الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔

 
صحيح البخاري کل احادیث 7563 :حدیث نمبر
صحيح البخاري
کتاب: تہجد کا بیان
The Book of Salat-Ut-Tahajjud (Night Prayer)
14. بَابُ الدُّعَاءِ وَالصَّلاَةِ مِنْ آخِرِ اللَّيْلِ:
14. باب: آخر رات میں دعا اور نماز کا بیان۔
(14) Chapter. Offering Salat (prayer) and invoking Allah in the last hours of the night.
حدیث نمبر: Q1145
پی ڈی ایف بنائیں اعراب English
وقال الله عز وجل: كانوا قليلا من الليل ما يهجعون سورة الذاريات آية 17 اي ما ينامون وبالاسحار هم يستغفرون.وَقَالَ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ: كَانُوا قَلِيلا مِنَ اللَّيْلِ مَا يَهْجَعُونَ سورة الذاريات آية 17 أَيْ مَا يَنَامُونَ وَبِالْأَسْحَارِ هُمْ يَسْتَغْفِرُونَ.
اور اللہ تعالیٰ نے (سورۃ والذاریات میں) فرمایا کہ رات میں وہ بہت کم سوتے اور سحر کے وقت استغفار کرتے تھے۔ «هجوع» کے معنی سونا۔

حدیث نمبر: 1145
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب English
(قدسي) حدثنا عبد الله بن مسلمة , عن مالك , عن ابن شهاب , عن ابي سلمة , وابي عبد الله الاغر , عن ابي هريرة رضي الله عنه ان رسول الله صلى الله عليه وسلم قال:" ينزل ربنا تبارك وتعالى كل ليلة إلى السماء الدنيا حين يبقى ثلث الليل الآخر , يقول: من يدعوني فاستجيب له من يسالني فاعطيه من يستغفرني فاغفر له".(قدسي) حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مَسْلَمَةَ , عَنْ مَالِكٍ , عَنْ ابْنِ شِهَابٍ , عَنْ أَبِي سَلَمَةَ , وَأَبِي عَبْدِ اللَّهِ الْأَغَرِّ , عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:" يَنْزِلُ رَبُّنَا تَبَارَكَ وَتَعَالَى كُلَّ لَيْلَةٍ إِلَى السَّمَاءِ الدُّنْيَا حِينَ يَبْقَى ثُلُثُ اللَّيْلِ الْآخِرُ , يَقُولُ: مَنْ يَدْعُونِي فَأَسْتَجِيبَ لَهُ مَنْ يَسْأَلُنِي فَأُعْطِيَهُ مَنْ يَسْتَغْفِرُنِي فَأَغْفِرَ لَهُ".
ہم سے عبداللہ بن مسلمہ قعنبی نے بیان کیا، ان سے امام مالک رحمہ اللہ نے، ان نے ابن شہاب نے، ان سے ابوسلمہ عبدالرحمٰن اور ابوعبداللہ اغر نے اور ان دونوں حضرات سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہمارا پروردگار بلند برکت والا ہے ہر رات کو اس وقت آسمان دنیا پر آتا ہے جب رات کا آخری تہائی حصہ رہ جاتا ہے۔ وہ کہتا ہے کوئی مجھ سے دعا کرنے والا ہے کہ میں اس کی دعا قبول کروں، کوئی مجھ سے مانگنے والا ہے کہ میں اسے دوں کوئی مجھ سے بخشش طلب کرنے والا ہے کہ میں اس کو بخش دوں۔

Narrated Abu Huraira: Allah's Apostle (p.b.u.h) said, "Our Lord, the Blessed, the Superior, comes every night down on the nearest Heaven to us when the last third of the night remains, saying: "Is there anyone to invoke Me, so that I may respond to invocation? Is there anyone to ask Me, so that I may grant him his request? Is there anyone seeking My forgiveness, so that I may forgive him?"
USC-MSA web (English) Reference: Volume 2, Book 21, Number 246


   صحيح البخاري6321عبد الرحمن بن صخرمن يدعوني فأستجيب له من يسألني فأعطيه من يستغفرني فأغفر له
   صحيح البخاري7494عبد الرحمن بن صخرمن يدعوني فأستجيب له من يسألني فأعطيه من يستغفرني فأغفر له
   صحيح البخاري1145عبد الرحمن بن صخرمن يدعوني فأستجيب له من يسألني فأعطيه من يستغفرني فأغفر له
   صحيح مسلم1773عبد الرحمن بن صخرمن ذا الذي يدعوني فأستجيب له من ذا الذي يسألني فأعطيه من ذا الذي يستغفرني فأغفر له فلا يزال كذلك حتى يضيء الفجر
   صحيح مسلم1774عبد الرحمن بن صخرهل من سائل يعطى هل من داع يستجاب له هل من مستغفر يغفر له حتى ينفجر الصبح
   صحيح مسلم1775عبد الرحمن بن صخرمن يدعوني فأستجيب له يسألني فأعطيه
   صحيح مسلم1772عبد الرحمن بن صخرمن يدعوني فأستجيب له من يسألني فأعطيه من يستغفرني فأغفر له
   جامع الترمذي446عبد الرحمن بن صخرمن ذا الذي يدعوني فأستجيب له من ذا الذي يسألني فأعطيه من ذا الذي يستغفرني فأغفر له فلا يزال كذلك حتى يضيء الفجر
   جامع الترمذي3498عبد الرحمن بن صخرمن يدعوني فأستجيب له من يسألني فأعطيه من يستغفرني فأغفر له
   سنن أبي داود1315عبد الرحمن بن صخرمن يدعوني فأستجيب له من يسألني فأعطيه من يستغفرني فأغفر له
   سنن أبي داود4733عبد الرحمن بن صخرمن يدعوني فأستجيب له من يسألني فأعطيه من يستغفرني فأغفر له
   سنن ابن ماجه1366عبد الرحمن بن صخرمن يسألني فأعطيه من يدعوني فأستجيب له من يستغفرني فأغفر له حتى يطلع الفجر لذلك كانوا يستحبون صلاة آخر الليل على أوله
   موطا امام مالك رواية ابن القاسم8عبد الرحمن بن صخرمن يدعوني فاستجيب له، ومن يسالني فاعطيه، ومن يستغفرني فاغفر له

تخریج الحدیث کے تحت حدیث کے فوائد و مسائل
  حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث موطا امام مالك رواية ابن القاسم 8  
´اللہ تعالیٰ اپنی ذات کے لحاظ سے اپنے عرش پر مستوی ہے `
«. . . ان رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: ينزل ربنا تبارك وتعالى كل ليلة إلى السماء الدنيا حين يبقى ثلث الليل الآخر، فيقول: من يدعوني فاستجيب له، ومن يسالني فاعطيه، ومن يستغفرني فاغفر له . . .»
. . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہمارا رب تبارک و تعالیٰ ہر رات کے آخری پہر میں آسمان دینا پر نازل ہوتا ہے اور فرماتا ہے: کون ہے جو مجھ سے دعا مانگے تاکہ میں اس کی دعا قبول کروں؟ کون ہے جو مجھ سے دعا مانگے تاکہ میں اسے دے دوں؟ کون ہے جو مجھ سے گناہ معاف کروائے تاکہ میں اس کے گناہ معاف کر دوں؟ . . . [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 8]

تخریج الحدیث:
[وأخرجه البخاري 1145، ومسلم 758، من حديث ما لك به . و من رواية يحيي وجاء فى الأصل «يَدْعُنِيْ» ]

تفقه:
➊ یہ حدیث متواتر ہے۔ دیکھئے: [التمهيد 128/7، اور نظم المتناثر 206]
➋ اس پر ایمان لانا فرض ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر رات کے آخری پہر میں آسمان دنیا پر نازل ہوتا ہے جیسا کہ اس کی شان کے لائق ہے۔ اس سے صرف رحمت کا نزول مراد لینا اور نزول باری تعالیٰ کی تاویل کرنا باطل ہے۔
➌ اللہ تعالیٰ اپنی ذات کے لحاظ سے سات آسمانوں سے اوپر اپنے عرش پر مستوی ہے اور اس کا علم و قدرت ہر چیز کو محیط ہے۔
➍ جہمیہ (ایک سخت گمراہ فرقے) نے الله سبحانہ وتعالیٰ کو ہر جگہ (موجود بذاتہ) قرار دیا ہے۔ دیکھئے: [تلبيس ابليس ص 30،اقسام اهل البدع] اس کفریہ عقیدے سے حلول لازم آتا ہے۔ عقيدة حلول کے باطل ہونے کے لئے دیکھئے: حافظ ابن تیمیہ کی کتاب ابطال وحدة الوجود اور ملا علی قاری حنفی کی کتاب الرد على القائلين بوحدة الوجود
➎ امام مالک نے فرمایا:
«الله عز وجل فى السماء وعلمه فى كل مكان، لا يخلو من علمه مكان»
الله تعالیٰ آسمان پر ہے اور اس کا علم ہر مکان پر (محيط) ہے۔ اس کے علم سے کوئی مکان خالی نہیں۔ [كتاب الشريعة لآجري ص 289 ح 652 وسنده حسن]
➏ احادیث صفات کے بارے میں امام اوزاعی، مالک، سفیان ثوری اور لیث بن سعد نے فرمایا:
انہیں بلا کیفیت روایت کرتے رہیں۔ [عقيدة السلف واصحاب الحديث للصابوني ص 56ح 90 رسندہ حسن، دوسرا نسخہ 248، 249]
➐ امام عبدالله بن المبارک رحمہ اللہ نے فرمایا:
«نعرف ربنا فوق سبع سمٰوات على العرش استويٰ، بائناً من خلقه ولا نقول كما قالت الجهمية: «إنه هاهنا» وأشار إلى الأرض»
ہم اپنے رب کو پہچانتے ہیں وہ سات آسمانوں سے اوپر عرش پر مستوی ہے، وہ اپنی مخلوق سے الگ ہے اور ہم جہمیہ کی طرح یہ نہیں کہتے کہ وہ یہاں (زمین) پر ہے اور انھوں (امام عبدالله بن المبارک رحمہ اللہ) نے زمین کی طرف اشارہ کیا۔ [عقيدة السلف واصحاب الحديث للصابوني ص 186ح 28 رسنده صحيح، الرد على الجهمية للدارمي: 67، 162، والصفات للبيهقي: ص 427 دوسرا نسخه ص 538، السنة لعبد الله بن احمد: 216]
➑ امام زہری رحمہ اللہ نے فرمایا:
«إن الإعتصام بالسنة نجاة»
سنت کو مضبوطی سے پکڑنے میں نجات ہے۔ [حلية الاولياء لا نعيم الاصبهاني 369/3 وسنده صحيح]
➒ اس حدیث سے دعا کی مشروعیت ثابت ہوتی ہے اور یہ کہ دعا توکل کے منافی نہیں بلکہ مطلوب ہے۔
   موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث\صفحہ نمبر: 26   
  الشيخ محمد حسين ميمن حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 6321  
´آدھی رات کے بعد صبح صادق سے پہلے دعا کرنے کی فضیلت`
«. . . عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: يَتَنَزَّلُ رَبُّنَا تَبَارَكَ وَتَعَالَى كُلَّ لَيْلَةٍ إِلَى السَّمَاءِ الدُّنْيَا حِينَ يَبْقَى ثُلُثُ اللَّيْلِ الْآخِرُ يَقُولُ:" مَنْ يَدْعُونِي فَأَسْتَجِيبَ لَهُ، مَنْ يَسْأَلُنِي فَأُعْطِيَهُ، مَنْ يَسْتَغْفِرُنِي فَأَغْفِرَ لَهُ . . .»
. . . ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہمارا رب تبارک و تعالیٰ ہر رات آسمان دنیا کی طرف نزول فرماتا ہے، اس وقت جب رات کا آخری تہائی حصہ باقی رہ جاتا ہے اور فرماتا ہے کون ہے جو مجھ سے دعا کرتا ہے کہ میں اس کی دعا قبول کروں، کون ہے جو مجھ سے مانگتا ہے کہ میں اسے دوں، کون ہے جو مجھ سے بخشش طلب کرتا ہے کہ میں اس کی بخشش کروں۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الدَّعَوَاتِ: 6321]
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 6321 کا باب: «بَابُ الدُّعَاءِ نِصْفَ اللَّيْلِ:»

باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے ترجمۃ الباب میں «نصف الليل» یعنی آدھی رات کا ذکر فرمایا ہے جبکہ تحت الباب حدیث میں آدھی رات کا ذکر نہیں ہے بلکہ «ثلث الليل» تہائی رات کا ذکر ہے، لہذا اس اعتبار سے باب اور حدیث میں مناسبت نہیں بنتی، اس کا جواب دیتے ہوئے حافظ ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«و الذي يظهر لي أن البخاري جرى على عادته فأشار إلى الرواية التي وردت بلفظ النصف، فقد أخرجه أحمد عن يزيد بن هارون عن محمد بن عمر، و عن أبى سلمة عن أبى هريرة بلفظ ينزل الله إلى السماء الدنيا نصف الليل الأخير أو ثلث الليل الآخر (2)
میرے نزدیک جو بات ظاہر ہے وہ یہ ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنی عادت کے مطابق روایت کے دوسری طرق کی طرف اشارہ فرمایا ہے، جس میں «نصف الليل» کا ذکر ہے، جسے احمد نے بطریق یزید بن ہارون، عن محمد بن عمر، عن ابی سلمۃ، عن ابی ہریرۃ سے نکالا ہے کہ اللہ تعالی دنیائے آسمان کی طرف نصف اللیل کے آخر یا ثلث اللیل کے آخر تک نازل ہوتا ہے۔
ابن بطال رحمہ اللہ باب اور حدیث میں مطابقت دیتے ہوئے لکھتے ہیں:
«ترجم بنصف الليل وساق فى الحديث أن التنزل يقع ثلث الليل، لكن المصنف عول على ما فى الآية وهو قوله تعالى: ﴿قُمِ اللَّيْلَ إِلَّا قَلِيلًا o نِصْفَهُ أَوِ انْقُصْ مِنْهُ﴾ [المزمل: 2-3] فأخذ الترجمة من دليل القرآن.» (1)
یعنی امام بخاری رحمہ اللہ نے باب نصف رات کا قائم فرمایا ہے جبکہ حدیث جو تحت الباب مذکور ہے وہ ثلث اللیل پر دال ہے، دراصل امام بخاری رحمہ اللہ نے (باب میں) اس آیت مبارکہ کو مدنظر رکھا: « ﴿قُمِ اللَّيْلَ إِلَّا قَلِيلًا o نِصْفَهُ أَوِ انْقُصْ مِنْهُ﴾ » [المزمل: 2-3] تو گویا ترجمۃ الباب کی دلیل قرآن سے اخذ فرمائی۔ آیت مبارکہ میں ذکر ہے نصف رات (اللہ تعالی کی) وقت تنزیل کا، پر اس کے دخول سے قبل محافظت پر دال ہے تاکہ وقت قبولیت آئے تو بندہ پہلے سے اس کے انتظار میں ہو اور اس کے لقاء کے لیے مستعد ہو۔
ابن الملقن رحمہ اللہ بھی قریب قریب یہی تطبیق دیتے ہیں، چنانچہ آپ رقمطراز ہیں:
«ان قلت: كيف ترجم الدعا نصف الليل و ذكر الحديث أن التنزل فى ثلث الليل الآخر؟ قيل إنما أخذ ذالك من قوله تعالي: ﴿قُمِ اللَّيْلَ إِلَّا قَلِيلًا﴾ [المزمل: 2] فالترجمة تقوم من دليل القرآن و الحديث يدل على أن الإجابة ثلث الليل.» (2)
امام کرمانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
اگر آپ کہیں کہ باب نصف اللیل پر قائم فرمایا اور حدیث ثلث اللیل کی (تو اس میں تطبیق کیا ہوگی؟) تو میں (کرمانی رحمہ اللہ) کہتا ہوں جب ثلث باقی رہ جاتا ہے تو یہ ثلث سے قبل ہی ہوتا ہے، پس یہی مقصود ہے «من النصف» سے۔(3)
امام کرمانی رحمہ اللہ کے مطابق جب رات کا تیسرا حصہ شروع ہونے والا ہوتا ہے تو وہ نصف حصہ ہوتا ہے، کیوں کہ ابھی وہ تہائی حصہ شروع نہیں ہوا ہوتا۔
انور شاہ کشمیری رحمہ اللہ باب اور حدیث میں مناسبت دیتے ہوئے لکھتے ہیں:
«ترجم المصنف بالنصف، و أخرج له حديث الثلث، إشارة إلى أن الحديث فى النصف أيضًا، ثم الحافظ تصدى إلى الترجيح، و الوجه عندي، أن للنزول أنحاءً فنحو من على النصف، و نحو على الثلثين، و نحو على الثلث الأخير و قد علمت أن هذا النزول عبارة عن تعلق الرحمة غير المتكلمين، و الذي تبين لديّ أنه نحو من تجلي الرب عز برهانه، و جل سلطانه.» (1)
یعنی مصنف رحمہ اللہ نے نصف کے لفظ کے ساتھ ترجمہ قائم فرمایا ہے، جب کہ حدیث جو نقل فرمائی ہے اس میں «ثلث» کا ذکر ہے، یہ اشارہ مقصود ہے کہ نصف میں بھی حدیث موجود ہے، کہتے ہیں کہ حافظ ترجیح میں پڑے ہیں، میرے نزدیک ترجیح اس طرح سے ہے کہ کئی انحاء ہیں، ایک نحو نصف پر، ایک ثلثین پر، ایک نحو آخری ثلث پر ہے، اور تم جانتے ہو، یہ نزول متکلمین کے نزدیک تعلق رحمت سے عبارت ہے، میرے نزدیک متبین یہ ہے کہ یہ ایک طرح کی تجلی ہے۔
ان گفتگو کا خلاصہ یہ ہوا کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے باب قائم فرمایا ہے آیت قرآن مجید پر اور تحت الباب جس حدیث کو پیش فرمایا ہے اس میں «ثلث الليل» کا ذکر ہے۔ دراصل اس جگہ پر امام بخاری رحمہ اللہ اس حدیث کی طرف اشارہ فرما رہے ہیں جسے دارقطنی نے نکالا ہے، اس میں شطر اللیل کا ذکر ہے۔ مزید ابن بطال رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے قرآن کی آیت کو لیا جس میں «نصفه» کا ذکر ہے، یعنی «قم الليل إلا نصفه» اور اس کی متابعت سے باب میں نصف کا لفظ ذکر فرمایا ہے۔
   عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم، حدیث\صفحہ نمبر: 209   
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1366  
´رات کا کون سا وقت (عبادت کے لیے) سب سے اچھا ہے؟`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس وقت اخیر کی تہائی رات رہ جاتی ہے تو ہمارا رب جو کہ برکت والا اور بلند ہے، ہر رات آسمان دنیا پر نزول فرماتا ہے، اور فرماتا ہے: کوئی ہے جو مجھ سے مانگے اور میں اس کو دوں؟ کوئی ہے جو مجھ سے دعا کرے اور میں اس کی دعا قبول کروں؟ کوئی ہے جو مجھ سے بخشش طلب کرے اور میں اسے بخش دوں؟ اور یہ سلسلہ طلوع فجر تک جاری رہتا ہے، اس لیے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اخیر رات میں عبادت کرنا بہ نسبت اول رات کے پسند کرتے تھے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1366]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
اس حدیث میں رات کے آخری حصے میں نماز اور دعا کی فضیلت کا بیان ہے۔

(2)
اللہ کی رحمت اتنی عظیم ہے کہ اللہ تعالیٰ خود اپنے بندوں کو اپنی ذات سے مانگنے کو کہتا ہے۔

(3)
اللہ تعالیٰ کا پہلے آسمان پر تشریف لانا اسی طرح اللہ کی صفت ہے۔
جس طرح اس کاعرش پر تشریف فرما ہونا اور کلام کرنا، ان صفات پر ایمان لانا چاہیے انکار یا تاویل کرنا جائز نہیں البتہ اللہ تعالیٰ کی صفات کومخلوق کی صفات جیسی نہیں سمجھناچاہیے، ہمیں یہ ماننا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ نزول فرماتا ہے۔
جیسے اس کی شان کے لائق ہے۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث\صفحہ نمبر: 1366   
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 446  
´اللہ عزوجل کے ہر رات آسمان دنیا پر اترنے کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ ہر رات کو جب رات کا پہلا تہائی حصہ گزر جاتا ہے ۱؎ آسمان دنیا پر اترتا ہے ۲؎ اور کہتا ہے: میں بادشاہ ہوں، کون ہے جو مجھے پکارے تاکہ میں اس کی پکار سنوں، کون ہے جو مجھ سے مانگے تاکہ میں اسے دوں، کون ہے جو مجھ سے مغفرت طلب کرے تاکہ میں اسے معاف کر دوں۔ وہ برابر اسی طرح فرماتا رہتا ہے یہاں تک کہ فجر روشن ہو جاتی ہیں۔‏‏‏‏ [سنن ترمذي/أبواب السهو/حدیث: 446]
اردو حاشہ:
1؎:
آگے مؤلف بیان کر رہے ہیں:
صحیح بات یہ ہے کہ ایک تہائی رات گزرنے پر نہیں،
بلکہ ایک تہائی رات باقی رہ جانے پر اللہ نزول فرماتے ہیں۔
(مؤلف کے سوا دیگر کے نزدیک ((الْآخِرُ)) ہی ہے)

2؎:
اس سے اللہ عزوجل کا جیسے اُس کی ذاتِ اقدس کو لائق ہے آسمان دنیا پر ہر رات کو نزول فرمانا ثابت ہوتا ہے،
اور حقیقی اہل السنہ والجماعہ،
سلف صالحین اللہ تبارک وتعالیٰ کی صفات میں تاویل نہیں کیا کرتے تھے۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث\صفحہ نمبر: 446   
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 1315  
´رات کا کون سا حصہ عبادت کے لیے زیادہ بہتر ہے؟`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہمارا رب ہر رات جس وقت رات کا آخری ایک تہائی حصہ باقی رہ جاتا ہے، آسمان دنیا پر اترتا ہے ۱؎، پھر فرماتا ہے: کون مجھ سے دعا کرتا ہے کہ میں اس کی دعا قبول کروں؟ کون مجھ سے مانگتا ہے کہ میں اسے دوں؟ کون مجھ سے مغفرت طلب کرتا ہے کہ میں اس کی مغفرت کر دوں؟۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/أبواب قيام الليل /حدیث: 1315]
1315. اردو حاشیہ: فوائد ومسائل:
➊ معلوم ہوا کہ رات کا آخری تیسرا پہر بہت زیادہ افضل ہے۔
➋ ایسی آیات قرآن اور احادیث صحیحہ کو، جن میں اللہ عزوجل کی اس قسم کی صفات (مثلاً) اترنا، آنا، کلام کرنا، ہنسنا، تعجب کرنا اور عرش پر بیٹھنا وغیرہ کا ذکر ہے، محققین اہل السنۃ والجماعۃ (یعنی اہل الحدیث) ان کے ظاہر پرمحمول کرتے ہیں، وہ کسی تاویل، تشبیہ یا تعطیل و تحریف کے قائل نہیں اور نہ ان کی حقیقت اور کنہ ہی کے درپے ہوتےہیں۔ یہ صفات ایسی ہی ہیں جیسا کہ اس کی ذات اقدس کے شایان شان ہیں۔ جس طرح اللہ عزوجل کی ذات دیگر اور ذوات کے مشابہ نہیں، اسی طرح اس کی صفات بھی کسی سے مشابہ نہیں۔ ﴿لَيسَ كَمِثلِهِ شَىءٌ ۖ وَهُوَ السَّميعُ البَصيرُ‌ ﴾ سورۃ شوریٰ:11، جو لوگ مندرجہ بالاحدیث کی تاویل یوں کردیتے ہیں کہ اللہ کی رحمت اترتی ہے یا اس کا امر اترتا ہے وہ ذار غور کریں کہ یہ جملے:کون ہے جو مجھ سے دعا کرے، میں قبول کروں۔ کون ہے جو مجھ سےمانگے، میں اس کو دوں۔ کون ہے جو مجھ سے معافی چاہے، میں اس کو معاف کروں۔ کس طرح رحمت یا امر پر منطبق ہوسکتے ہیں۔ یہ بلاشبہ رب کبریاء ہی سے متعلق ہیں، نیزرحمت کا اتر کر آسمان دنیا تک رہ جانا مخلوق کے لیے کیونکر نفع آور ہے۔ حالانکہ وہ خود فرماتا ہے: ﴿وَرَ‌حمَتى وَسِعَت كُلَّ شَىءٍ﴾ سور الاعراف:156، الغرض ظاہر قرآن و حدیث پر ایمان اور اس کے مطابق عمل اور اسوۂ رسول اللہﷺ کا اتباع اورسبیل المومنین (صحابہ کرام) اختیار کرنا ہی ایک مسلمان کے لیے باعث نجات و تقرب ہے (فوائد ازعلامہ وحیدالزمان)
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث\صفحہ نمبر: 1315   
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1145  
1145. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہمارا بزرگ و برتر پروردگار ہر رات آسمان دنیا پر نزول فرماتا ہے جب رات کی آخری تہائی باقی رہ جاتی ہے۔ اور آواز دیتا ہے: کوئی ہے جو مجھ سے دعا کرے میں اسے قبول کروں؟ کوئی ہے جو مجھ سے مانگے میں اسے عطا کروں؟ کوئی ہے جو مجھ سے مغفرت طلب کرے تو میں اسے معاف کر دوں؟ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1145]
حدیث حاشیہ:
تشریح:
بلاتاویل وبلا تکییف اللہ پاک رب العالمین کا عرش معلی سے آسمان دنیا پر اترنا برحق ہے۔
جس طرح اس کا عرش عظیم پر مستوی ہونا برحق ہے۔
اہل الحدیث کا ازاول تا آخر یہی عقیدہ ہے۔
قرآن مجید کی سات آیات میں اللہ کا عرش پر مستوی ہونا بیان کیا گیا ہے۔
چونکہ آسمان بھی سات ہی ہیں لہذا ان ساتوں کے اوپر عرش عظیم اور اس پر اللہ کا استواءاسی لیے سات آیات میں مذکور ہوا۔
پہلی آیت سورۃ اعراف میں ہے ﴿اِنَّ رَبَّکُمُ اللّٰہُ الَّذِی خَلَقَ السَّمَوٰتِ وَالاَرضَ فِی سِتَّةِ اَیَّامٍ ثُمَّ استَوٰی عَلَی العَرشِ﴾ (الأعراف: 54)
تمہارا رب وہ ہے جس نے چھ ایام میں آسمان اور زمین کو پیدا کیا، پھر وہ عرش پر مستوی ہوا۔
دوسری آیت سورۃ یونس کی ہے ﴿اِنَّ رَبَّکُمُ اللّٰہُ الَّذِی خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالاَرضَ فِی سَتَّةِ اَیَّامٍ ثُمَّ استَوٰی عَلَی العَرشِ یُدَ بِّرُالاَمرَ﴾ (یونس: 3)
بے شک تمہارا رب وہ ہے جس نے چھ دنوں میں زمین آسمان کو بنایا اور پھر وہ عرش پر قائم ہوا۔
تیسری آیت سورۃ رعد میں ہے ﴿اَللّٰہُ الَّذِی رَفَعَ السَّمٰوٰت بِغَیرِ عَمَدٍ تَرَونَھَاثُمَّ استَوٰی عَلَی العَرشِ﴾ (الرعد: 2)
اللہ وہ ہے جس نے بغیر ستونوں کے اونچے آسمان بنائے جن کو تم دیکھ رہے ہو پھر وہ عرش پر قائم ہوا۔
چوتھی آیت سورۃ طہ میں ہے ﴿تَنزِیلاً مِّمَّن خَلَقَ الاَرضَ وَالسَّمٰوٰتِ العُلٰی اَلرَّحمٰنُ عَلَی العَرشِ استَوٰی﴾ (طہ: 19,20)
یعنی اس قرآن کا نازل کرنا اس کا کام ہے جس نے زمین آسمان کو پیدا کیا پھر وہ رحمن عرش کے اوپر مستوی ہوا۔
پانچویں آیت سورہ فرقان میں ہے ﴿اَلَّذِی خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالاَرضَ وَمَا بَینَھُمَا فِی سِتَّةِ اَیَّامٍ ثُمَّ استَوٰی عَلَی العَرشِ﴾ (الفرقان: 59)
وہ اللہ جس نے زمین آسمان اور جو کچھ ان کے درمیان میں ہے سب کو چھ دنوں میں پیدا کیا پھر وہ عرش پر قائم ہوا۔
چھٹی آیت سورۃ سجدہ میں ہے۔
﴿اَللّٰہُ الَّذِی خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالاَرضَ وَمَا بَینَھُمَا فِی سِتَّةِ اَیَّامٍ ثُمَّ استَوٰی عَلَی العَرشِ﴾ (السجدہ: 4)
اللہ وہ ہے جس نے زمین آسمان کو اور جو کچھ ان کے درمیان ہے چھ دنوں میں بنایا وہ پھر عرش پر قائم ہوا۔
ساتویں آیت سورہ حدید میں ہے۔
﴿ھُوَالَّذِی خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالاَرضَ فِی سِتَّةِ اَیَّامٍ ثُمَّ استَوٰی عَلَی العَرشِ یَعلَمُ مَا یَلِجُ فِی الاَرضِ وَمَا یَخرُجُ مِنھَا وَمَا یَنزِلُ مِنَ السَّمَاءِ وَمَا یَعرُجُ فِیھَا وَھُوَ مَعَکُم اَینَ مَا کُنتُم وَاللّٰہُ بِمَا تَعمَلُونَ بَصِیر﴾ (الحدید: 4)
یعنی اللہ وہ ذات پاک ہے جس نے چھ دنوں میں زمین آسمانوں کو بنا یا وہ پھر عرش پر قائم ہوا ان سب چیزوں کو جانتاہے جو زمین میں داخل ہوتی ہیں اور جو کچھ اس سے باہر نکلتی ہیں اور جو چیزیں آسمان سے اترتی ہیں اور جو کچھ آسمان کی طرف چڑھتی ہیں وہ سب سے واقف ہے اور وہ تمہارے ساتھ ہے تم جہاں بھی ہو اور اللہ پاک تمہارے سارے کاموں کو دیکھنے والا ہے۔
ان سات آیتوں میں صراحت کے ساتھ اللہ پاک کا عرش عظیم پر مستوی ہونا مذکور ہے۔
آیات قرآنی کے علاوہ پندرہ احادیث نبوی ایسی ہیں جن میں اللہ پاک کاآسمانوں کے اوپر عرش اعظم پر ہونا مذکور ہے اور جن سے اس کے لیے جہت فوق ثابت ہے۔
اس حقیقت کے بعد اس باری تعالی وتقدس کا عرش عظیم سے آسمان دنیا پر نزول فرمانا یہ بھی برحق ہے۔
حضرت علامہ ابن تیمہ ؒ نے اس بارے میں ایک مستقل کتاب بنام نزول الرب إلی السماءالدنیا تحریر فرمائی ہے جس میں بدلائل واضحہ اس کا آسمان دنیا پر نازل ہونا ثابت فرمایا ہے۔
حضرت علامہ وحید الزماں صاحب کے لفظوں میں خلاصہ یہ ہے یعنی وہ خود اپنی ذات سے اترتا ہے جیسے دوسری روایت میں ہے۔
نزل بذاته اب یہ تاویل کرنا اس کی رحمت اترتی ہے، محض فاسد ہے۔
علاوہ اس کے اس کی رحمت اتر کر آسمان تک رہ جانے سے ہم کو فائدہ ہی کیا ہے، اس طرح یہ تاویل کہ ایک فرشتہ اس کا اترتا ہے یہ بھی فاسد ہے کیونکہ فرشتہ یہ کیسے کہہ سکتا ہے جو کوئی مجھ سے دعا کرے میں قبول کروں گا، گناہ بخش دوں گا۔
دعا قبول کرنا یا گناہوں کا بخش دینا خاص پروردگار کا کام ہے۔
اہل حدیث نے اس قسم کی حدیثوں کو جن میں صفات الہی کا بیان ہے، بہ دل وجان قبول کیا ہے اور ان کے اپنے ظاہری معنی پر محمول رکھا ہے، مگر یہ اعتقاد رکھتے ہیں کہ اس کی صفات مخلوق کی صفات کے مشابہ نہیں ہیں اور ہمارے اصحاب میں سے شیخ الاسلام ابن تیمیہ ؒ نے اس حدیث کی شرح میں ایک کتاب لکھی ہے جو دیکھنے کے قابل ہے اور مخالفوں کے تمام اعتراضوں اور شبہوں کا جواب دیا ہے۔
اس حدیث پر روشنی ڈالتے ہوئے المحدث الکبیر حضرت مولانا عبد الرحمن صاحب مبارکپوری فرماتے ہیں:
وَمِنْهُمْ مَنْ أَجْرَاهُ عَلَى مَا وَرَدَ مُؤْمِنًا بِهِ عَلَى طَرِيقِ الْإِجْمَالِ مُنَزِّهًا اللَّهَ تَعَالَى عَنِ الْكَيْفِيَّةِ وَالتَّشْبِيهِ وَهُمْ جُمْهُورُ السَّلَفِ وَنَقَلَهُ الْبَيْهَقِيُّ وَغَيْرُهُ عَنِ الْأَئِمَّةِ الْأَرْبَعَةِ وَالسُّفْيَانَيْنِ وَالْحَمَّادَيْنِ وَالْأَوْزَاعِيِّ وَاللَّيْثِ وَغَيْرِهِمْ وَهَذَا الْقَوْلُ هُوَ الْحَقُّ فَعَلَيْكَ اتِّبَاعَ جُمْهُورِ السَّلَفِ وَإِيَّاكَ أَنْ تَكُونَ مِنْ أَصْحَابِ التَّأْوِيلِ وَاللَّهُ تَعَالَى أَعْلَمُ۔
(تحفة الأحوذي)
یعنی سلف صالحین وائمہ اربعہ اور بیشتر علمائے دین اسلاف کرام کا یہی عقیدہ ہے کہ وہ بغیر تاویل اور کیفیت اورتشبیہ کے کہ اللہ اس سے پاک ہے جس طرح سے یہ صفات باری تعالی وارد ہوئی ہیں۔
ان پر ایمان رکھتے ہیں اور یہی حق اور صواب ہے۔
پس سلف کی اتباع لازم پکڑلے اور تاویل والوں میں سے مت ہو کہ یہی حق ہے۔
واللہ أعلم۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث\صفحہ نمبر: 1145   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1145  
1145. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہمارا بزرگ و برتر پروردگار ہر رات آسمان دنیا پر نزول فرماتا ہے جب رات کی آخری تہائی باقی رہ جاتی ہے۔ اور آواز دیتا ہے: کوئی ہے جو مجھ سے دعا کرے میں اسے قبول کروں؟ کوئی ہے جو مجھ سے مانگے میں اسے عطا کروں؟ کوئی ہے جو مجھ سے مغفرت طلب کرے تو میں اسے معاف کر دوں؟ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1145]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس روایت میں دعا، سوال اور استغفار کا ذکر ہے۔
دیگر روایات میں توبہ، رزق اور دفع بلا کا ذکر بھی مروی ہے۔
ایک روایت میں ہے کہ کون ہے جو اس وقت ایسی ذات کو قرض دے جو مفلس اور ظلم پیشہ نہیں۔
اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس قسم کی ندا کا سلسلہ طلوع فجر تک جاری رہتا ہے۔
بعض روایات کے آخر میں امام زہری کا قول بایں الفاظ بیان ہوا ہے کہ اس لیے نیک لوگ پچھلی رات نماز پڑھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ امام بخاری ؒ نے عنوان میں دعا کے ساتھ نماز کا ذکر بھی کیا ہے۔
(فتح الباري: 41/3) (2)
اللہ تعالیٰ کا اپنے عرش معلیٰ سے آسمان دنیا پر بلا تاویل و تکییف اترنا برحق ہے جس طرح اس ذات کا عرش عظیم پر مستوی ہونا برحق ہے۔
ہمارے اسلاف کا عقیدہ ہے کہ اس قسم کی صفات کو ظاہری معنی پر ہی محمول کیا جائے، مگر یہ بھی عقیدہ رکھنا چاہیے کہ اللہ کی صفات، مخلوق کی صفات کی طرح نہیں ہیں۔
اس کی مکمل تشریح ہم کتاب التوحید، (حدیث: 7494)
کے تحت کریں گے۔
بإذن اللہ۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث\صفحہ نمبر: 1145   

http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.