كتاب الصلاة کتاب: نماز کے احکام و مسائل 54. باب مَا جَاءَ فِي فَضْلِ الصَّفِّ الأَوَّلِ باب: پہلی صف کی فضیلت کا بیان۔
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: ”مردوں کی سب سے بہتر صف پہلی صف ہے ۱؎ اور سب سے بری آخری صف اور عورتوں کی سب سے بہتر صف آخری صف ۲؎ ہے اور سب سے بری پہلی صف“ ۳؎۔
۱- ابوہریرہ رضی الله عنہ کی حدیث حسن صحیح ہے، ۲- اس باب میں جابر، ابن عباس، ابوسعید، ابی بن کعب، عائشہ، عرباض بن ساریہ اور انس رضی الله عنہم سے بھی احادیث آئی ہیں، ۳- نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم سے یہ بھی مروی ہے کہ آپ پہلی صف والوں کے لیے تین بار استغفار کرتے تھے اور دوسری کے لیے ایک بار۔ تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/الصلاة 28 (440)، سنن ابی داود/ الصلاة 98 (678)، سنن النسائی/الإمامة 32 (821)، سنن ابن ماجہ/الإقامة 52 (1000)، (تحفة الأشراف: 12701)، مسند احمد (2/247، 336، 340، 366، 485)، سنن الدارمی/الصلاة 52 (1304) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: پہلی صف سے مراد وہ صف ہے جو امام سے متصل ہو ”سب سے بہتر صف پہلی صف ہے“ کا مطلب یہ ہے کہ دوسری صفوں کی بہ نسبت اس میں خیر و بھلائی زیادہ ہوتی ہے کیونکہ جو صف امام سے قریب ہوتی ہے اس میں جو لوگ ہوتے ہیں وہ امام سے براہ راست فائدہ اٹھاتے ہیں، تلاوت قرآن اور تکبیرات سنتے ہیں، اور عورتوں سے دور رہنے کی وجہ سے نماز میں خلل انداز ہونے والے وسوسوں اور برے خیالات سے محفوظ رہتے ہیں، اور آخری صف سب سے بری صف ہے کا مطلب یہ ہے کہ اس میں خیر و بھلائی دوسری صفوں کی بہ نسبت کم ہے، یہ مطلب نہیں کہ اس میں جو لوگ ہوں گے وہ برے ہوں گے۔ قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (1000 و 1001)
ابوہریرہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگر لوگوں کو معلوم ہو جائے کہ اذان اور پہلی صف میں کیا ثواب ہے، اور وہ اسے قرعہ اندازی کے بغیر نہ پا سکتے تو اس کے لیے قرعہ اندازی کرتے“۔
تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الأذان 9 (615)، و32 (654)، و72 (721)، والشہادات 30 (2689)، صحیح مسلم/الصلاة 28 (437)، سنن النسائی/المراقبة 22 (541)، و31 (673)، سنن ابن ماجہ/الإقامة 51 (998)، (تحفة الأشراف: 12570)، موطا امام مالک/الصلاة 1 (2)، و صلاة الجماعة 2 (6)، مسند احمد (2/236، 278، 303، 375، 376، 424، 466، 472، 479، 531، 533) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (998)
نیز قتیبہ نے مالک سے اسی طرح کی حدیث روایت کی ہے۔
تخریج الحدیث: «انظر ما قبلہ (صحیح)»
|