صحيح البخاري کل احادیث 7563 :حدیث نمبر
صحيح البخاري
کتاب: اللہ کی توحید اس کی ذات اور صفات کے بیان میں
The Book of Tauhid (Islamic Monotheism)
55. بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {بَلْ هُوَ قُرْآنٌ مَجِيدٌ فِي لَوْحٍ مَحْفُوظٍ} :
55. باب: اللہ تعالیٰ کا (سورۃ البروج میں) فرمان ”بلکہ وہ عظیم قرآن ہے جو لوح محفوظ میں ہے“۔
(55) Chapter. The Statement of Allah: “Nay! This is a Glorious Quran (Inscribed), in Al-Lauh Al-Mahfuz (The Preserved Tablet).” (V.85:21,22)
حدیث نمبر: 7553
Save to word مکررات اعراب English
وقال لي خليفة بن خياط، حدثنا معتمر، سمعت ابي، عن قتادة، عن ابي رافع، عن ابي هريرة، عن النبي صلى الله عليه وسلم، قال:" لما قضى الله الخلق كتب كتابا عنده غلبت، او قال: سبقت رحمتي غضبي فهو عنده فوق العرش".وقَالَ لِي خَلِيفَةُ بْنُ خَيَّاطٍ، حَدَّثَنَا مُعْتَمِرٌ، سَمِعْتُ أَبِي، عَنْ قَتَادَةَ، عَنْ أَبِي رَافِعٍ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ:" لَمَّا قَضَى اللَّهُ الْخَلْقَ كَتَبَ كِتَابًا عِنْدَهُ غَلَبَتْ، أَوْ قَالَ: سَبَقَتْ رَحْمَتِي غَضَبِي فَهُوَ عِنْدَهُ فَوْقَ الْعَرْشِ".
امام بخاری رحمہ اللہ نے کہا مجھ سے خلیفہ بن خیاط نے بیان کیا۔ ہم سے معتمر نے بیان کیا، کہا میں نے اپنے والد سلیمان سے سنا، انہوں نے قتادہ سے، انہوں نے ابورافع سے، انہوں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اللہ تعالیٰ جب خلقت کا پیدا کرنا ٹھہرا چکا (یا جب خلقت پیدا کر چکا) تو اس نے عرش کے اوپر اپنے پاس ایک کتاب لکھ کر رکھی اس میں یوں ہے میری رحمت میرے غصے پر غالب ہے یا میرے غصے سے آگے بڑھ چکی ہے۔

تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»

Narrated Abu Huraira: I heard Allah's Apostle saying, "Before Allah created the creations, He wrote a Book (wherein He has written): My Mercy has preceded my Anger." and that (Book) is written with Him over the Throne."
USC-MSA web (English) Reference: Volume 9, Book 93, Number 643


حكم: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
   صحيح البخاري7422عبد الرحمن بن صخرالله لما قضى الخلق كتب عنده فوق عرشه إن رحمتي سبقت غضبي
   صحيح البخاري3194عبد الرحمن بن صخرلما قضى الله الخلق كتب في كتابه فهو عنده فوق العرش إن رحمتي غلبت غضبي
   صحيح البخاري7453عبد الرحمن بن صخرلما قضى الله الخلق كتب عنده فوق عرشه إن رحمتي سبقت غضبي
   صحيح البخاري7554عبد الرحمن بن صخرالله كتب كتابا قبل أن يخلق الخلق إن رحمتي سبقت غضبي فهو مكتوب عنده فوق العرش
   صحيح البخاري7553عبد الرحمن بن صخرلما قضى الله الخلق كتب كتابا عنده غلبت أو قال سبقت رحمتي غضبي فهو عنده فوق العرش
   صحيح البخاري7404عبد الرحمن بن صخرلما خلق الله الخلق كتب في كتابه وهو يكتب على نفسه وهو وضع عنده على العرش إن رحمتي تغلب غضبي
   صحيح مسلم6971عبد الرحمن بن صخرلما قضى الله الخلق كتب في كتابه على نفسه فهو موضوع عنده إن رحمتي تغلب غضبي
   صحيح مسلم6969عبد الرحمن بن صخرلما خلق الله الخلق كتب في كتابه فهو عنده فوق العرش إن رحمتي تغلب غضبي
   صحيح مسلم6970عبد الرحمن بن صخرسبقت رحمتي غضبي
   جامع الترمذي3543عبد الرحمن بن صخرالله حين خلق الخلق كتب بيده على نفسه إن رحمتي تغلب غضبي
   سنن ابن ماجه4295عبد الرحمن بن صخرالله لما خلق الخلق كتب بيده على نفسه إن رحمتي تغلب غضبي
   سنن ابن ماجه189عبد الرحمن بن صخركتب ربكم على نفسه بيده قبل أن يخلق الخلق رحمتي سبقت غضبي
   صحيفة همام بن منبه15عبد الرحمن بن صخرلما قضى الله الخلق كتب كتابا فهو عنده فوق العرش إن رحمتي سبقت غضبي
   مسندالحميدي1160عبد الرحمن بن صخر

صحیح بخاری کی حدیث نمبر 7553 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7553  
حدیث حاشیہ:
حضرت امام بخاری  نےاپنی کتاب باب خلق افعال العباد میں کہا کہ قرآن مجید یاد کیا جاتا ہے، لکھا جاتا ہے، زبانوں سے پڑھا جاتاہے۔
یہ قرآن اللہ کا کلام ہے جومخلوق نہیں ہے۔
مگر کاغذ سیاہی اورجلد یہ سب چیزیں مخلوق ہیں۔
مضمون باب میں کتب سابقہ کی تحریف کا ذکر ہےآج کل جو نسخے توراۃ وانجیل کے نام سے دنیا میں مشہور ہیں ان میں تحریف لفظی اورمعنوی ہردو طرح سےموجود ہے۔
اسی لیے اس پراجماع ہےکہ ان کتابوں کا مطالعہ اوراشتغال مضبوط الایمان لوگوں کےلیے جائز ہے جوان کارد کرنے اورجواب دینے کے لیے پڑھیں۔
آخر میں لوح محفوظ کا ذکر ہے۔
لوح محفوظ عرش کے پاس ہے۔
حدیث سے یہ بھی نکلتا ہے کہ صفات افعال جیسے رحم اورغضب وغیرہ یہ حادث ہیں ورنہ قدیم میں سابقیت اورمسبوقیت نہیں ہوسکتی۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7553   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  الشيخ مبشر احمد رباني حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 7554  
´اللہ تعالیٰ عرش پر مستوی ہے`
«. . . رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَقُولُ:\" إِنَّ اللَّهَ كَتَبَ كِتَابًا قَبْلَ أَنْ يَخْلُقَ الْخَلْقَ، إِنَّ رَحْمَتِي سَبَقَتْ غَضَبِي فَهُوَ مَكْتُوبٌ عِنْدَهُ فَوْقَ الْعَرْشِ . . .»
. . . میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو پیدا کرنے سے پہلے ایک تحریر لکھی کہ میری رحمت میرے غضب سے بڑھ کر ہے، چنانچہ یہ اس کے پاس عرش کے اوپر لکھا ہوا ہے۔ [صحيح البخاري/كِتَاب التَّوْحِيدِ: 7554]
فوائد و مسائل
اللہ تعالیٰ کے متعلق محدثین و سلف صالحین کا یہ عقیدہ ہے کہ اللہ تعالیٰ عرش پر مستوی ہے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
«الرَّحْمَـنُ عَلَى الْعَرْشِ اسْتَوَى» رحمن عرش پر مستوی ہوا۔ [20-طه:5]
↰ مستوی ہونے کا مفہوم بلند ہونا اور مرتفع ہونا ہے جیسا کہ:
❀ صحیح بخاری میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«إن الله كتب كتابا قبل ان يخلق الخلق إن رحمتي سبقت غضبي فهو مكتوب عنده فوق العرش»
بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے ایک کتاب لکھی ہے . . . جو اس کے پاس عرش کے اوپر ہے۔ [صحيح بخاري 7554]
↰ لیکن اللہ تعالیٰ کے عرش پر مستوی ہونے کی کیفیت ہمیں معلوم نہیں ہے، جس طرح اللہ تعالیٰ کی شان کے لائق ہے اسی طرح وہ عرش پر مستوی ہے، ہمارے عقلیں اس کا ادراک نہیں کر سکتیں اور اللہ تعالیٰ کے بارے میں یہ نہیں کہنا چاہیے کہ وہ ہر جگہ موجود ہے کیونکہ وہ مکان سے پاک اور مبرا ہے البتہ اس کا علم اور اس کی قدرت ہر چیز کو محیط ہے، اس کی معیت ہر کسی کو حاصل ہے جیسا کہ یہ بات عقائد کی کتب میں واضح طور پر موجود ہے۔
   احکام و مسائل، حدیث/صفحہ نمبر: 22   

  حافظ عبدالله شميم حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيفه همام بن منبه   15  
´اللہ عزوجل کی رحمت اس کے غضب پر غالب ہے`
اور رسول اللہ صلی للہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو پیدا کیا تو اپنی کتاب (لوح محفوظ) میں، جو اس کے عرش پر موجود ہے، اس نے لکھا کہ بے شک میری رحمت میرے غصہ پر غالب ہے۔ [صحيفه همام بن منبه/متفرق/حدیث: 15]
شرح الحدیث:
اس حدیث میں الله تعالٰی کی وسعت رحمت کا ذکر ہے۔ حدیث کے اس جملہ پر غور فرمائیں: ((إِنَّ رَحْمَتِيْ سَبَقَتْ غَضَبِيْ)) "یقیناً میری رحمت میرے غصہ پر غالب ہے۔ "
علامہ طیبی فرماتے ہیں: "رحمت کے غالب ہونے میں اشارہ ہے کہ رحمت کے مستحقین بھی تعداد کے لحاظ سے غضب کے مستحقین پر غالب رہیں گے، رحمت ایسے لوگوں پر بھی ہوگی جن سے نیکیوں کا صدور ہی نہیں ہوا۔ برخلاف اس کے غضب کے کہ وہ ان ہی لوگوں پر ہوگا جن سے گناہوں کا صدور ثابت ہوگا۔ "
(فتح الباری: 292/6 - عمدة القاری: 258/12 - ارشاد الساری: 251/5)
رب کریم کی رحمت بہت وسیع ہے، ارشاد فرمایا:
وَرَحْمَتِي وَسِعَتْ كُلَّ شَيْءٍ ۚفَسَأَكْتُبُهَا لِلَّذِينَ يَتَّقُونَ وَيُؤْتُونَ الزَّكَاةَ وَالَّذِينَ هُم بِآيَاتِنَا يُؤْمِنُونَ (الاعراف: 156)
"میری رحمت نے ہر چیز کو اپنے دامن میں لے رکھا ہے، اور اس کے مستحق وہ لوگ ہیں جو تقوی اور زکوة کی ادائیگی کے ساتھ ہماری نشانیوں پر ایمان رکھتے ہیں۔ "
دوسرے مقام پر فرمایا:
إِنَّ رَحْمَتَ اللهِ قَرِيْبٌ مِّنَ الْمُحْسِنِيْنَ (الاعراف: 56)
"یقیناً الله کی رحمت نیک لوگوں کے قریب ہوا کرتی ہے۔ "
سیدنا عمر بن خطاب رضی الله عنہ فرماتے ہیں کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم کے پاس قیدی لائے گئے۔ ایک عورت ان میں سے کسی کو ڈھونڈھتی تھی، جب اس نے ایک بچے کو پایا ان قیدیوں میں سے تو اس کو اٹھایا اور پیٹ سے لگایا اور دودھ پلایا۔ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے ہم سے پوچھا: کیا سمجھتے ہو یہ عورت اپنے بچے کو آگ میں ڈال دے گی؟ ہم نے کہا: نہیں، الله کی قسم وہ کبھی ڈال نہ سکے گی۔ آپ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: البتہ الله تعالیٰ اپنے بندوں پر زیادہ مہربان ہے اس سے جتنی یہ عورت اپنے بچہ پر مہربان ہے۔ (صحیح مسلم، کتاب التوبة، رقم: 6978)
اس حدیث سے مخلوق کی ابتداء بتانا مقصود ہے، اسی لیے امام بخاری رحمة الله علیہ اس کو «بَابُ مَا جَاءَ فِيْ قَوْلِ اللهِ تَعَالىٰ» «وَهُوَ الَّذِىْ يَبْدَأُ الْخَلْقَ، وَهُوَ أَهْوَنُ عَلَيْهِ» میں لائے ہیں۔ یعنی "اور الله تعالىٰ نے (سورہ روم میں) جو فرمان ہے اس کی تفسیر کہ الله ہی ہے جس نے مخلوق کو پہلی دفعہ پیدا کیا، اور وہی پھر دوبارہ (موت کے بعد) زندہ کرے گا اور یہ (دوبارہ زندہ کرنا) تو اس پر اور بھی آسان ہے۔ "
   صحیفہ ہمام بن منبہ شرح حافظ عبداللہ شمیم، حدیث/صفحہ نمبر: 15   

  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث189  
´جہمیہ کا انکار صفات باری تعالیٰ۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مخلوقات کے پیدا کرنے سے پہلے ہی اللہ تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے اپنے ذمہ لکھ لیا کہ میری رحمت میرے غضب سے بڑھی ہوئی ہے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/(أبواب كتاب السنة)/حدیث: 189]
اردو حاشہ:
اس حدیث میں اللہ تعالیٰ کی صفت رحمت اور صفت غضب کا ثبوت ہے اور اللہ تعالی کے ہاتھ مبارک کا ذکر ہے۔
ان تمام پر بلا تشبیہ ایمان لانا ضروری ہے۔
اور ہاتھ کا مطلب قدرت لینا بھی درست نہیں کیونکہ اس طرح دو صفات کو ایک صفت کے معنی میں لینے سے دوسری صفت کا انکار ہوتا ہے۔
اللہ کے دو ہاتھوں کا ذکر قرآن مجید میں بھی ہے۔
ارشاد ہے:
﴿قَالَ يَا إِبْلِيسُ مَا مَنَعَكَ أَن تَسْجُدَ لِمَا خَلَقْتُ بِيَدَيَّ﴾  (ص: 75)
 فرمایا:
اے ابلیس! تجھے اسے سجدہ کرنے سے کس چیز نے روکا جسے میں نے اپنے دونوں ہاتھوں سے پیدا کیا۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 189   

  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث4295  
´روز قیامت اللہ تعالیٰ کی رحمت کی امید۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب اللہ عزوجل نے مخلوق کو پیدا کیا تو اپنے ہاتھ سے اپنے اوپر یہ لکھا کہ میری رحمت میرے غضب پر غالب ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4295]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
جب کسی کام میں ایک پہلو رحمت کا تقاضا کرتا ہو۔
اور دوسرا غضب کا مستوجب ہو تو اللہ کی رحمت کا معاملہ غضب کے پہلو پر غالب آجاتا ہے۔

(2)
اس کاایک مظہر یہ ہے کہ جب بندہ اللہ کی نافرمانی کرتا ہے۔
تو اللہ تعالیٰ بعض نیکیوں کی وجہ سے بعض گناہ فرما معاف دیتا ہے۔
اسی طرح نادانستہ طور پر ہوجانے والے غلط کاموں کو معاف فرمادیتا ہے۔

(3)
انسان خود اپنی بدعملیوں کی وجہ سے اور ان سے توبہ نہ کرنےکی وجہ سے اللہ کےغضب کا مستحق بنتا ہے۔

(4)
سلسلہ نبوت ورسالت کا جاری فرمانا اور کتابیں نازل فرمانا بھی اس کی رحمت کا اظہار ہے۔
اوراس سلسلے کے بند کردینے کے بعد مجددین دین اورداعیان حق کا ظہور و  وجود بھی رحمت الٰہی ہی کا مظہر ہے۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 4295   

  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:1160  
1160- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: اللہ تعالیٰ نے یہ بات ارشاد فرمائی ہے میری رحمت میرے غضب پر سبقت لے گئی ہے۔‏‏‏‏ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1160]
فائدہ:
یہ حدیث قدسی ہے، اللہ تعالیٰ کی رحمت اس کے غضب سے پہلے ہوتی ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ ٰ نے قرآن مجید میں متعدد مقامات پر ﴿انّ الله غفور رحیم﴾ کے الفاظ استعمال کیے ہیں اور اللہ تعالیٰ انسان پر رحمت ہی کرتا ہے۔
﴿وَلَوْ يُعَجِّلُ اللَّهُ لِلنَّاسِ الشَّرَّ اسْتِعْجَالَهُمْ بِالْخَيْرِ لَقُضِيَ إِلَيْهِمْ أَجَلُهُمْ فَنَذَرُ الَّذِينَ لا يَرْجُونَ لِقَاءَنَا فِي طُغْيَانِهِمْ يَعْمَهُونَ﴾ [10-يونس:11]
اور اگر اللہ لوگوں پر جلدی سے نقصان واقع کر دیا کرتا، جس طرح وہ فائدے کے لیے جلدی مچاتے ہیں، تو ان کا وعدہ بھی کا پورا ہو چکا ہوتا ہو ہم ان لوگوں کو جن کو ہمارے پاس آنے کا یقین نہیں ہے، ان کے حال پر چھوڑے رکھتے ہیں کہ اپنی سرکشی میں بھٹکتے رہیں۔
اس آیت میں اللہ تعالیٰ کی رحمت کا واضح تذکرہ ہے کہ لوگ عذاب میں جلدی بھی کرتے ہیں لیکن اللہ کی رحمت اس کے غضب پر سابق ہوتی ہے۔
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1158   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 6969  
حضرت ابوہر یرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"جب اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو پیدا کرنا چاہا،اپنے نوشتہ میں لکھا، جو اس کے پاس عرش کے اوپر ہے۔ میری رحمت میرے غضب پر غالب رہے گی۔" [صحيح مسلم، حديث نمبر:6969]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
اللہ کی رحمت اور غضب اس کی شان کے مطابق ہو گا،
جس کی کیفیت اور صورت کا ہمیں علم نہیں ہے،
اس لیے،
اس کے انکار،
تاویل و تشبیہ کی ضرورت نہیں ہے اور اللہ کی رحمت پہلے ہے اور غالب بھی ہے کیونکہ وہ تو بغیر کسی استحقاق کے حاصل ہو رہی ہے اور وہ ہمارے عمل کے نتیجہ ہی میں حاصل نہیں ہوتی،
اس کا آغاز تو ماں کے پیٹ میں سے ہو جاتا ہے اور اس کا غضب و ناراضی ہمارے برے اعمال کا نتیجہ ہے،
جس کا آغاز سن شعور اور تمیز سے ہوتا ہے اور رحمت غالب بھی ہے کہ بدی کا بدلہ ایک ہے اور نیکی کا بدلہ کم ازکم دس گنا سے سات سو گنا سے لے کر بلا حدو شمار ہے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6969   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7453  
7453. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو پیدا کرلیا تو عرش کے اوپر اپنے پاس یہ لکھا: میری رحمت میرے غضب سے آگے بڑھ گئی ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7453]
حدیث حاشیہ:
معلوم ہواکہ رحم اورغصہ دونوں صفا ت افعالیہ میں سے ہیں جب توایک دوسرے سےآگے ہوسکتاہے۔
آیت سےکلام کےقدیم نہ ہونے اورحدیث سےرحم اورغصے کی قدیم نہ ہونے کااثبات کیا۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7453   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 3194  
3194. حضرت ابوہریرہ ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب اللہ تعالیٰ سب خلق کو پیدا کرچکا تو اس نے اپنی کتاب (لوح محفوظ) میں، جو اسی کے پاس عرش پر ہے، یہ لکھا: میری رحمت میرے غضب پر غالب ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:3194]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث سے بھی ابتدائے خلق پر روشنی ڈالنا مقصود ہے۔
صفات الٰہی کے لیے جو الفاظ وارد ہوگئے ہیں ان کی حقیقت اللہ کے حوالہ کرنا اور ظاہر پر بلا چوں و چرا ایمان لانا یہی سلامتی کاراستہ ہے۔
طیبی نے کہا کہ رحمت کے غالب ہونے میں اشارہ ہے کہ رحمت کے مستحقین بھی تعداد کے لحاظ سے غضب کے مستحقین پر غالب رہیں گے، رحمت ایسے لوگوں پر بھی ہوگی جن سے نیکیوں کا صدور ہی نہیں ہوا۔
برخلاف اس کے غضب ان ہی لوگوں پر ہوگا جن سے گناہوں کا صدور ثابت ہوگا۔
اللهم ارحم علینا یا أرحم الراحمین۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3194   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7554  
7554. سیدنا ابو ہریرہ ؓ ہی سے روایت ہے انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا: اللہ تعالیٰ نے مخلوق پیدا کرنے سے پہلے ایک نوشتہ تحریر کیا کہ میری رحمت میرے غضب سے بڑھ کر ہے، اور وہ نوشتہ عرش کے اوپر اس کے پاس لکھا ہوا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7554]
حدیث حاشیہ:
اگلی روایت میں یہ گزرا کہ خلقت پیدا کرنے کے بعد یہ کتاب لکھی تودونوں میں اختلاف ہوا۔
اس کا جواب یہ دیا کہ قضی الخلق سے یہی مراد ہے کہ پہلے خلقت کا پیدا کرنا ٹھان لیا اگر یہ مراد ہو کہ پیدا کرچکا تب بھی موافقت اس طرح ہوگی کہ اس حدیث میں پیدا کرنے سے پہلے کتاب لکھنے سے یہ مراد ہے کہ کتاب لکھنے کا ارادہ کیا سووہ تو اللہ تعالیٰ ازل میں کرچکا تھا اور خلقت پیدا کرنے سے پہلے وہ موجود تھا۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7554   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3194  
3194. حضرت ابوہریرہ ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب اللہ تعالیٰ سب خلق کو پیدا کرچکا تو اس نے اپنی کتاب (لوح محفوظ) میں، جو اسی کے پاس عرش پر ہے، یہ لکھا: میری رحمت میرے غضب پر غالب ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:3194]
حدیث حاشیہ:

ایک روایت میں ہے کہ میری رحمت میرے غضب سے پہلے ہے۔
(صحیح البخاري، التوحید، حدیث: 7453)
جبکہ صفات باری تعالیٰ میں تقدم و تاخیر نہیں ہے دراصل رحمت کا تعلق غضب کے تعلق سے مقدم ہے کیونکہ رحمت اللہ کی ذات مقدسہ سے متعلق ہے اور غضب انسان کے عمل پر موقوف ہے۔
یہ تعلق حادث ہے اور اس میں تقدیم و تاخیر ممکن ہے۔

اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ عرش کی تخلیق قلم سے پہلے ہوئی جس کے ذریعے سے نوشتہ تقدیر کو ضبط تحریر میں لایا گیا۔

واضح رہے کہ رحمت کے غالب ہونے میں اشارہ ہے کہ رحمت کے مستحقین بھی مقدار کے اعتبار سے غضب کے مستحقین پر غالب رہیں گےرحمت ایسے لوگوں پر بھی ہوگی جن سے نیکیوں کا صدورہی نہیں ہوا جبکہ اس کا غضب صرف ان لوگوں پر ہوگا جن سے گناہوں کا صدور ہوا ہوگا۔
بہر حال امام بخاری ؒنے اس حدیث سے ابتدائے خلق کو ثابت کیا ہے۔
واللہ أعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3194   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7404  
7404. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ بیان کرتے ہیں کہ آپ نےفرمایا: جب اللہ تعالیٰ نے مخلوق پیدا کی تو اپنی کتاب میں لکھا: میں نے اپنے نفس پر لازم قرار دیا کہ میری رحمت میرے غصے پر غالب ہے۔ یہ نوشتہ اس نے اپنے پاس عرش پر رکھا ہوا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7404]
حدیث حاشیہ:
صحیح مسلم میں ہے کہ جب اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو پیدا کیا تو اپنی کتاب میں لکھا اور وہ تحریر اس کے پاس عرش پر ہے:
میری رحمت، میرے غضب پر غالب ہے۔
(صحیح مسلم، التوبة، حدیث: 6969(2751)
اس حدیث میں بھی ذات ِمقدسہ کے لیے لفظ نفس استعمال ہوا ہے۔
اس سے مراد ذات عالی صفات کے سمیت ہے۔
اس حدیث میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں لکھا:
میری رحمت، میرے غضب پر غالب ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
تمہارے رب نے اپنے اوپر رحمت کو لکھ لیا ہے، یعنی اسے لازم کر لیا ہے۔
(الأنعام: 54)
اس کتابت کے تین معنی ہیں:
۔
اسے ظاہر پر محمول کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے اسے خود تحریر کیا، چنانچہ فرمان نبوی ہے:
جب اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو پیدا کیا تو اپنے ہاتھ سے نوشتہ تقدیر لکھا۔
(سنن ابن ماجة، الزھد، حدیث: 4295)
۔
ممکن ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قلم کو لکھنے کا حکم دیا ہو اور اس کی بھی حدیث میں صراحت ہے۔
۔
یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے کلمہ "کن" سے ایسا کیا ہو، یعنی کن کہا اور نوشتہ تحریر ہو گیا۔
یہ تینوں معانی صحیح ہیں اور کتاب وسنت سے ثابت ہیں۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7404   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7453  
7453. سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو پیدا کرلیا تو عرش کے اوپر اپنے پاس یہ لکھا: میری رحمت میرے غضب سے آگے بڑھ گئی ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7453]
حدیث حاشیہ:

امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مقصد یہ ہے کہ وہ تحریر جو اللہ تعالیٰ نے کائنات کے پیدا کرنے سے پہلے لکھی تھی اس میں یہ لکھا تھا کہ ہمارے بندے جو رسول ہیں۔
اخلاقی اعتبار سے ضرور غالب رہیں گے۔
یہ تحریر انبیاء اور ان کی قوموں سے پہلے لکھی گئی تھی اللہ تعالیٰ کا یہ فیصلہ یعنی اس کا کلام غیر مخلوق ہے البتہ اس کا تعلق بندوں سے حادث ہے۔

اللہ تعالیٰ کا اپنے بندوں کی مدد کرنا اس رحمت کا نتیجہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی صفت ہے اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ رحمت اور غضب قدیم صفات ہیں اور دونوں صفات فعل سے ہیں صفات ذات سے نہیں اور دونوں فعلوں میں سے ایک کی دوسرے پر سبقت جائز ہے کیونکہ رحمت کا تقاضا ہے کہ دوسروں کو خیر و بھلائی سے نوازا جائے جبکہ غضب بندے کی نا فرمانی کے باعث وجود میں آتا ہے لہٰذا یہ دونوں صفات فعل ہونے کے باوجود ایک کا دوسرے سے سبقت کرنا جائز ہے۔
واللہ اعلم۔w
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7453   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7554  
7554. سیدنا ابو ہریرہ ؓ ہی سے روایت ہے انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا: اللہ تعالیٰ نے مخلوق پیدا کرنے سے پہلے ایک نوشتہ تحریر کیا کہ میری رحمت میرے غضب سے بڑھ کر ہے، اور وہ نوشتہ عرش کے اوپر اس کے پاس لکھا ہوا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7554]
حدیث حاشیہ:

ان دونوں روایات میں بظاہر تضاد ہے۔
ایک میں ہے کہ مخلوق کو پیدا کرنے کے بعد نوشتہ لکھا اور دوسری میں ہےکہ مخلوق کو پیدا کرنے سے پہلے اسے تحریر کیا۔
اس کا جواب یہ دیا گیا ہے کہ قضی الخلق کا مطلب ہے کہ اس نے پہلے خلقت کا پیدا کرنا ٹھان لیا۔
اگر اس سے مراد یہ ہو کہ وہ پیدا کر چکاتھا تو موافقت کی صورت یہ ہوگی کہ خلقت کی تخلیق سےپہلے تحریر لکھنے سے مراد کتاب لکھنے کا ارادہ کرنا ہے اور اللہ تعالیٰ ازل میں کر چکا تھا۔
اور خلقت کی تخلیق سے پہلے وہ ارادہ موجود تھا۔
واللہ أعلم۔

امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے ان احادیث سے ثابت کیا ہے کہ قرآن کریم لوح محفوظ میں لکھا ہوا ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا نام مصاحف میں لکھا ہوتا ہے۔
قرآن اللہ اتعالیٰ کا کلام ہے اور کلام متکلم کی ایسی صفت ہے جو اس کے ساتھ قائم ہے اس سے الگ نہیں ہوتی۔
کلام کا مطلب قطعاً یہ نہیں ہے کہ وہ ذات سے الگ ہو کر کسی دوسری چیز میں حلول کر گئی ہے مخلوق میں سے جب کوئی کلام کرتا ہے تو وہ بھی ذات سے الگ نہیں ہوتی اور کسی دوسری چیز میں حلول نہیں کرتی۔
چہ جائیکہ کلام الٰہی کے متعلق یہ تصور کیا جائے کہ وہ ذات باری تعالیٰ سے الگ ہو کر کسی دوسری چیز میں حلول ہوئی۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے۔
وہ بہت خطرناک بات ہے جو ان کے منہ سے نکلتی ہے جو کچھ وہ کہتے ہیں سراسر جھوٹ ہے۔
(الکهف: 18۔
5)

اللہ تعالیٰ نے خبر دی ہے کہ خطرناک بات ان کے منہ سے نکلتی ہے لیکن اس کے باوجود ان کی ذات سے الگ نہیں ہوتی۔

پیش کردہ احادیث سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی کچھ ایسی فعلی صفات بھی ہیں جو اصل کے اعتبار سے قدیم ہوتی ہے لیکن مخلوق سے تعلق حادث ہوتا ہے جیسا کہ غضب اور رحمت ہے حدیث میں سبقت سے مراد یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت کا تعلق اس کے غضب کے تعلق سے مقدم ہے۔
اگر یہ معنی نہ کیے جائیں تو رحمت کا غضب سے سبقت لے جانا متصور نہیں ہوتا کیونکہ غضب صفت قدیمہ ہے اور قدیم وہ ہوتا ہے جو مسبوق بالعدم نہ ہو اور نہ کوئی اس کے آگے ہی ہو اسی طرح کلام الٰہی قدیم ہے لیکن اس کا لوح محفوظ سے تعلق حادث ہے۔
واللہ أعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7554   



https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.