مختصر صحيح بخاري سے متعلقہ
تمام کتب
عربی
اردو
جب ہوا چلے (تو کیا کرنا چاہیے؟)۔
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جب تیز ہوا چلتی تھی تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے چہرے پر خوف کے آثار معلوم ہوتے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 557]
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانا کہ بادصبا (یعنی ہوا) کے ذریعے میری مدد کی گئی ہے۔
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بادصبا (یعنی مشرقی ہوا) کے ذریعہ میری مدد کی گئی اور (قوم) عاد، مغربی ہوا سے برباد کی گئی تھی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 558]
زلزلوں اور (قیامت کی) علامات کے بارے میں کیا کہا گیا ہے؟
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے اللہ! ہمارے شام میں اور ہمارے یمن میں برکت دے۔“ کہتے ہیں کہ لوگوں نے عرض کی اور ہمارے نجد میں بھی (برکت کی دعا مانگیں) تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے اللہ! ہمارے شام میں اور ہمارے یمن میں برکت دے۔“ کہتے ہیں کہ صحابہ نے عرض کی اور ہمارے نجد میں (بھی برکت کی دعا مانگیں) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”وہاں زلزلے ہوں گے اور فتنے ہوں گے اور شیطان کا گروہ وہیں سے نکلے گا۔“ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 559]
سوا اللہ بزرگ و برتر کے کوئی نہیں جانتا کہ بارش کب ہو گی؟
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”غیب کی کنجیاں پانچ ہیں جن کو اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ (1) کوئی نہیں جانتا کہ کل کیا ہو گا (2) کوئی نہیں جانتا کہ شکم مادر میں کیا چیز ہے (3) کوئی نہیں جانتا کہ وہ کل کیا کرے گا (4) کوئی نہیں جانتا کہ وہ کس مقام میں مرے گا (5) کوئی نہیں جانتا کہ بارش کب ہو گی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 560]