عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ کے نزدیک انصاف کرنے والے لوگ رحمان (اللہ) کے دائیں نور کے منبر پر ہوں گے“۱؎، یعنی وہ لوگ جو اپنے فیصلوں میں اپنے گھر والوں کے ساتھ اور ان لوگوں کے ساتھ جو ان کے تابع ہیں انصاف کرتے ہیں۔ مدد بن آدم کی روایت میں ہے: ”اللہ کے دونوں ہاتھ داہنے ہیں“۔
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5381
اردو حاشہ: (1) عدل و انصاف سے مراد ہرحق والے کو اس کا حق دینا ہے۔ اور لوگوں سے ان کے مقام و مرتبے کے مطابق سلوک کرنا ہے، خواہ عدالت کی کرسی ہو یا حاکم کا تخت، گھر ہو یا باہر، مسجد ہو یا مدرسہ۔ (2)”دائیں جانب“ مراد عزت و احترام ہے کیونکہ دایاں ہاتھ یا دائیں جانب عزت و احترام کی علامت خیال کیے جاتے ہیں ورنہ اللہ تعالیٰ کے دونوں ہاتھ ہی داہنے ہیں، جیسا کہ خود حدیث کے آخری الفاظ صریح ہیں۔ 3۔ ”نور کے منبر“ لکڑی اور پتھر کا منبر ہو سکتا ہے تو نور کا کیوں نہیں؟ جب کہ فرشتے قطعاً نوری مخلوق ہیں۔ بعض محققین نے اس سے بلند درجات مراد لیے ہیں مگر منبر کی نفی کی ضرورت نہیں۔ منبر بھی تو درجات ہی ہوں گے۔ (4)”دونوں ہاتھ داہنے ہیں“ یعنی ان میں کوئی نقص یا کمی نہیں جب کہ انسان کا بایاں دائیں سے ناقص ہوتا ہے۔ (5) اس روایت میں اللہ تعالیٰ کے لیے لفظ یدٌ یعنی ”ہاتھ“ استعمال فرمایا گیا ہے۔ گویا اللہ تعالیٰ کی شان میں یہ لفظ استعمال ہوسکتا ہے۔ اس سے تشبیہ یا تجسیم لازم نہیں آئے گی۔ اسی طرح آنکھ، کان پاؤں وغیرہ۔ اگر ان الفاظ سے کوئی خرابی لازم آتی ہوتی یا یہ باری تعالیٰ کے شایان شان نہ ہوتے تو قرآن و حدیث میں اللہ تعالیٰ کے لیے یہ الفاظ استعمال نہ ہوتے۔ ان پیچیدہ مسائل کو اللہ اور اس کا رسول ہی بہتر جانتے ہیں۔ ہمیں خواہ مخواہ اس میں ٹانگ نہیں اڑانی چاہیے اور اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو مشورے نہیں دینے چاہئیں۔ رموز مصلحت ملک خسرواں دانند۔ البتہ ہم ان الفاظ سے اللہ تعالیٰ کی ذات میں وہ مفہوم مراد نہیں لے سکتے جو انسانوں وغیرہ میں لیے جاتے ہیں۔ وہ ایسے ہیں جیسے اس کی شان کے لائق ہیں کیونکہ ﴿لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ﴾(الشوریٰ، 11:42) اللہ تعالیٰ کی ذات اور اس کی صفات ہماری عقل میں آنے والی چیزیں نہیں اور نہ ہماری عقل ان مسائل کو حل کرنے یا سمجھنے کے لیے بنائی گئی ہے اور نہ اس میں یہ استعداد ہی ہے بھلا ایک محدود سے لا محدود کا احاطہ کس طرح ممکن ہے۔ ہمارا کام صرف یہ ہے کہ ہم انہیں تسلیم کریں، استعمال کریں اور حقیقت کی بحث نہ کریں کیونکہ ہم سے ایسی باتیں نہیں پوچھی جائیں گی۔ درحقیقت یہ عقل مندی ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5381