علوم الحدیث عند الحافظ ابن حجر رحمہ اللہ
بعض شخصیات امت مسلمہ کی محسن ہیں ان میں سے ایک شیخ الاسلام حافظ الدنیا حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ بھی ہیں ، جن کی تصنیفات سے امت مسلمہ فائدہ اٹھا رہی ہے۔
آپ نے اپنی زندگی حدیث اور علوم حدیث کی خدمت میں گزار دی۔
راقم فقیر نے موصوف کی بعض کتب اپنے دور کے محدثین سے پڑھیں مثلا شرح نخبۃ الفکر استاذ محترم محدث العصر شیخ ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ سے مکمل پڑھی ، استاذ محترم شرح نخبہ کے دوران حافظ ابن حجر کی دیگر کتب کے بہت زیادہ حوالے لکھواتے تھے ، چونکہ مختصر کتاب میں مکمل بحوث کا احاطہ ناممکن ہوتا ہے۔
اس جلیل القدر خادم حدیث کی علوم حدیث ایک اتھارٹی کی حیثیت رکھتی ہیں ، ان کی اہمیت کے پیش نظر یہ موسوعہ پیش کیا جارہا ہے امید واثق ہے کہ طلبہ علوم نبوت اس سے بھر پور استفادہ کریں گے ۔ان شاءاللہ
آج میں سجدہ شکر کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے ایک منفرد موسوعہ مکمل کرنے کی توفیق دی۔
اس میں حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ کی تقریبا تمام اہم کتب سے علوم حدیث کی منتشر بحوث کو ایک اچھی اور آسان ترتیب کے ساتھ جمع کردیا گیا ہے ۔
شرح نخبہ ، النکت علی ابن الصلاح کو مکمل جمع کرنے کے بعد بقیہ تمام کتب مثلاً فتح الباری ، الاصابہ ، تلخیص الحبیر ، تھذیب التھذیب،لسان المیزان وغیرہ سے علوم حدیث کے فوائد کو جمع کردیا گیا ہے۔