الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔

 
صحيح البخاري کل احادیث 7563 :حدیث نمبر
صحيح البخاري
کتاب: نماز کے احکام و مسائل
The Book of As-Salat (The Prayer)
63. بَابُ التَّعَاوُنِ فِي بِنَاءِ الْمَسْجِدِ:
63. باب: مسجد بنانے میں مدد کرنا (یعنی اپنی جان و مال سے حصہ لینا کار ثواب ہے)۔
(63) Chapter. To co-operate in building a mosque.
حدیث نمبر: Q447
پی ڈی ایف بنائیں اعراب English
ما كان للمشركين ان يعمروا مساجد الله شاهدين على انفسهم بالكفر اولئك حبطت اعمالهم وفي النار هم خالدون {17} إنما يعمر مساجد الله من آمن بالله واليوم الآخر واقام الصلاة وآتى الزكاة ولم يخش إلا الله فعسى اولئك ان يكونوا من المهتدين {18} سورة التوبة آية 17-18مَا كَانَ لِلْمُشْرِكِينَ أَنْ يَعْمُرُوا مَسَاجِدَ اللَّهِ شَاهِدِينَ عَلَى أَنْفُسِهِمْ بِالْكُفْرِ أُولَئِكَ حَبِطَتْ أَعْمَالُهُمْ وَفِي النَّارِ هُمْ خَالِدُونَ {17} إِنَّمَا يَعْمُرُ مَسَاجِدَ اللَّهِ مَنْ آمَنَ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الآخِرِ وَأَقَامَ الصَّلاةَ وَآتَى الزَّكَاةَ وَلَمْ يَخْشَ إِلا اللَّهَ فَعَسَى أُولَئِكَ أَنْ يَكُونُوا مِنَ الْمُهْتَدِينَ {18} سورة التوبة آية 17-18
‏‏‏‏ اور اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے۔ مشرکین کے لیے لائق نہیں کہ اللہ تعالیٰ کی مسجدوں کی تعمیر میں حصہ لیں الآیہ۔

حدیث نمبر: 447
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب English
(مرفوع) حدثنا مسدد، قال: حدثنا عبد العزيز بن مختار، قال: حدثنا خالد الحذاء، عن عكرمة، قال لي ابن عباس ولابنه علي: انطلقا إلى ابي سعيد فاسمعا من حديثه، فانطلقنا فإذا هو في حائط يصلحه فاخذ رداءه فاحتبى، ثم انشا يحدثنا حتى اتى ذكر بناء المسجد، فقال: كنا نحمل لبنة لبنة، وعمار لبنتين لبنتين فرآه النبي صلى الله عليه وسلم فينفض التراب عنه، ويقول:" ويح عمار تقتله الفئة الباغية، يدعوهم إلى الجنة ويدعونه إلى النار"، قال: يقول عمار: اعوذ بالله من الفتن.(مرفوع) حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ، قَالَ: حَدَّثَنَا عَبْدُ الْعَزِيزِ بْنُ مُخْتَارٍ، قَالَ: حَدَّثَنَا خَالِدٌ الْحَذَّاءُ، عَنْ عِكْرِمَةَ، قَالَ لِي ابْنُ عَبَّاسٍ وَلِابْنِهِ عَلِيٍّ: انْطَلِقَا إِلَى أَبِي سَعِيدٍ فَاسْمَعَا مِنْ حَدِيثِهِ، فَانْطَلَقْنَا فَإِذَا هُوَ فِي حَائِطٍ يُصْلِحُهُ فَأَخَذَ رِدَاءَهُ فَاحْتَبَى، ثُمَّ أَنْشَأَ يُحَدِّثُنَا حَتَّى أَتَى ذِكْرُ بِنَاءِ الْمَسْجِدِ، فَقَالَ: كُنَّا نَحْمِلُ لَبِنَةً لَبِنَةً، وَعَمَّارٌ لَبِنَتَيْنِ لَبِنَتَيْنِ فرآه النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَيَنْفُضُ التُّرَابَ عَنْهُ، وَيَقُولُ:" وَيْحَ عَمَّارٍ تَقْتُلُهُ الْفِئَةُ الْبَاغِيَةُ، يَدْعُوهُمْ إِلَى الْجَنَّةِ وَيَدْعُونَهُ إِلَى النَّارِ"، قَالَ: يَقُولُ عَمَّارٌ: أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الْفِتَنِ.
ہم سے مسدد نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے عبدالعزیز بن مختار نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے خالد حذاء نے عکرمہ سے، انہوں نے بیان کیا کہ مجھ سے اور اپنے صاحبزادے علی سے ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا کہ ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کی خدمت میں جاؤ اور ان کی احادیث سنو۔ ہم گئے۔ دیکھا کہ ابوسعید رضی اللہ عنہ اپنے باغ کو درست کر رہے تھے۔ ہم کو دیکھ کر آپ نے اپنی چادر سنبھالی اور گوٹ مار کر بیٹھ گئے۔ پھر ہم سے حدیث بیان کرنے لگے۔ جب مسجد نبوی کے بنانے کا ذکر آیا تو آپ نے بتایا کہ ہم تو (مسجد کے بنانے میں حصہ لیتے وقت) ایک ایک اینٹ اٹھاتے۔ لیکن عمار دو دو اینٹیں اٹھا رہے تھے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں دیکھا تو ان کے بدن سے مٹی جھاڑنے لگے اور فرمایا، افسوس! عمار کو ایک باغی جماعت قتل کرے گی۔ جسے عمار جنت کی دعوت دیں گے اور وہ جماعت عمار کو جہنم کی دعوت دے رہی ہو گی۔ ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ عمار رضی اللہ عنہ کہتے تھے کہ میں فتنوں سے اللہ کی پناہ مانگتا ہوں۔

Narrated `Ikrima: Ibn `Abbas said to me and to his son `Ali, "Go to Abu Sa`id and listen to what he narrates." So we went and found him in a garden looking after it. He picked up his Rida', wore it and sat down and started narrating till the topic of the construction of the mosque reached. He said, "We were carrying one adobe at a time while `Ammar was carrying two. The Prophet saw him and started removing the dust from his body and said, "May Allah be Merciful to `Ammar. He will be inviting them (i.e. his murderers, the rebellious group) to Paradise and they will invite him to Hell-fire." `Ammar said, "I seek refuge with Allah from affliction."
USC-MSA web (English) Reference: Volume 1, Book 8, Number 438


   صحيح البخاري447سعد بن مالكويح عمار تقتله الفئة الباغية يدعوهم إلى الجنة ويدعونه إلى النار
   صحيح البخاري2812سعد بن مالكويح عمار تقتله الفئة الباغية عمار يدعوهم إلى الله ويدعونه إلى النار
   المعجم الصغير للطبراني775سعد بن مالك تقتل عمارا الفئة الباغية

تخریج الحدیث کے تحت حدیث کے فوائد و مسائل
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:447  
447. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے اپنے شاگرد عکرمہ اور اپنے لخت جگر علی سے کہا: تم دونوں حضرت ابوسعید خدری ؓ کے پاس جاؤ اور ان سے احادیث سنو، چنانچہ وہ دونوں گئے تو دیکھا کہ وہ ایک باغ میں ہیں اور اسے درست کر رہے ہیں۔ انھوں نے اپنی چادر لی اور اسے کمر سے گھٹنوں تک لپیٹ کر بیٹھ گئے اور احادیث سنانے لگے حتی کہ مسجد نبوی کی تعمیر کا ذکر آیا تو فرمایا: ہم ایک ایک اینٹ اٹھاتے تھے جبکہ حضرت عمار ؓ دو، دو اینٹیں اٹھا کر لا رہے تھے۔ نبی ﷺ نے جب حضرت عمار ؓ کو دیکھا تو ان کے جسم سے مٹی جھاڑتے ہوئے فرمانے لگے: عمار کی حالت قابل رحم ہے، انھیں ایک باغی گروہ قتل کرے گا۔ یہ انھیں جنت کی دعوت دیں گے اور وہ انھیں جہنم کی طرف بلائیں گے۔ حضرت ابوسعید خدری ؓ نے کہا:حضرت عمار ؓ (یہ سن کر اکثر) کہا کرتے تھے: میں فتنوں سے اللہ کی پناہ مانگتا ہوں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:447]
حدیث حاشیہ:

رسول اللہ ﷺ نے مسجدنبوی کی تعمیر کے وقت مسجد کے قریب ہی کچی اینٹیں تیار کرائی تھی، وہ اتنی وزنی تھیں کہ بمشکل ایک آدمی ایک اینٹ ہی اٹھاسکتا تھا۔
رسول اللہ ﷺ بھی دیگر صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کے ساتھ اینٹیں اٹھارہے تھے۔
صحابہ رضوان اللہ عنھم اجمعین نے عر ض کیا کہ آپ تکلیف نہ کریں، یہ کام کرنے کے لیے ہم کافی ہیں، چنانچہ حضرت عمار ؓ دو، دواینٹیں اٹھا کر لارہے تھے۔
رسول اللہ ﷺ نے پوچھا کہ تم دو، دواینٹیں کیوں اٹھارہے ہو؟انھوں نےجواب دیا کہ ایک اینٹ اپنے حصے کی اور دوسری آپ کے حصے کی لارہوں ہوں۔
جیسا کہ حافظ ا بن حجر ؒ نے جامع معمر کے حوالے سے لکھاہے۔
(فتح الباري: 701/1)
مزید برآں حضرت عمار ؓ کا یہ جواب بھی روایت میں منقول ہے کہ میں اللہ تعالیٰ سے زیادہ ثواب لینے کے لیے یہ مشقت برداشت کررہاہوں، جیسا کہ حافظ ابن حجر ؒ نے مستخرج ابی نعیم کے حوالے سے لکھاہے۔
(فتح الباري: 702/1)
اس پر رسول اللہ ﷺ نے مسرت ورنج کے ملے جلے جذبات کے ساتھ فرمایا:
عمار کی شہادت ایک باغی گروہ کے ہاتھوں سے ہوگی۔
اس جملے کی وضاحت ہم آئندہ کریں گے، تاہم اس حدیث سے امام بخاری ؒ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ مساجد کی تعمیر مسلمانوں کوخود کرنی چاہیے اور اس کی تعمیر میں پتھر اٹھا اٹھا کرمدد ینا اتنا ثواب کا کام ہے جس کا کوئی اندازہ نہیں کیاجاسکتا۔

معلوم ہوتا ہے کہ شرح بخاری لکھتے وقت حافظ ابن حجر کے سامنے بخاری کا وہ نسخۃ تھا جس میں حضرت عمار ؓ کے متعلق یہ جملہ حذف تھا کہ تجھے باغی گروہ قتل کرے گا۔
یہی وجہ ہے کہ انھیں اس کے متعلق مستقل نوٹ لکھنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔
وہ فائدے کا عنوان دے کر لکھتے ہیں کہ قتل عمار والے جملے کی حدیث کو صحابہ کی ایک جماعت نے بیان کیا ہے۔
صحیح مسلم میں حضرت قتادہ بن نعمان ؓ اورحضرت ام سلمہ ؓ نے بیان کا ہے۔
پھر جامع ترمذی میں حضرت ابوہریرہ ؓ نے اور حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاص ؓ نےسنن نسائی میں بیان کیا ہے۔
حضرت عثمان بن عفان ؓ، حضرت حذیفہ ؓ، حضرت ابورافع رضی اللہ تعالیٰ عنہ،اورحضرت خذیمہ بن ثابت ؓ، حضرت امیر معاویہ ؓ، حضرت عمرو بن العاص ؓ، حضرت ابوالیسر ؓ اور خود حضرت عمار ؓ نے اس جملے کو بیان کیا ہے، جسے امام طبرانی ؒ نے نقل کیا ہے، ان میں سے اکثر طرق صحیح یا حسن درجے کے ہیں۔
اور اس حدیث میں ایک پیش گوئی کا ذکر ہے جو اعلام نبوت سے تعلق رکھتی ہے جس کا ظہور رسول اللہ ﷺ کے ارشاد کے مطابق ہو، نیز اس حدیث میں حضرت علی ؓ اور حضرت عمار ؓ کی واضح فضیلت کا ذکر ہے اور نواصب کا رد ہے جو کہتے ہیں کہ حضرت علی ؓ اپنی جنگی اور عسکری کارروائیوں میں حق پر نہیں تھے۔
(فتح الباري: 702/1)

اس حدیث کے پیش نظر بعض اہل علم حضرت معاویہ ؓ اور ان کے ساتھیوں کوباغی کہتے ہیں۔
اس سلسلے میں امام ابن تیمیہ ؒ نے اپنی تالیفمنہاج السنہ میں فیصلہ کن بحث کی ہے۔
ہم اس کا خلاصہ پیش کرتے ہیں، حضرت علی ؓ کا خیال تھا کہ حضرت معاویہ ؓ پر خلیفہ کی اطاعت اور بیعت لازم ہے، کیونکہ مسلمانوں کا ایک ہی خلیفہ ہوسکتا ہے اور یہ لوگ خلیفہ کی اطاعت سےباہر ہیں اور بیعت سے توقف کرکے ایک امرواجب سے گریز کررہے ہیں، پھر ان کا کچھ اثر ورسوخ بھی ہے۔
اس بنا پر ان سے لڑنا ضروری ہے تاآنکہ اطاعت قبول کرلیں اور مسلمانوں کی جماعت میں شامل ہوجائیں، جبکہ امیر معاویہ کے فریق کا یہ خیال تھا کہ ہم پر ان کی اطاعت وبیعت واجب نہیں۔
اگر اسی بنیاد پر ہم سے جنگ کی گئی تو ہم مظلوم ہوں گے کیونکہ باتفاق اہل اسلام حضرت عثمان کو ظلم وعدوان سے شہید کیاگیا ہے اور قاتلین عثمان حضرت علی کے کیمپ میں موجود ہیں۔
اور وہ ان میں اپنا اثرورسوخ بھی رکھتے ہیں۔
اگرہم اس خلیفے کی اطاعت میں آجائیں تو قاتلین عثمان ؓ ہم پر ظلم وستم کریں گے، حضرت علی انھیں روک نہیں سکیں گے۔
جیسا کہ حضرت عثمان کا دفاع نہیں کرسکے۔
ہم پر اس خلیفے کی بیعت لازم ہے جو ہمارے ساتھ انصاف کرسکے۔
اگرگروہ بندی میں شامل ہونے والوں میں کچھ جاہل قسم کے لوگ بھی موجود تھے، جوحضرت علی ؓ اور حضرت عثمان ؓ کے متعلق برے خیالات رکھتے تھے، حالانکہ دونوں بزرگوں کا ان سے دور کا بھی تعلق نہ تھا۔
ان میں سے بعض لوگوں کا خیال تھا کہ حضر ت علی ؓ نے حضرت عثمان ؓ کے قتل کا حکم دیا۔
حضرت علی کہتے تھے کہ میں نہ قتل کیااور نہ ان کے قتل پر راضی ہی تھا اور نہ میں نےقاتلین کے ساتھ کوئی تعاون ہی کیا۔
حضرت علی ؓ اس بیان میں حق بجانب تھے مگر حضرت علی ؓ کے بعض حامی اور مخالف اس پروپیگنڈے میں شریک تھے۔
آپ کے حامی تو حضرت عثمان ؓ پر طعن کرتے کہ واقعی حضرت عثمان ؓ قتل ہی کے حقدار تھے اور حضرت علی ؓ نےجائز طور پر ان کے قتل کا حکم دیا تھا جبکہ مخالفین کا مقصد یہ تھا کہ ایسی باتین پھیلاکر حضرت علی ؓ پر کیچڑ اچھالاجائے کہ انھوں نے مظلوم خلیفے کو قتل کرنے پر تعاون کیا ہے۔
ایسے انسان کی اطاعت کس بنیاد پر کی جائے؟حدیث میں ہے کہ حضرت عمار ؓ کو ایک باغی جماعت قتل کرے گی۔
اس کے متعلق اہل علم میں اختلاف ہے۔
بعض نے اس حدیث پر جرح کی ہے مگریہ درست نہیں، کیونکہ یہ حدیث صحیح مسلم اور صحیح بخاری کے بعض نسخوں میں موجود ہے جبکہ بعض حضرات یہ تاویل کرتے ہیں کہ باغیہ کے معنی حضرت عثمان ؓ کا بدلہ طلب کرنے والی جماعت ہیں۔
یہ تاویل بھی غلط ہے۔
رسول اللہ ﷺ کے ارشاد سے بظاہر جو معلوم ہورہا ہے وہ مبنی برحقیقت ہے، البتہ حضرت عمار کو باغیہ جماعت کے قتل کرنے سے اس جماعت کا کفر یانفاق لازم نہیں آتا، جیساکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿ وَإِن طَائِفَتَانِ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ اقْتَتَلُوا فَأَصْلِحُوا بَيْنَهُمَا ۖ فَإِن بَغَتْ إِحْدَاهُمَا عَلَى الْأُخْرَىٰ فَقَاتِلُوا الَّتِي تَبْغِي حَتَّىٰ تَفِيءَ إِلَىٰ أَمْرِ اللَّـهِ ۚ فَإِن فَاءَتْ فَأَصْلِحُوا بَيْنَهُمَا بِالْعَدْلِ وَأَقْسِطُوا ۖ إِنَّ اللَّـهَ يُحِبُّ الْمُقْسِطِينَ ﴿٩﴾ إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ إِخْوَةٌ فَأَصْلِحُوا بَيْنَ أَخَوَيْكُمْ ۚ وَاتَّقُوا اللَّـهَ لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُونَ ﴾ اگرمومنوں کے دوگروہ آپس میں لڑ پڑیں تو ان کے درمیان صلح کرادو پھر ان میں سے کوئی فریق دوسرے پر زیادتی کرے توزیادتی کرنے والے سے لڑو آنکھ وہ اللہ کے حکم کی طرف لوٹ آئے۔
پھر اگر وہ لوٹ آئےتو ان کے درمیان انصاف سےصلح کرادو کیونکہ اللہ عدل کرنے والوں کو پسند کرتاہے۔
مومن تو سب آپس میں بھائی بھائی ہیں، لہذااپنے بھائیوں کے درمیان صلح کرادیاکرو۔
(الحجرات: 9/49)
اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے انھیں افتتال اوربغی کے باوجود اہل ایمان قراردیا ہے بلکہ باغی گروہ کے ساتھ لڑائی کے حکم کے باوجود انھیں مومن گردانا ہے، لہذا بَغی، ظلم اور تعدی تو عوام الناس کو بھی ایمان سے خارج نہیں کرتے اور نہ ان کو لعنت کے سزا وار قراردیتے ہیں، اگر خیر القرون میں سے کوئی یہ کام کر بیٹھے تواسے ایمان سے کیوں کر خارج کیا جاسکتا ہے؟دراصل باغی، ظالم، تعدی کرنے والا اور کسی گناہ کا مرتکب دوطرح کا ہوتا ہے متأول اور غیر متأول۔
متأول مجتہد سے مراد وہ ماہریں علم ودین ہیں جو دینی معاملات میں اجتہاد کرتے ہیں۔
کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ ایک عالم کسی چیز کی حلت کا قائل ہے تو دوسرا اس کی حرمت کا موید ہوتا ہے، جیساکہ اشربہ، سود کی بعض اقسام، عقد حلالہ اور نکاح متعہ جیسے مسائل میں ایسا ہوا ہے۔
اس قسم کے اختلافات سلف میں بھی پائے جاتے ہیں۔
یہ متأول مجتہد ہیں۔
ان میں سے ایک فریق خطا پرہوتاہے اورخطا اللہ تعالیٰ معاف کردیتا ہے۔
ہاں صحیح فیصلے کے علم کے باوجود غلط فیصلہ کرنا ظلم ہوگا اور اس پر اصرار فسق، بلکہ تحریم کے علم کے بعد اسے حلال قراردینا کفر ہوگا۔
بغی کو بھی اسی اصول پر جانچنا چاہیے، چنانچہ باغی اگرمجتہد اور متاول ہے یعنی اسے یہ معلوم نہیں کہ میں باغی ہوں بلکہ وہ ا پنے برحق ہونے کا اعتقاد رکھتا ہے تو ا س کے حق میںباغی کا اطلاق اسے بغاوت کے گناہ کا سزاوار نہیں بناتا۔
جولوگ متأول باغیوں کے قتال کے قائل ہیں وہ بھی ان کے عدوان ظلم کو دور کرنے کے لیے ان سے لڑائی کے قائل ہیں، انھیں سزادینے کے طور پر نہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ یہ لوگ عادل ہیں، فاسق نہیں۔
جس طرح بچے، مجنون بھولنے، والے بے ہوش اور سونے والے کو نقصان کرنے سے روکاجاتاہے، اسی طرح انھیں بھی روکا جائے گا۔
اگربغاوت بلاتاویل ہے تو بھی وہ ایک گناہ ہی ہے اور گناہ کی سزا، توبہ، حسنات اور مصائب وآلام وغیرہ اسباب سے زائل ہوسکتی ہے، نیز اس حدیث میں یہ صراحت نہیں کہ فئۃ باغیہ سے مراد ضرورحضرت معاویہ ؓ اور ان کے ساتھی ہی ہیں۔
ممکن ہے کہ اسے مراد وہ خاص گروہ ہو جنھوں نے حضرت عمارؓ پر حملہ کیا اور انھیں شہید کیا اور وہ حضرت معاویہ ؓ کے لشکر میں ایک طائفہ تھا حضرت عمار ؓ کے قتل پر راضی ہونے والے بھی اسی فہرست میں شامل ہوں گے، کیونکہ ان کے لشکر میں ایسے لوگ موجود تھے۔
البتہ وہ افراد جو قتل عمار پر راضی نہیں تھے، وہ اس وعید میں شامل نہیں ہوں گے۔
جیسا کہ حضرت عبداللہ بن عمر ؓ بھی اسے نہ اچھا سمجھتے تھے۔
حضرت معاویہ ؓ سے بھی یہ مروی ہے کہ انھوں نے اس حدیث کی تاویل کرتے ہوئے فرمایا کہ حضرت عمار ؓ کا قاتل وہی ہے جو اسے میدان جنگ میں لایا۔
حضرت علی ؓ نے اس تاویل کا یہ جواب دیا کہ پھر تو حضرت حمزہ ؓ کو بھی ہم نے ہی قتل کیا ہوگا، کیونکہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ خود کو قاتل عمار نہیں سمجھتے تھے، اس طرح وہ خود کو باغی بھی نہیں خیال کرتے تھے۔
اس لیے جس شخص کی ظاہر ی حالت کی بنا پر باغی سمجھا جاسکتا ہو، لیکن وہ اپنے آپ کو باغی نہ سمجھے تو اسے متأول مخطی کے درجے میں سمجھنا چاہیے۔

اس حدیث میں ہے کہ حضر ت عمار ؓ انھیں جنت کی دعوت دیتے تھے جبکہ وہ انھیں جہنم کی طرف بلارہے تھے۔
اس میں ایک اشکال ہے کہ حضرت عمار ؓ جن صفین میں شہید ہوئے جبکہ وہ حضرت علی ؓ کے ساتھ تھے اور انھیں قتل کرنے والے حضرت معاویہ ؓ کے کیمپ میں تھے اور ان میں بعض صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین بھی تھے۔
ایسے حالات میں یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ وہ انھیں جہنم کی دعوت دیتے تھے؟حافظ ابن حجر ؒ نے اس کا جواب دیا ہے کہ وہ اپنے گمان کے مطابق لوگوں کو جنت کی دعوت دیتے تھے، چونکہ معاملہ اجتہادی ہے اس لیے وہ اپنے ظنون کے اتباع میں قابل ملامت نہیں۔
جنت کی دعوت دینے سے مراد دخول جنت کے اسباب کی دعوت دینا ہے اور وہ امام کی اطاعت وبیعت ہے۔
حضرت عمار ؓ لوگوں کو اطاعت امام، یعنی حضرت علی ؓ کی طرف دعوت دیتے تھے جو اس وقت واجب التعمیل تھی اور ان کے مخالفین اپنے اجتہاد کی وجہ سے اس کے خلاف کی دعوت دیتے تھے۔
لیکن انھیں اپنی تاویل واجتہاد کی بناپر معذور خیال کیا جائے گا۔
(فتح الباري: 701/1)

بعض حضرات کا خیال ہے کہ حضرت معاویہ ؓ کی جماعت پراسے باغی گروہ قتل کے گا تو صادق آتا ہے اور ان کے ہاں اس کی توجیہ یہ ہےکہ فعل ان حضرات سے خطائے اجتہادی کے طور پر صادرہوا لیکن آگے جو فرمایا کہوہ انھیں جنت کی دعوت دیتے تھے اور وہ اسے آگ کی طرف بلاتے تھےاس کاتعلق حضرت معاویہ ؓ اور ان کی جماعت سے نہیں بلکہ یہ جملہ مستانفہ ہے۔
اس میں ایک دوسری بات بیان کی گئی ہے کہ ان کا معاملہ مشرکین مکہ کے ساتھ بھی بڑا قابل رحم رہا، ان پر مصیبتوں کے پہاڑ توڑے جارہے تھے، والدہ تک شہید کردی گئیں، جبکہ عمار ؓ ان مشرکین کو جنت کی طرف دعوت دیتے تھے اور مشرکین قریش انھیں جہنم کی طرف بلاتے تھے، لیکن حافظ ابن حجر ؒ اس توجیہ سے مطمئن نہیں، کیونکہ الفاظ حدیث اس توجیہ کا ساتھ نہیں دیتے بلکہ اس سے مراد حضر عمار ؓ کے قاتلین اہل شام ہیں۔
(فتح الباري: 702/1)
واللہ أعلم۔

حضرت امام احمد بن حنبل ؒ مشاجرات صحابہ کے سلسلے میں بڑے حساس تھے۔
ان سے ایک د فعہ سوال ہو ا کہ آپ حضرت علی ؓ اور حضرت معاویہ ؓ کے متعلق کیاکہتے ہیں؟ تو انھوں نے فرمایا:
ان کے متعلق اچھی بات کہتا ہوں۔
اللہ تعالیٰ ان سب پر رحم کرے۔
(السنة للخلال حدیث 460)
بلکہ علامہ ذہبی ؒ نے نقل فرمایا ہے کہ وہ حضرت عمار ؓ کے متعلق مشہور حدیثانھیں ایک باغی گروہ قتل کرے گا۔
کےمتعلق بحث وتکرار ہی کو ناپسند کرتے تھے، یعنی اس حدیث کو بیان تو کرتے لیکن اس پر مزید بات کرنے کو ناپسند خیال کرتے تھے۔
(السیر: 421/1)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث\صفحہ نمبر: 447   

http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.