حفص بن غیاث نے سلیمان تیمی سے اور انھوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس دو آدمیوں کو چھینک آئی تو آپ نے ایک آدمی کو چھینک کی دعانہ دی۔ آپ نے جس کو چھینک کی دعانہ دی تھی اس نے کہا: فلاں کو چھینک آئی تو آپ نے اس پر اسے دعادی اور مجھے چھینک آئی تو آپ نے مجھے اس پر دعا نہ دی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اس نے الحمد اللہ کہا تھا اور تم نے الحمداللہ نہیں کیا۔"
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں:نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس دو آدمیوں کو چھینک آئی تو آپ نے ایک آدمی کو چھینک کی دعانہ دی۔ آپ نے جس کو چھینک کی دعانہ دی تھی اس نے کہا: فلاں کو چھینک آئی تو آپ نے اس پر اسے دعادی اور مجھے چھینک آئی تو آپ نے مجھے اس پر دعا نہ دی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"اس نے الحمد اللہ کہا تھا اور تم نے الحمداللہ نہیں کہا۔"
صحيح مسلم مختصر مع شرح نووي: تحت الحديث صحيح مسلم 7486
� تشریح: نووی رحمہ اللہ نے کہا: کتاب السلام میں اس کی بحث گزر چکی اور اہل ظاہر کے نزدیک چھینک کا جواب دینا واجب ہے اور امام مالک رحمہ اللہ کے نزدیک فرض کفایہ ہے اور شافعی رحمہ اللہ کے اور اکثر علماء کے نزدیک سنت ہے۔
مختصر شرح نووی، حدیث/صفحہ نمبر: 7486
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 7486
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: چھینک آنے سے دماغ کے فضلات خارج ہوتے ہیں، جس سے انسان کا دماغ ہلکا ہوجاتا ہے اور اس کا جسم راحت و سکون محسوس کرتاہے، اس لیے اس پر اللہ کی حمد اور اس کا شکر بجالاتے ہوئے، الحمدللہِ کہنا چاہیے اور سننے والے کو اس کی خیروبرکت کی دعا دیتے ہوئے، يرحمك الله کہنا چاہیے، اگر چھینکنے والا الحمدلله نہیں کہتا، تو اس کو دعائے خیر دینا ضروری نہیں ہے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 7486
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 5039
´چھینکنے والا «الحمد الله» نہ کہے تو اس کا جواب دینا کیسا ہے؟` انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ دو لوگوں کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس چھینک آئی تو آپ نے ان میں سے ایک کی چھینک کا جواب دیا اور دوسرے کو نہ دیا، تو آپ سے پوچھا گیا: اللہ کے رسول! دو لوگوں کو چھینک آئی، تو آپ نے ان میں سے ایک کو جواب دیا؟۔ احمد کی روایت میں اس طرح ہے: کیا آپ نے ان دونوں میں سے ایک کو جواب دیا، دوسرے کو نہیں دیا ہے؟ تو آپ نے فرمایا: دراصل اس نے «الحمد الله» کہا تھا اور اس نے «الحمد الله» نہیں کہا تھا۔ [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 5039]
فوائد ومسائل: جوشخص چھینک آنے پر (الحمد للہ) نہ کہے۔ وہ اپنے بھائی کے جواب اور اس کی دعا کا مستحق نہیں رہتا۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 5039
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3713
´چھینک کا جواب۔` انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے دو آدمیوں نے چھینکا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک کے جواب میں «يرحمك الله»”اللہ تم پر رحم کرے“ کہا، اور دوسرے کو جواب نہیں دیا، تو عرض کیا گیا: اللہ کے رسول! آپ کے سامنے دو آدمیوں نے چھینکا، آپ نے ایک کو جواب دیا دوسرے کو نہیں دیا، اس کا سبب کیا ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ایک نے (چھینکنے کے بعد) «الحمد لله» کہا، اور دوسرے نے نہیں کہا۔“[سنن ابن ماجه/كتاب الأدب/حدیث: 3713]
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) اللہ کی تعریف کرنے کا مطلب یہ ہے کہ جسے چھینک آئے اسے چاہیے کہ (الحمد لله) کہے۔
(2) دعا دینے کا مطلب یہ ہے کہ سننے والا (يرحمك الله) کہے۔
(3) چھینک کے بعد (الحمد لله) کہنے والے کو (يرحمك الله) کہہ کر دعا دینا مسلمان کا مسلمان پر حق ہے۔ دیکھیے: (صحيح البخاري، الأدب، باب مايستحب من العطاس، وما يكره من التثاؤب، حديث: 6223)
(4)(الحمد لله) نہ کہنے والے کو دعا نہ دینا اس کی تنبیہ کے لیے ہے تا کہ وہ آئندہ غفلت نہ کرے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3713
الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:1242
1242- سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں دوآدمیوں کو چھینک آئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک کو جواب دیا اور دوسرے کو جواب نہیں دیا۔ اس نے عرض کی: یارسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم)! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے جواب دیا ہے مجھے جوا ب نہیں دیا، تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”اس نے اللہ تعالیٰ کی حمد بیان کی تھی جبکہ تم نے حمد بیان نہیں کی۔“[مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1242]
فائدہ: اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جس کو چھینک آئے اور وہ حمد وثناء نہ کرے تو اس کو دعا (یرحمک اللہ) نہیں دینی چاہیے، اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا کی بڑی فکر ہوتی تھی۔
مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1240
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6225
6225. حضرت انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ دو آدمیوں کو نبی ﷺ کی موجودگی میں چھینک آئی تو آپ نے ایک کو جواب دیا اور دوسرے کو جواب نہ دیا۔ دوسرے آدمی نے عرض کی: اللہ کے رسول! آپ نے اس کی چھینک کا جواب دیا ہے لیکن میرے چھینک مارنے پر جواب نہیں دیا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”اس نے الحمدللہ کہا تھا اور تو نے نہیں کہا تھا۔“[صحيح بخاري، حديث نمبر:6225]
حدیث حاشیہ: چھینک کا جواب دینے میں مندرجہ ذیل صورتیں مستثنیٰ ہیں: ٭ جو شخص چھینک کر الحمدللہ نہ کہے، اسے جواب نہ دیا جائے جیسا کہ مذکورہ حدیث میں ہے۔ ٭ کفار و مشرکین کی چھینک کا بھی جواب نہیں دینا چاہیے جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یہودیوں کو جواب نہیں دیتے تھے۔ ٭ جو زکام کی وجہ سے چھینک مارے وہ بھی جواب کا حقدار نہیں جیسا کہ ہم نے پہلے لکھا ہے۔ ٭ خطبۂ جمعہ کے وقت چھینک کا جواب نہیں دینا چاہیے کیونکہ اس وقت خطبہ سننا فرض ہے۔ ٭ حالت جماع اور قضائے حاجت کے وقت کسی کو چھینک آئے تو اس کے جواب میں تاخیر کی جا سکتی ہے۔ (فتح الباري: 10/739)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6225