عبداللہ بن زید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے پاس تشریف لائے تو ہم نے ایک پیتل کے پیالے میں آپ کے لیے پانی نکالا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو کیا۔
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث سنن ابي داود 100
فوائد و مسائل: چونکہ پیتل اور کانسی کے برتنوں میں سونے کی سی رنگت ہوتی ہے اس لیے امام صاحب رحمہ اللہ نے اس شبہے کو زائل کرنے کے لیے یہ روایات پیش فرمائی ہیں، البتہ خالص سونے، چاندی یا ان سے ملمع شدہ برتن استعمال کرنا جائز نہیں ہیں۔ صرف ٹانکے کی حد تک جائز ہے۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 100
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث471
´پیتل کے برتن سے وضو کرنے کا بیان۔` صحابی رسول عبداللہ بن زید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے پاس تشریف لائے تو ہم نے پیتل کے ایک چھوٹے برتن میں پانی حاضر کیا جس سے آپ نے وضو کیا۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الطهارة وسننها/حدیث: 471]
اردو حاشہ: (1) اس سے معلوم ہوا کہ پیتل کے برتن بنانا اور کھانے پینے میں ان کا استعمال جائز ہے۔
(2) پیتل کی انگوٹھی یا کوئی اور زیور پہننے سے پرہیزکرنا چاہیے کیونکہ نبیﷺ نے پیتل کی انگوٹھی پہننے والے سے فرمایا: کیا وجہ ہے کہ مجھے تم سے بتوں کی بو آرہی ہے؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ (جامع الترمذي، اللباس، باب ماجاء في خاتم الحديد، حديث: 1757، وسنن ابي داؤد، الخاتم، باب ماجاء في خاتم الحديد، حديث: 4223، وسنن النسائي، الزينة، باب مقدار ما يجعل في الخاتم من الفضة، حديث: 5197) شيخ عبدالقادر ارناؤوط نے اس حدیث کو حسن قراردیا ہے (حاشیة جامع الأصول: 4؍714)
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 471