🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

بلوغ المرام سے متعلقہ
تمام کتب
ترقیم شاملہ
عربی
اردو
حدیث کتب میں نمبر سے حدیث تلاش کریں:

بلوغ المرام میں ترقیم شاملہ سے تلاش کل احادیث (1359)
حدیث نمبر لکھیں:
حدیث میں اردو لفظ/الفاظ تلاش کریں
اردو لفظ / الفاظ لکھیں:
حدیث میں اردو لفظ/الفاظ تلاش کریں
اردو لفظ / الفاظ لکھیں:
نماز میں خشوع و خضوع کی ترغیب کا بیان
اظهار التشكيل
حدیث نمبر: 189
وعن أبي ذر رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: «‏‏‏‏إذا قام أحدكم في الصلاة فلا يمسح الحصى،‏‏‏‏ فإن الرحمة تواجهه» . رواه الخمسة بإسناد صحيح،‏‏‏‏ وزاد أحمد:«‏‏‏‏واحدة أو دع» .‏‏‏‏ وفي الصحيح عن معيقيب نحوه بغير تعليل.
سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب تم میں سے کوئی شخص نماز ادا کر رہا ہو تو (سجدہ گاہ) سے سنگریزوں (کنکریوں) کو اپنے ہاتھ سے نہ ہٹائے۔ کیونکہ (اس وقت) رحمت خداوندی نمازی کی طرف متوجہ ہوتی ہے۔
اسے پانچوں یعنی احمد، ابوداؤد، ترمذی، نسائی اور ابن ماجہ نے صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے۔ مسند احمد میں اتنا اضافہ ہے کہ (اگر کنکریاں ہٹانا ہی ہیں تو) ایک مرتبہ ہٹا دو یا چھوڑ دو۔ اور صحیح بخاری میں یہی روایت معیقیب سے مروی ہے اس میں سبب کا بیان نہیں ہے۔ [بلوغ المرام/حدیث: 189]
تخریج الحدیث: «أخرجه أبوداود، الصلاة، باب في مسح الحصي في الصلاة، حديث:945، والترمذي، الصلاة، حديث:379، والنسائي، الصلاة، حديث:1192، وابن ماجه، الصلاة، حديث:1027، وأحمد:5 /150، وحديث معيقيب أخرجه البخاري، العمل في الصلاة، حديث: 1207، ومسلم، الصلاة، حديث:546.»

تخريج الحديث:
کتاب
نمبر
مختصر عربی متن
سنن النسائى الصغرى
1192
لا يمسح الحصى فإن الرحمة تواجهه
جامع الترمذي
379
لا يمسح الحصى فإن الرحمة تواجهه
سنن أبي داود
945
لا يمسح الحصى
سنن ابن ماجه
1027
لا يمسح بالحصى
بلوغ المرام
189
ذا قام احدكم في الصلاة فلا يمسح الحصى،‏‏‏‏ فإن الرحمة تواجهه
بلوغ المرام کی حدیث نمبر 189 کے فوائد و مسائل
علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 189
لغوی تشریح:
«فَلَا يَمْسَح» یعنی پیشانی رکھنے یا سجدہ کرنے کی جگہ سے کنکریاں نہ ہٹائے۔
«اَلْحُصٰي» چھوٹے سنگریزے، چھوٹی چھوٹی کنکریاں۔
«زَادَ أَحْمَدُ» امام أحمد نے اتنا اضافہ نقل کیا ہے کہ اگر کنکریوں کے ہٹانے کی اشد ضرورت ہو تو پھر ایک مرتبہ ہٹا لے یا چھوڑ دے، ہاتھ بھی نہ لگائے۔
«بِغَيْرِ تَعْلِيلِ» اس میں علت، سبب اور وجہ بیان نہیں کی گئی، یعنی اس روایت میں یہ نہیں کہ رحمت الٰہی اس کی طرف متوجہ ہوتی ہے۔

فوائد و مسائل:
➊ یہ حدیث راہ نمائی کرتی ہے کہ نماز میں سجدہ گاہ کو ہموار اور صاف نہیں کرنا چاہیے، اگر ضرورت اس بات کی متقاضی ہو تو نماز سے پہلے یہ عمل کر لیا جائے۔
➋ اس ممانعت کی وجہ یہ معلوم ہوتی ہے کہ نماز میں، نماز کے ماسوا دوسری کسی چیز کا خیال نہیں ہونا چاہیے۔ اگر سجدے کی وجہ سے پیشانی خاک آلود ہو جائے تو دوران نماز میں اسے ہاتھ یا کپڑے سے صاف نہیں کرنا چاہیے، اس لیے کہ اس موقع پر رحمت الہٰی نمازی کی جانب متوجہ ہوتی ہے، اگر نمازی ایسا فعل کرے گا تو رحمت سے محروم رہ جانے کا اندیشہ ہے، البتہ شدید ضرورت کے لاحق ہونے کی صورت میں جائز ہے۔

راویٔ حدیث:
(سیدنا معیقیب رضی اللہ عنہ) میم پر ضمہ اور عین پر فتحہ ہے۔ معیقیب بن ابوفاطمہ قبیلہ دوس سے تعلق رکھنے کی وجہ سے دوسی کہلائے۔ مکہ کے قدیم الاسلام صحابہ رضی اللہ عنہم میں سے ہیں۔ حبشہ کی ہجرت ثانیہ میں شامل تھے۔ غزوہ بدر میں شریک ہوئے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی انگوٹھی ان کے پاس ہوتی تھی یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مہر پر متعین تھے۔ سیدنا ابوبکر اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہما نے ان کو بیت المال کا عامل مقرر کیا۔ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی خلافت میں وفات پائی۔
[بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 189]

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1192
نماز میں کنکری پر ہاتھ پھیرنے سے ممانعت کا بیان۔
ابوذر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی نماز کے لیے کھڑا ہو تو وہ کنکری پر ہاتھ نہ پھیرے، کیونکہ رحمت اس کا سامنا کر رہی ہوتی ہے۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب السهو/حدیث: 1192]
1192۔ اردو حاشیہ: چونکہ نماز دراصل اللہ تعالیٰ سے سرگوشی کرنا ہے۔ کسی سے باتیں کرتے ہوئے ادھر ادھر متوجہ ہونا اور فضول کام کرنا اس سے بے توجہی ہے۔ ظاہر ہے جب کوئی شخص نماز میں اللہ تعالیٰ سے بے توجہی کرتا ہے تواللہ تعالیٰ بھی اس سے منہ پھیر لے گا اور وہ شخص رحمت الہٰی سے محروم رہے گا، البتہ اگر ضرورت ہو، مثلاً: سجدے کے لیے جگہ ہموار کرنا مقصود ہو تو صرف ایک دفعہ کنکریاں ہموار کر سکتا ہے، ورنہ وہ سارے سجدے میں بے چین رہے گا اور نماز کا خشوع ختم ہو جائے گا۔
[سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1192]

الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 379
نماز میں کنکری ہٹانے کی کراہت کا بیان۔
ابوذر رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی نماز کے لیے کھڑا ہو تو اپنے سامنے سے کنکریاں نہ ہٹائے ۱؎ کیونکہ اللہ کی رحمت اس کا سامنا کر رہی ہوتی ہے۔‏‏‏‏ [سنن ترمذي/كتاب الصلاة/حدیث: 379]
اردو حاشہ:
1؎:
اس ممانعت کی وجہ یہ ہے کہ نمازی نماز میں نماز کے علاوہ دوسری چیزوں کی طرف متوجہ نہ ہو،
اس لیے کہ اللہ کی رحمت اس کی جانب متوجہ ہوتی ہے،
اگر وہ دوسری چیزوں کی طرف توجہ کرتا ہے تو اندیشہ ہے کہ اللہ کی رحمت اس سے روٹھ جائے اور وہ اس سے محروم رہ جائے اس لیے اس سے منع کیا گیا ہے۔

نوٹ:
(ابوالأحوص لین الحدیث ہیں)
[سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 379]