الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 3678
´شراب کن چیزوں سے بنتی ہے؟` ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”شراب ان دو درختوں کھجور اور انگور سے بنتی ہے ۱؎۔“[سنن ابي داود/كتاب الأشربة /حدیث: 3678]
فوائد ومسائل: فائدہ: اس باب میں تین احادیث بیان کی گئی ہیں۔ پہلی دو احادیث میں رسول اللہ ﷺنے صراحتا متعدد اشیاء بیان فرمایئں۔ جن سے شراب بنائی جاتی تھی۔ آپﷺ کے فرمان کا مقصد بھی یہی ہے۔ کہ شراب کسی بھی چیز سے بنے اگر نشہ آور ہے تو خمر ہے اور حرام ہے۔ تیسری حدیث میں ر سول اللہ ﷺنے یہ بتایا ہے۔ کہ شراب جو عام طور پر ملتی ہے۔ اور رائج ہے۔ وہ ان دو پھلوں سے بنی ہوتی ہے۔ ان الفاظ سے بعض لوگوں نے جو یہ مفہوم نکالاہے۔ کہ شراب صرف وہی ہوگی جو ان دو پھلوں سے بنائی جائے گی۔ درست نہیں۔ رسول اللہ ﷺ کا یہ مقصد نہ ہوسکتا ہے اور نہ تھا۔ یہ آپﷺ کے ایک مختصر قول کو آپﷺ کی بیان کردہ وضاحت سے الگ کرکے اپنی مرضی کا مفہوم بنانے کی کوشش ہے۔ جو کسی طرح بھی روا نہیں۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3678