کیا تو ہی ابوجہل ہے؟ اور اس کی ڈاڑھی پکڑ لی تو اس نے کہا: بھلا مجھ سے بڑھ کر کون شخص ہے جسے تم نے قتل کیا یا یوں کہا کہ اس شخص سے بڑھ کر کون ہے جسے اس کی قوم نے قتل کیا ہو؟
حدیث نمبر: 1603
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بدر کے دن قریش کے چوبیس سرداروں کی لاشوں کو بدر کے کنوؤں میں سے ایک گندے اور ناپاک کنویں میں پھینکنے کا حکم دیا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب کسی قوم پر غلبہ پاتے تو تین راتیں اسی مقام پر ٹھہرے رہتے تھے پس جب بدر میں (رہتے ہوئے) تیسرا دن تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اونٹنی پر زین کسی گئی پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم چلے اور آپ کے پیچھے صحابہ رضی اللہ عنہم بھی چلے وہ سمجھے کہ شاید آپ صلی اللہ علیہ وسلم کسی کام سے جا رہے ہیں، یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کنویں کی منڈیر پر کھڑے ہوئے اور انھیں (کفار قریش کو) ان کے اپنے نام اور ان کے باپوں سے کے نام سے پکارنے لگے کہ اے فلاں کے بیٹے فلاں، اے فلاں! کے بیٹے فلاں! کیا اب تمہیں یہ اچھا معلوم ہوتا ہے کہ تم اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کر لیتے، پس بیشک ہم سے ہمارے رب نے جو وعدہ کیا تھا، ہم نے پا لیا، کیا تم سے بھی تمہارے رب نے جو وعدہ کیا تھا تم نے اسے سچا پایا؟ سیدنا ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ پھر سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ یا رسول اللہ! صلی اللہ علیہ وسلم آپ ان جسموں سے باتیں کرتے ہیں جن میں روح (موجود) نہیں ہے؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قسم اس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جان ہے! میں جو کچھ کہہ رہا ہوں اس کو تم ان (کافروں) سے زیادہ نہیں سن رہے۔
5. غزوہ بدر میں فرشتوں کا حاضر ہونا۔
حدیث نمبر: 1604
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا رفاعہ بن رافع زرقی رضی اللہ عنہ جو کہ جنگ بدر میں شریک تھے، کہتے ہیں کہ جبرائیل علیہ السلام نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور کہا کہ آپ بدر (لڑنے) والوں کو اپنے درمیان کیسا سمجھتے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سب مسلمانوں میں افضل (سمجھتا ہوں)۔ یا اسی طرح کی کوئی اور بات کہی تو جبرائیل علیہ السلام نے کہا کہ اسی طرح جو فرشتے جنگ بدر میں حاضر ہوئے تھے (وہ بھی تمام فرشتوں میں افضل ہیں)۔
حدیث نمبر: 1605
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوہ بدر کے دن فرمایا: یہ جبرائیل علیہ السلام اپنے گھوڑے کا سر تھامے ہوئے اور لڑائی کے ہتھیار لگائے ہوئے (آئے) ہیں۔
6. ((باب))
حدیث نمبر: 1606
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا مقداد بن عمرو کندی رضی اللہ عنہ جو کہ بنی زہرہ کے حلیف تھے اور غزوہ بدر میں بھی شریک تھے، کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا کہ آپ اس بارہ میں کیا کہتے ہیں کہ اگر میں (جنگ میں) ایک کافر سے ملوں اور ہم دونوں ایک دوسرے کو قتل کرنے کے درپے ہو جائیں، تو وہ (کافر) میرے ایک ہاتھ پر تلوار مارے اور اسے کاٹ ڈالے، پھر وہ ایک درخت کی پناہ لے کر کہے کہ میں اللہ تعالیٰ کا تابع فرمان (مسلمان) ہو گیا تو کیا میں اس کے یوں کہنے کے بعد اسے قتل کر ڈالوں؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نہیں اسے قتل نہ کرو۔ میں نے کہا کہ یا رسول اللہ! بیشک اس نے میرا ایک ہاتھ (بھی) کاٹ ڈالا اور کاٹنے کے بعد ایسا کہنے لگا (کہ مسلمان ہو گیا)۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نہیں اس کو قتل مت کرو ورنہ بیشک اسے وہ درجہ حاصل ہو جائے گا جو تجھے اس کے قتل کرنے سے پہلے حاصل تھا اور تیرا وہ حال ہو جائے گا جو اسلام کا کلمہ پڑھنے سے پہلے اس (کافر) کا حال تھا۔
حدیث نمبر: 1607
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا زبیر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں جنگ بدر کے دن عبیدہ بن سعید بن عاص سے ملا اور وہ ہتھیاروں میں اس طرح غرق تھا کہ اس کی صرف دونوں آنکھیں نظر آ رہی تھیں اور اس کی کنیت ابوذات الکرش تھی، پس اس نے کہا کہ میں ابوذات الکرش ہوں، میں نے اس پر اپنے نیزے سے حملہ کیا، اس کی آنکھ پر (نیزہ) مارا تو وہ مر گیا۔ (سیدنا زبیر رضی اللہ عنہ) کہتے ہیں کہ جب وہ مر گیا تو میں نے اپنا پاؤں اس کی لاش پر رکھا اور دونوں ہاتھ لمبے کر کے بہت مشکل سے وہ نیزہ اس کی آنکھ سے نکالا، اس کے دونوں کنارے ٹیڑھے ہو گئے تھے، پس یہ نیزہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے مانگا تو میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیدیا، پھر جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہو گئی تو میں نے (پھر) لے لیا۔ پھر سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے مجھ سے وہ نیزہ مانگا تو میں نے انھیں دے دیا۔ پھر جب سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کی وفات ہو گئی تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے مانگا، میں نے انھیں دے دیا پھر سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کی شہادت واقع ہوئی تو میں نے لے لیا۔ پھر سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے مانگا تو میں نے انھیں دے دیا۔ پھر جب سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ شہید کیے گئے تو وہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ (اور ان) کی اولاد کے پاس رہا۔ آخر میں سیدنا عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ نے ان سے مانگ لیا اور وہ ان کے پاس رہا یہاں تک کہ وہ شہید ہو گئے۔
حدیث نمبر: 1608
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدہ ربیع بنت معوذ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم میری شادی سے اگلے روز (یعنی عروسی کے روز) صبح میرے پاس تشریف لائے، کچھ لڑکیاں اس وقت دف بجا رہی تھیں اور بدر کے دن ان کے جو بزرگ مارے گئے ان کی تعریفیں کر رہی تھیں۔ ایک لڑکی ان میں سے یہ کہنے لگی کہ ہم میں ایک نبی ( صلی اللہ علیہ وسلم ) ہے جو جانتا ہے کہ کل کیا ہو گا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس طرح مت کہو اور پہلے جو کہہ رہی تھی وہی کہو۔

1    2    3    4    5    Next    

http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.