مسند الحميدي کل احادیث 1337 :حدیث نمبر
کتاب مسند الحميدي تفصیلات

مسند الحميدي
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کی منقول حج سےمتعلق روایات
حدیث نمبر: 528
Save to word اعراب
528 - حدثنا الحميدي قال: ثنا سفيان قال: ثنا عاصم بن كليب، عن ابيه، عن ابن عباس «ان النبي صلي الله عليه وسلم امر رجلا حين لاعن بين المتلاعنين ان يضع يده علي فيه عند الخامسة» وربما قال سفيان فيه فإنها موجبة528 - حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ قَالَ: ثنا سُفْيَانُ قَالَ: ثنا عَاصِمُ بْنُ كُلَيْبٍ، عَنْ أَبِيهِ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ «أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّي اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَمَرَ رَجُلًا حِينَ لَاعَنَ بَيْنَ الْمُتَلَاعِنَيْنِ أَنْ يَضَعَ يَدَهُ عَلَي فِيهِ عِنْدَ الْخَامِسَةِ» وَرُبَّمَا قَالَ سُفْيَانُ فِيهِ فَإِنَّهَا مُوجِبَةٌ
528- سيدنا عبدالله بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں: جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دو لعان کرنے والوں کرنے والوں کے درمیان لعان کروایا، تو جب وہ شخص پانچویں مرتبہ جملہ کہنے لگا، تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو یہ ہدایت کی کہ وہ اس کے منہ پر ہاتھ رکھ دے۔ سفیان نامی راوی نے اس روایت میں بعض اوقات یہ الفاظ نقل کئے ہیں۔ بے شک یہ (پانچواں جملہ) واجب کردے گا (یعنی جھوٹا ہونے کی صورت میں عذاب کو لازم کردے گا۔

تخریج الحدیث: «إسناده صحيح ووالنسائي فى «المجتبیٰ» برقم: 3472، والنسائي فى «الكبریٰ» برقم: 5636، وأبو داود فى «سننه» برقم: 2255، والبيهقي فى «سننه الكبير» برقم: 15439»

   صحيح البخاري6856عبد الله بن عباساللهم بين فوضعت شبيها بالرجل الذي ذكر زوجها أنه وجده عندها فلاعن النبي بينهما فقال رجل لابن عباس في المجلس هي التي قال النبي لو رجمت أحدا بغير بينة رجمت هذه
   صحيح البخاري4747عبد الله بن عباسالبينة وإلا حد في ظهرك فقال هلال والذي بعثك بالحق إني لصادق فلينزلن الله ما يبرئ ظهري من الحد فنزل جبريل وأنزل عليه والذين يرمون أزو
   صحيح البخاري5316عبد الله بن عباساللهم بين فوضعت شبيها بالرجل الذي ذكر زوجها أنه وجد عندها فلاعن رسول الله بينهما
   صحيح البخاري5310عبد الله بن عباساللهم بين فجاءت شبيها بالرجل الذي ذكر زوجها أنه وجده فلاعن النبي بينهما
   صحيح البخاري5307عبد الله بن عباسيعلم أن أحدكما كاذب فهل منكما تائب ثم قامت فشهدت
   صحيح البخاري2671عبد الله بن عباسالبينة أو حد في ظهرك فقال يا رسول الله إذا رأى أحدنا على امرأته رجلا ينطلق يلتمس البينة فجعل يقول البينة وإلا حد في ظهرك فذكر حديث اللعان
   صحيح مسلم3758عبد الله بن عباساللهم بين فوضعت شبيها بالرجل الذي ذكر زوجها أنه وجده عندها فلاعن رسول الله بينهما
   جامع الترمذي3179عبد الله بن عباسالبينة وإلا فحد في ظهرك قال فقال هلال والذي بعثك بالحق إني لصادق ولينزلن في أمري ما يبرئ ظهري من الحد فنزل والذين يرمون أز
   سنن أبي داود2255عبد الله بن عباسأمر المتلاعنين أن يتلاعنا أن يضع يده على فيه عند الخامسة يقول إنها موجبة
   سنن النسائى الصغرى3497عبد الله بن عباسلاعن رسول الله بين العجلاني وامرأته وكانت حبلى
   سنن النسائى الصغرى3502عبد الله بن عباسأمر رجلا حين أمر المتلاعنين أن يتلاعنا أن يضع يده عند الخامسة على فيه وقال إنها موجبة
   سنن النسائى الصغرى3501عبد الله بن عباساللهم بين فوضعت شبيها بالذي ذكر زوجها أنه وجده عندها فلاعن رسول الله بينهما فقال رجل لابن عباس في المجلس أهي التي قال رسول الله لو رجمت أحدا بغير بينة رجمت هذه قال ابن عباس لا تلك امرأة كانت تظهر الشر في الإسلام
   سنن النسائى الصغرى3500عبد الله بن عباساللهم بين فوضعت شبيها بالرجل الذي ذكر زوجها أنه وجده عندها فلاعن رسول الله بينهما فقال رجل لابن عباس في المجلس أهي التي قال رسول الله لو رجمت أحدا بغير بينة رجمت هذه قال ابن عباس لا تلك امرأة كانت تظهر في الإسلام الشر
   سنن ابن ماجه2067عبد الله بن عباسالبينة أو حد في ظهرك فقال هلال بن أمية والذي بعثك بالحق إني لصادق ولينزلن الله في أمري ما يبرئ ظهري قال فنزلت والذين يرمون أزواجهم ولم يكن لهم شهداء إلا أنفسهم حتى بلغ والخامسة أن غضب الله عليها إن كان من الصادقين
   بلوغ المرام1050عبد الله بن عباس البينة وإلا فحد في ظهرك
   بلوغ المرام939عبد الله بن عباسامر رجلا ان يضع يده عند الخامسة على فيه وقال: ‏‏‏‏إنها موجبة
   مسندالحميدي528عبد الله بن عباسأن النبي صلى الله عليه وسلم أمر رجلا حين لاعن بين المتلاعنين أن يضع يده على فيه عند الخامسة

مسند الحمیدی کی حدیث نمبر 528 کے فوائد و مسائل
  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:528  
فائدہ:
اللہ تعالیٰ نے سورۃ النور (6۔ 9) میں مسئلہ لعان کی تفصیل بیان کی ہے، اس مسئلے پر آیات کے نزول کی وجہ اور تفصیل ایک حدیث میں یوں بیان کی گئی ہے کہ سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ایک آدمی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھنے لگا: اگر ایک آدمی اپنی بیوی کے پاس کسی غیر مرد کو پائے، تو یا تو وہ بات کرے گا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسے کوڑے ماریں گے، یا وہ (اسے) قتل کر دے گا، بدلے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کو قتل کر دیں گے، یا وہ خاموش رہے گا، تو بھی غیظ پر خاموش رہے گا
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ﴿اللهم افتح﴾ (اے اللہ! تو فیصلہ فرما دے) اور دعا کرنے لگے تو لعان کی آیات نازل ہوئیں: ﴿وَالَّذِينَ يَرْمُونَ الْمُحْصَنَاتِ۔۔۔۔ إِن كَانَ مِنَ الصَّادِقِينَ﴾ (النور: 3-9) تو وہی آدمی اس آزمائش میں مبتلا ہو گیا، چنانچہ وہ اور اس کی بیوی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور انہوں نے لعان کیا، مرد نے اللہ تعالیٰ کی چار قسمیں کھائیں کہ وہ یقینا سچوں میں سے ہے، پھر پانچویں دفعہ اس نے لعنت کی کہ اس پر لعنت ہوا گر وہ جھوٹوں میں سے ہے، پھر وہ عورت لعنت کر نے لگی، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فر مایا ثھہرو ٹھہرو، مگر وہ نہیں مانی اور اس نے لعان کر دیا، جب وہ واپس گئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: شاید کہ وہ سیاہ گھنگریالے بالوں والے بچے کو جنم دے، تو اس نے سیاہ گھنگریالے بالوں والے بچے ہی کو جنم دیا۔ [صحيح مسلم: 1495]، جب لعان ہو جائے تو میاں بیوی بغیر طلاق کے ایک دوسرے پر مستقل طور پر حرام ہو جائیں گے۔ [صحيح البخاري: 4746]
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 528   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 1050  
´تہمت زنا کی حد کا بیان`
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اسلام میں لعان کا پہلا واقعہ شریک بن سحماء کا تھا۔ ان پر ہلال بن امیہ نے اپنی بیوی کے ساتھ زنا کی تہمت لگائی تھی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا کہ گواہ لاؤ، ورنہ تمہاری پیٹھ پر حد لگائی جائے گی۔ اس حدیث کی تخریج ابویعلٰی نے کی ہے اور اس کے راوی ثقہ ہیں اور بخاری میں ابن عباس رضی اللہ عنہما کی روایت بھی اسی طرح ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 1050»
تخریج:
«أخرجه أبو يعلي:5 /207، حديث:2824، وحديث ابن عباس، أخرجه البخاري، التفسير، حديث:4747.»
تشریح:
وضاحت: «حضرت شریک بن سحماء رضی اللہ عنہ» ‏‏‏‏ یہ انصار کے حلیف قبیلے بنو بَلي سے تھے۔
ہلال بن امیہ نے ان پر اپنی بیوی کے ساتھ زنا کی تہمت لگائی تھی۔
ایک قول کے مطابق یہ اپنے والد کے ہمراہ غزوۂ احد میں حاضر تھے اور یہ براء بن مالک کے مادری بھائی تھے۔
ان کے والد کا نام عبدہ بن مُعَتِّب تھا اور سحماء ان کی والدہ کا نام تھا۔
«حضرت ہلال بن امیہ رضی اللہ عنہ» ‏‏‏‏ ان کا تعلق انصار کے قبیلۂاوس کی شاخ بنو واقف سے تھا۔
مشہور و معروف صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم میں سے تھے۔
قدیم الاسلام تھے۔
بنو واقف کے بتوں کو توڑا کرتے تھے۔
بدر و احد کے معرکوں میں شریک ہوئے۔
فتح مکہ کے دن بنو واقف کا جھنڈا ان کے ہاتھ میں تھا۔
یہ ان تین صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم میں سے ایک تھے جو معرکۂتبوک کے موقع پر پیچھے رہ گئے‘ پھر پچاس روز کے بعد ان کی توبہ قبول ہوئی۔
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1050   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث3497  
´حمل کی حالت میں عورت سے لعان کرنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عجلانی اور اس کی بیوی کے درمیان لعان کرایا اور اس وقت اس کی بیوی حاملہ تھی۔ [سنن نسائي/كتاب الطلاق/حدیث: 3497]
اردو حاشہ:
(1) عورت کو حمل ٹھہر جائے‘ مگر خاوند کو یقین ہو کہ یہ حمل ہو کہ یہ حمل زنا سے ہے‘ میرا نہیں‘ تو وہ عدالت میں جا کردعویٰ کرسکتا ہے۔ عدالت عورت کو بھی بلائے گی اور ان کے درمیان لعان کروائے گی۔ گویا آنکھ سے کسی مرد کے ساتھ دیکھنا ضروری نہیں۔ زنا کا یقین ضروری ہے۔
(2) لعان لعنت سے ہے۔ چونکہ قسموں کے دوران میں آدمی جھوٹے پر لعنت ڈالتا ہے‘ اس لیے اس کارروائی کو لعان کہا جاتا ہے۔
(3) لعان سے حمل کی نفی ہوجائے گی اور بیٹا ماں کی طرف منسوب ہوگا جیسا کہ حدیث: 3507 میں آرہا ہے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3497   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث3500  
´امام اور حاکم یہ کہے کہ اے اللہ تو اس معاملے کو واضح فرما دے۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے لعان کا ذکر آیا، عاصم بن عدی رضی اللہ عنہ نے اس سلسلے میں کوئی بات کہی پھر وہ چلے گئے تو ان کے پاس ان کی قوم کا ایک شخص شکایت لے کر آیا کہ اس نے ایک شخص کو اپنی بیوی کے ساتھ پایا ہے، یہ بات سن کر عاصم رضی اللہ عنہ کہنے لگے: میں اپنی بات کی وجہ سے اس آزمائش میں ڈال دیا گیا ۱؎ تو وہ اس آدمی کو لے کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گئے اور اس نے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب الطلاق/حدیث: 3500]
اردو حاشہ:
(1) کوئی بات کہی فخریہ بات کہ اگر میرے گھر ایسا مسئلہ ہوتا تو میں لعان تک نوبت ہی نہ آنے دیتا بلکہ مرد کو موقع پر ہی ماردیتا۔ لیکن حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اس بات کی تردید کی ہے۔ انہوں نے بالجزم کہا ہے کہ عاصم بن عدی رضی اللہ عنہ کے قول سے مراد وہی سوال ہے جو عویمر نے انہیں رسول اللہ ﷺ سے پوچھنے کے لیے کہا تھا‘ یعنی یہ بات [أَرَأَیْتَ رَجُلاً وَجَدَ مَعَ امْرَأَتِهِ رَجُلاً، أَیَقْتُلُهُ فَتَقْتُلُونَهُ أَمْ کَیْفَ یَفْعَلُ؟] وہ فرماتے ہیں کہ یہ دو الگ الگ واقعات ہیں۔ ایک عویمر کا جو عاصم بن عدی رضی اللہ عنہ کے پاس اپنا مسئلہ لائے تھے اور دوسرا ہلال بن امیہ کا جو سعد بن عبادہ کے پاس اپنا مسئلہ لائے تھے اور کہا تھا کہ اگر میں اسے اس حالت میں دیکھ لوں تو فوراً تلوار سے اسے قتل کردوں وہ سعد بن عبادہ تھے اور ان کا یہ قول ہلال بن امیہ والے واقعہ میں آتا ہے جو عکرمہ ابن عباس رضی اللہ عنہ سے بیان کرتے ہیں۔ اور عاصم رضی اللہ عنہ کا قول عویمر والے واقعہ میں آتا ہے جو قاسم بن محمد‘ ابن عباس رضی اللہ عنہ سے بیان کرتے ہیں لہٰذا یہ دو الگ الگ واقعات ہیں۔ عاصم کا قول وہی ہے جو اوپر ذکر ہوا۔ اس لحاظ سے عاصم بن عدی رضی اللہ عنہ کے قول [مَا ابْتُلِیَتُ بِھٰذَا اِلاَّ بِقَوْلِي] کا مطلب دیگر روایات کی روشنی میں یہ ہوگا کہ اس مسئلے میں اس لیے مبتلا ہوا ہوں کہ میں لوگوں کی موجودگی میں رسول اللہﷺیہ سوال کربیٹھا جیسا کہ مقاتل بن حیان کی ابن ابی حاتم سے مرسل روایت کے الفاظ ہیں: [فَقَالَ عَاصِمٌ: إِنَّا اِلَیْهِ رَاجِعُوْنَ، ھٰذَا، وَاللّٰہِ بِسُئوَالي عَنْ ھٰذَا الْأمْرِ بَیْنَ النَّاسِ، فَابْتُلِیَتُ بِهِ] ۔ تفصیل کے لیے دیکھے: (فتح الباري: 9/454، 455)
(2) میں مبتلا ہوا ہوں حضرت عاصم رضی اللہ عنہ نے ابتلا کی نسبت اپنی طرف اس لیے کی کہ عویمر کے عقد میں ان کی بیٹی، بھتیجی یا کوئی اور رشتہ  دار تھی یا ممکن ہے اس بنا پر کہا ہو کہ ان کی قوم میں یہ مسئلہ پیدا ہوا۔ واللہ أعلم۔
(3) موٹی پنڈلیوں والا سابقہ حدیث میں باریک پنڈلیوں والا ہے۔ ممکن ہے اوپر سے موٹی ہوں نیچے سے پتلی یا راوی کو غلطی لگ گئی ہو۔
(4) لعان کروایا ظاہر الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ شاید لعان بچے کی پیدائش کے بعد ہوا‘ لیکن یہ تأثر صحیح نہیں۔ لعان پہلے ہوچکا تھا‘ اس لیے ترجمہ میں لفظ خیر کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ یہ تأثر زائل ہوجائے۔ باقی روایات میں صراحت ہے کہ لعان پہلے ہوگیا تھا۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3500   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث3502  
´لعان کرنے والے پانچویں بار جب قسم کھانے چلیں تو ان کے منہ پر ہاتھ رکھ کر انہیں روکنے کی کوشش کرنے کا حکم۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب دو لعان کرنے والوں کو لعان کرنے کا حکم دیا تو ایک شخص کو (یہ بھی) حکم دیا کہ جب پانچویں قسم کھانے کا وقت آئے تو لعان کرنے والے کے منہ پر ہاتھ رکھ دے ۱؎ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ قسم اللہ کی لعنت و غضب کو لازم کر دے گی ۲؎۔ [سنن نسائي/كتاب الطلاق/حدیث: 3502]
اردو حاشہ:
پانچویں قسم سے پہلے تو رجوع کا امکان ہے‘ پانچویں کے بعد رجوع ممکن نہیں‘ پھر ان کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے‘ اس لیے اس کے منہ پر ہاتھ رکھا جائے اگر وہ جھوٹا (یا جھوٹیٌ) ہے تو باز آجائے۔ عورت کے منہ پر عورت ہاتھ رکھے گی۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3502   

  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2255  
´لعان کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جس وقت دونوں کو لعان کا حکم فرمایا تو ایک شخص کو حکم دیا کہ پانچویں بار میں اپنا ہاتھ مرد کے منہ پر رکھ دے اور کہے: یہ (عذاب کو) واجب کرنے والا ہے۔ [سنن ابي داود/كتاب تفريع أبواب الطلاق /حدیث: 2255]
فوائد ومسائل:
قاضی کو چاہیے کہ موقع بموقع فریقین کو قسم کے اقدام سے باز رہنے کی تلقین کرے کیونکہ دنیا کی عار اور یہاں کی سزا تو عارضی ہے مگر اللہ کی لعنت اور غضب دائمی ہے۔
لاحول ولا قوة إلا بالله۔

   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2255   

  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث2067  
´لعان کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ ہلال بن امیہ رضی اللہ عنہ نے اپنی بیوی پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے شریک بن سحماء کے ساتھ (بدکاری کا) الزام لگایا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم گواہ لاؤ ورنہ تمہاری پیٹھ پر کوڑے لگیں گے، ہلال بن امیہ رضی اللہ عنہ نے کہا: قسم ہے اس ذات کی جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے میں بالکل سچا ہوں، اور اللہ تعالیٰ میرے بارے میں کوئی ایسا حکم اتارے گا جس سے میری پیٹھ حد لگنے سے بچ جائے گی، راوی نے کہا: پھر یہ آیت اتری: «والذين يرمون أزواجهم ولم يكن لهم شهداء إلا أنفسهم» جو لوگ اپنی بیویوں کو تہمت لگاتے ہیں ا۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الطلاق/حدیث: 2067]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
  حضرت ہلال بن امیہ نے اللہ پر توکل کیا اور اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کیا تو اللہ نے ان کو بری کردیا۔
اس سے صحابہ کرام کا ایمان اور اللہ کی ذات پر اعتماد ظاہر ہوتا ہے۔

(2)
  پانچویں گواہی کے الفاظ پہلی چارگواہیوں سے مختلف ہیں۔
اس کا مقصد ضمیر کو بیدار کرنا ہے تاکہ فریقین میں سے جو غلطی پر ہے، وہ اپنی غلطی کا اقرار کرلے اور دنیا کی سزا قبول کرکے آخرت کے عذاب سے بچ جائے۔

(3)
  پانچویں قسم واجب کرنے والی ہے، یعنی واقعی اللہ کی لعنت اوراس کے غضب کی موجب ہے، لہٰذا یہ سمجھ کر قسم کھائیں کہ جھوٹے پر واقعی اللہ کی لعنت اور اس کے غضب کا نزول ہوجائے گا۔

(4)
  قوم کی محبت و عصبیت انسان کو بڑے گناہ پر آمادہ کردیتی ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ اس محبت کو شریعت کی حدود کے اندر رکھا جائے۔

(5)
  بعض اوقات انسان کسی دنیوی مفاد کے لیے گناہ کا ارتکاب کرتا ہے جب کہ اس مفاد کا حصول یقینی نہیں۔
اس عورت نے خاندان کو بدنامی سے بچانے کےلیے جھوٹی قسم کھائی لیکن رسول اللہﷺ کی بیان کردہ علامت کے مطابق بچہ پیدا ہونے سے وہ غلطی ظاہر ہوگئی جس کو چھپانے کےلیے اس نے اللہ کی غضب کو قبول کیا تھا۔

(6)
  اس قسم کی صورت حال میں بچے کی شکل و شباہت جرم کو ثابت کرتی ہے لیکن اگر قانونی پوریشن ایسی ہوکہ سزا نہ مل سکتی ہو تو جج قانون کی حد سے تجاوز نہیں کرسکتا۔

(7)
ارشاد نبوی:
میرا اس عورت سے معاملہ (دوسرا)
ہوتا۔
یعنی اس عورت کا جرم دار ہونا تو یقینی ہے لیکن چونکہ لعان کے بعد سزا نہیں دی جا سکتی، اس لیے اسے چھوڑ دیا ہے، ورنہ اسے ضروررجم کروا دیا جاتا۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2067   

  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3179  
´سورۃ النور سے بعض آیات کی تفسیر۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ ہلال بن امیہ رضی الله عنہ نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے اپنی بیوی پر شریک بن سحماء کے ساتھ زنا کی تہمت لگائی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: گواہ لاؤ ورنہ تمہاری پیٹھ پر حد جاری ہو گی، ہلال نے کہا: جب ہم میں سے کوئی کسی شخص کو اپنی بیوی سے ہمبستری کرتا ہوا دیکھے گا تو کیا وہ گواہ ڈھونڈتا پھرے گا؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کہتے رہے کہ تم گواہ پیش کرو ورنہ تمہاری پیٹھ پر حد جاری ہو گی۔ ہلال نے کہا: قسم اس ذات کی جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے میں سچا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ می۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 3179]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یعنی میں اس پر حد جاری کر کے ہی رہتا۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3179   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 3758  
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے لعان کا ذکر چھڑا تو عاصم نے اس کے بارے میں گفتگو کی، پھر مجلس سے چلے گئے۔ تو ان کے پاس ان کی قوم کا ایک آدمی یہ شکایت لے کر آیا کہ اس نے اپنی بیوی کے ساتھ ایک مرد کو پایا ہے۔ تو عاصم نے کہا، میں اس معاملے سے اپنی بات کی بنا پر دو چار ہوا ہوں۔ تو وہ اسے لے کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا، اور آپ کو... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:3758]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:

اس حدیث سے بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ لعان بچہ جننے کے بعد ہوا۔
لیکن دوسری روایات سے یہ ثابت ہے کہ لعان پہلے ہوا تھا۔

کسی عورت کو فحش گفتگو یا حرکات سے زنا کے ثبوت کے بغیر رجم نہیں کیا جا سکتا۔
اس لیے آپﷺ نے اس عورت پر محض قرائن اور تشہیر سے حد نافذ نہیں فرمائی۔

حضرت عاصم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جب پہلی مرتبہ حضرت عویمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پوچھنے پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے مسئلہ پوچھا تھا،
اس وقت ان کو واقعہ کا پتا نہیں تھا،
آیات کے نزول کے بعد انہیں پتا چلا۔
کیونکہ عویمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بتا دیا تھا۔
اور یہ تینوں افراد عویمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ ان کی بیوی اور جس سے اس نے زنا کیا تھا،
تینوں ان کے خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔
اس لیے کہا میں یہ مسئلہ پوچھنے پر اس واقعہ سے دوچار ہوا ہوں۔
معلوم ہوتا ہے ہلال بن امیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور عویمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ دونوں کی بیویوں کے ساتھ شریک بن سحماء ہی ملوث تھا۔
(فتح الباری ج9ص555 مکتبہ دارالسلام)
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 3758   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2671  
2671. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ حضرت بلال بن امیہ ؓ نے نبی کریم ﷺ کے پاس اپنی بیوی پر شریک بن سحماءکے ساتھ زنا کی تہمت لگائی تو آپ نے فرمایا: تم پر گواہ پیش کرنا لازم ہے یا تیری پیٹھ پر حد قذف لگے گی۔ اس نے عرض کیا: اللہ کے رسول ﷺ! جب ہم میں سے کوئی شخص اپنی بیوی پر کسی آدمی کو دیکھے تو کیا وہ گواہ تلاش کرنے جائے؟ آپ بدستور یہ فرماتے رہے: گواہ پیش کرو ورنہ تمہاری پیٹھ پر کوڑے لگیں گے۔ پھر آپ نے لعان سے متعلقہ حدیث بیان کی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2671]
حدیث حاشیہ:
مطلب یہ ہے کہ دعویٰ کرنے یا کسی پر تہمت لگانے کے بعد اگر مدعی کے پاس فوری طور پر گواہ نہ ہوں تو اتنا اس امر کی مہلت دی جائے گی کہ وہ گواہ تلاش کرکے عدالت میں پیش کرے۔
ہلال بن امیہ کے سامنے اس کا اپنا چشم دید واقعہ تھا اور خود اپنی بیوی کا معاملہ تھا، دوسری طرف ارشاد رسول پاک ﷺ کہ شرعی قانون کے تحت چار گواہ پیش کرو، اس نے حیران و پریشان ہو کر یہ بات کہی جو حدیث میں مذکور ہے۔
آخر اللہ پاک نے اس مشکل کا حل لعان کی صورت میں خود ہی پیش فرمایا اور رسول کریم ﷺ نے لعان کے متعلق مفصل حدیث ارشاد فرمائی۔
اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ جملہ احادیث نبوی کا اصل ماخذ قرآن کریم ہی ہے، اس حقیقت کے پیش نظر قرآن مجید متن ہے اور حدیث نبوی اس کی شرح ہے جو لوگ محض قرآن مجید پر عمل کرنے کا نعرہ بلند کرتے اور احادیث نبوی کی تکذیب کرتے ہیں یہ شیطانی فریب میں گرفتار اور گمراہی کے عمیق غار میں گرچکے ہیں۔
جن کا نتیجہ ہلاکت، تباہی، گمراہی اور دوزخ ہے۔
خدا کی مار ان لوگو ں پر جو قرآن مجید اور حدیث نبوی میں تضاد ثابت کریں۔
قرآن پر ایمان کا دعویٰ کریں اور حدیث کا انکار کریں ﴿قَاتَلَهُمُ اللَّهُ أَنَّى يُؤْفَكُونَ﴾ (التوبة: 30)
انصاف کی نظر سے دیکھا جائے تو فتنہ انکار حدیث کے بانی وہ لوگ ہیں جنہوں نے احادیث نبوی کو ظنیات کے درجہ میں رکھ کر ان کی اہمیت کو گرادیا۔
حدیث نبوی جو بسند صحیح ثابت ہواس کو محض ظن کہہ دینا بہت بڑی جرات ہے۔
اللہ ان فقہاءپر رحم کرے جو اس تخفیف حدیث کے مرتکب ہوئے جنہوں نے فتنہ انکار حدیث کا دروازہ کھول دیا۔
اللہ پاک ہر مسلمان کو صراط مستقیم نصیب کرے۔
آمین۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2671   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4747  
4747. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ ہلال بن امیہ ؓ نے نبی ﷺ کے سامنے اپنی بیوی پر شریک بن سحماء کے ساتھ بدکاری کی تہمت لگائی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس پر گواہ لاؤ بصورت دیگر تمہاری پشت پر حد قذف پڑے گی۔ حضرت ہلال ؓ نے جواب دیا: اللہ کے رسول! اگر ہم میں سے کوئی شخص اپنی بیوی کو کسی دوسرے کے ساتھ بدکاری کرتے دیکھے تو کیا وہ گواہ ڈھونڈتا پھرے؟ لیکن نبی ﷺ یہی فرماتے رہے: گواہ لاؤ ورنہ حد قذف پڑے گی۔ حضرت ہلال ؓ نے کہا: اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق کے ساتھ مبعوث کیا ہے! میں اس معاملے میں حق بجانب ہوں اور اللہ تعالٰی اس کے متعلق ضرور کوئی ایسا حکم نازل کرے گا جس سے میری پشت سزا سے بری ہو جائے گی۔ اس دوران میں حضرت جبرئیل ؑ اترے اور یہ آیات نازل ہوئی: ﴿وَٱلَّذِينَ يَرْمُونَ أَزْوَٰجَهُمْ۔۔۔إِن كَانَ مِنَ ٱلصَّـٰدِقِينَ﴾ ۔ جب وحی کا سلسلہ ختم ہوا تو نبی ﷺ نے حضرت ہلال ؓ کی بیوی کو بلا بھیجا۔ حضرت ہلال ؓ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:4747]
حدیث حاشیہ:
یعنی رجم مگر رجم بغیر چار آدمیوں کی گواہی کے یا اقرار کے نہیں ہوسکتا۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بات اور تھی۔
ممکن ہے آپ کو وحی سے یہ معلوم ہوگیا ہو کہ اس عورت نے زنا کیا ہے۔
اکثر مفسرین نے لعان کی آیت کا شان نزول ہلال بن امیہ کے بارے میں بتلایا ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4747   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5307  
5307. سیدنا ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ سیدنا بلال بن امیہ ؓ نے اپنی بیوی پر تہمت لگائی تو وہ (نبی ﷺ کی خدمت میں) حاضر ہوئے اور گواہی دی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ خوب جانتا ہے کہ دونوں میں سے ایک جھوٹا ہے۔ کیا تم میں سے کوئی تائب ہوتا ہے؟ اس کے بعد وہ (اس کی بیوی) کھڑی ہوئی اور اس نے بھی گواہی دے ڈالی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5307]
حدیث حاشیہ:
باب اور حدیث میں مطابقت ظاہر ہے۔
حدیث سے یہ نکلا کہ پہلے مرد سے گواہی لینی چاہیئے۔
امام شافعی اور اکثر علماء کا یہی قول ہے۔
اگر عورت سے پہلے گواہی لی جائے تب بھی لعان درست ہو جائے گا۔
کہتے ہیں اس عورت نے پانچویں بار میں ذرا تامل کیا۔
ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا ہم سمجھے کہ وہ اپنے قصور کا اقرار کرے گی مگر پھر کہنے لگی میں اپنی قوم کو ساری عمر کے لیے ذلیل نہیں کر سکتی اور اس نے پانچویں دفعہ بھی قسم کھا کر لعان کر دیا۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5307   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5316  
5316. سیدنا ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ لعان کرنے والوں کا ذکر رسول اللہ ﷺ کی مجلس میں ہوا تو سیدنا عاصم بن عدی ؓ نے اس کے متعلق ایک بات کہی پھر وہ چلے گئے۔ بعد ازاں ان کے پاس ان کی برادری کا ایک شخص آیا اور ان سے کہا کہ میں نے اپنی بیوی کے ہمراہ ایک غیر مرد کو پایا ہے۔ سیدنا عاصم ؓ نے کہا: میری یہ آزمائش میری ہی ایک بات کی بناء پر ہوئی ہے تاہم وہ اسے لے کر رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور آپ کو صورت حال سے آگاہ کیا جس میں اس نے اپنی بیوی کو پایا تھا۔ یہ صاحب زرد رنگ، کم گوشت اور سیدھے بالوں والا تھے اور جسے انہوں نے اپنی بیوی کے ساتھ پایا تھا اس کا گندمی رنگ، پنڈلیاں موٹی موٹی، جسم بھاری بھرکم اور بال سخت گھنگریالے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے اللہ! حقیقت حال کھول دے۔ چنانچہ اس کی بیوی نے جو بچہ جنم دیا وہ اس شخص کے مشابہ تھا جس کی بیوی نے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:5316]
حدیث حاشیہ:
مگر گواہوں سے اس پر بد کاری ثابت نہیں ہوئی نہ اس نے اقرار کیا اسی وجہ سے اس پر حد نہ جاری ہو سکی۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5316   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2671  
2671. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ حضرت بلال بن امیہ ؓ نے نبی کریم ﷺ کے پاس اپنی بیوی پر شریک بن سحماءکے ساتھ زنا کی تہمت لگائی تو آپ نے فرمایا: تم پر گواہ پیش کرنا لازم ہے یا تیری پیٹھ پر حد قذف لگے گی۔ اس نے عرض کیا: اللہ کے رسول ﷺ! جب ہم میں سے کوئی شخص اپنی بیوی پر کسی آدمی کو دیکھے تو کیا وہ گواہ تلاش کرنے جائے؟ آپ بدستور یہ فرماتے رہے: گواہ پیش کرو ورنہ تمہاری پیٹھ پر کوڑے لگیں گے۔ پھر آپ نے لعان سے متعلقہ حدیث بیان کی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2671]
حدیث حاشیہ:
(1)
دعویٰ کرنے یا کسی پر زنا کی تہمت لگانے کے بعد اگر مدعی کے پاس فوری طور پر گواہ نہ ہوں تو اسے اس قدر مہلت دی جائے کہ وہ گواہ تلاش کر کے عدالت میں پیش کر سکے۔
اس سے فوراً گواہوں کی پیشی کا مطالبہ نہ کیا جائے۔
(2)
حدیث میں میاں بیوی سے متعلق ایک معاملے کا ذکر ہے جبکہ عنوان عام ہے لیکن یہ آیاتِ لعان نازل ہونے سے پہلے کا واقعہ ہے۔
اس وقت شوہر اور اجنبی برابر تھے، پھر جب تہمت لگانے والے کے لیے یہ حکم ثابت ہوا تو ہر مدعی کے لیے بطریق اولیٰ ثابت ہوا، لیکن اجنبی ہو تو گواہ تلاش کرنے کی مہلت نہ دی جائے کیونکہ ہو سکتا ہے کہ وہ دوڑا جائے، اس لیے بہتر ہے کہ اسے قید کر دیا جائے۔
امام بخاری ؒ نے تہمت لگانے والے کے لیے یہ مہلت بطریق نص ثابت کی ہے جبکہ دوسرے مدعیوں کے لیے بطریق قیاس یہ سہولت دی جائے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2671   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4747  
4747. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ ہلال بن امیہ ؓ نے نبی ﷺ کے سامنے اپنی بیوی پر شریک بن سحماء کے ساتھ بدکاری کی تہمت لگائی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس پر گواہ لاؤ بصورت دیگر تمہاری پشت پر حد قذف پڑے گی۔ حضرت ہلال ؓ نے جواب دیا: اللہ کے رسول! اگر ہم میں سے کوئی شخص اپنی بیوی کو کسی دوسرے کے ساتھ بدکاری کرتے دیکھے تو کیا وہ گواہ ڈھونڈتا پھرے؟ لیکن نبی ﷺ یہی فرماتے رہے: گواہ لاؤ ورنہ حد قذف پڑے گی۔ حضرت ہلال ؓ نے کہا: اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق کے ساتھ مبعوث کیا ہے! میں اس معاملے میں حق بجانب ہوں اور اللہ تعالٰی اس کے متعلق ضرور کوئی ایسا حکم نازل کرے گا جس سے میری پشت سزا سے بری ہو جائے گی۔ اس دوران میں حضرت جبرئیل ؑ اترے اور یہ آیات نازل ہوئی: ﴿وَٱلَّذِينَ يَرْمُونَ أَزْوَٰجَهُمْ۔۔۔إِن كَانَ مِنَ ٱلصَّـٰدِقِينَ﴾ ۔ جب وحی کا سلسلہ ختم ہوا تو نبی ﷺ نے حضرت ہلال ؓ کی بیوی کو بلا بھیجا۔ حضرت ہلال ؓ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:4747]
حدیث حاشیہ:

حدیث 4745 سے معلوم ہوا تھا کہ آیت لعان کا تعلق عویمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ہے جبکہ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ آیت لعان حضرت ہلال بن امیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بارے میں نازل ہوئی۔
حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے اس کا یوں جواب دیا ہے۔
آیات کا نزول تو ہلال امیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بارے میں ہوا ہے اس کے بعد حضرت عویمر عجلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو ایسا واقعہ پیش آگیا اور انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر اسے پیش کردیا۔
ممکن ہے کہ انھیں حضرت ہلال بن امیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے واقعے کا علم نہ ہو۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تمھارے معاملے کا فیصلہ یہ ہے اس کا قرینہ یہ ہے کہ ہلال بن امیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے واقعے میں یہ الفاظ ہیں کہ حضرت جبرئیل علیہ السلام نازل ہوئے اور یہ آیات پڑھ کر سنائیں جبکہ حضرت عویمر عجلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے واقعے میں یہ الفاظ ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے تیرے متعلق حکم نازل فرمایا ہے جس کا یہ مفہوم ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تمھارے واقعے جیسے ایک واقعے میں اس کا حکم نازل فرمادیا ہے۔
(فتح الباري: 572/8)

واضح رہے کہ رجم چار گواہوں کی گواہی یا اقرارکے بغیر نہیں ہو سکتا لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا معاملہ کچھ اور ہے ممکن ہے کہ آپ کو بذریعہ وحی معاملے کی حقیقت معلوم ہوگئی ہو کہ اس عورت نے واقعی بد کاری کا ارتکاب کیا ہے۔
واللہ اعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4747   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5307  
5307. سیدنا ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ سیدنا بلال بن امیہ ؓ نے اپنی بیوی پر تہمت لگائی تو وہ (نبی ﷺ کی خدمت میں) حاضر ہوئے اور گواہی دی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ خوب جانتا ہے کہ دونوں میں سے ایک جھوٹا ہے۔ کیا تم میں سے کوئی تائب ہوتا ہے؟ اس کے بعد وہ (اس کی بیوی) کھڑی ہوئی اور اس نے بھی گواہی دے ڈالی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5307]
حدیث حاشیہ:
(1)
ایک روایت میں ہے کہ عورت پانچویں قسم کے موقع پر ذرا ٹھہر گئی تو ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں:
ہم سمجھے کہ وہ اپنے قصور کا اعتراف کرے گی مگر وہ کہنے لگی:
میں اپنی قوم کو ساری عمر کے لیے ذلیل اور رسوا نہیں کرنا چاہتی، چنانچہ اس نے پانچویں قسم اٹھا کر لعان مکمل کر دیا۔
(صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4747) (2)
امام بخاری رحمہ اللہ نے اس عنوان سے بھی ایک مشہور اختلاف کی طرف اشارہ کیا ہے کہ لعان کرتے وقت پہلے مرد کو آگے آنا چاہیے یا عورت بھی پہل کر سکتی ہے؟ ہمارے رجحان کے مطابق لعان کی ابتدا مرد سے ہونی چاہیے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اسی طرح بیان کیا ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا طریق کار بھی یہی تھا کہ پہلے مرد لعان کرتا، پھر عورت سے قسمیں لی جاتیں جیسا کہ جمہور اہل علم کا موقف ہے لیکن اگر عورت سے لعان کا آغاز ہوا تو بھی لعان صحیح ہے اگرچہ خلاف سنت ہوگا۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5307   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5310  
5310. سیدنا ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ کے پاس لعان کا ذکر کیا گیا تو سیدنا عاصم بن عدی ؓ نے اس کے متعلق بات کی، پھر وہ چلے گئے پھر ان کی قوم کا ایک مرد کو پایا ہے۔ سیدنا عاصم ؓ نے کہا: آج یہ آزمائش میری ہی ایک بات کو وجہ سے پیش آئی ہے چنانچہ وہ اس آدمی کو لے کر نبی ﷺ کی خدمت میں حاجر ہوئے اور آپ کو اس آدمی کے بارے میں بتایا کہ اس نے اپنی بیوی کو مکروہ حالت میں پایا ہے۔ وہ آدمی خود زرد رنگ۔ کم گوشت والا اور سیدھے بالوں والا تھا اور جس کے متعلق اس نے دعویٰ کیا تھا کہ اسے اپنی بیوی کے ساتھ پایا ہے وہ بڑی بڑی پنڈلیوں والا، گندمی رنگ اور بھرے گوشت والا تھا، نبی ﷺ نے دعا فرمائی: اے اللہ! یہ معاملہ واضح فرما دے۔ چنانچہ اس عورت نے اس مرد کے مشابہ بچہ جنم دیا جس کے متعلق اس کے شوہر نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اسے بیوی کے ساتھ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:5310]
حدیث حاشیہ:
(1)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے علامات و نشانات دیکھنے کے باوجود اس عورت کو رجم نہیں کیا کیونکہ اس نے لعان کر کے اپنا دفاع کر لیا تھا۔
امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد بھی یہی ہے کہ اگر عورت کی طرف سے لعان عمل میں آ جاتا ہے تو اس پر کسی قسم کی سزا لاگو نہیں ہوگی کیونکہ گواہوں کے بغیر کسی پر حد لگانا شریعت میں جائز نہیں، ہاں، اگر اعتراف کر لیتی تو ضرور اسے رجم کیا جاتا۔
ایک دوسری روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
اگر اس عورت نے سرمگیں آنکھوں والا، موٹے موٹے سرینوں والا اور گوشت سے بھری ہوئی پنڈلیوں والا بچہ جنم دیا تو وہ شریک بن سحماء کا ہے جس کے متعلق اس کے خاوند نے نشاندہی کی تھی کہ اسے اپنی بیوی کے ساتھ پایا ہے، چنانچہ عورت نے انھی اوصاف کے مطابق بچہ جنم دیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
اگر اللہ کا فیصلہ نہ ہو چکا ہوتا تو میں اسے ضرور سزادیتا۔
(صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4747، و فتح الباري: 572/9) (2)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اس کے معنی بیان کیے ہیں کہ اگر لعان نہ ہوتا جس نے اس عورت سے حد کو دور کر دیا ہے تو میں ضرور اس پر حد قائم کرتا کیونکہ وہ شبہ ظاہر ہو چکا ہے جس کے متعلق عورت پر الزام لگایا گیا تھا۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5310   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5316  
5316. سیدنا ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ لعان کرنے والوں کا ذکر رسول اللہ ﷺ کی مجلس میں ہوا تو سیدنا عاصم بن عدی ؓ نے اس کے متعلق ایک بات کہی پھر وہ چلے گئے۔ بعد ازاں ان کے پاس ان کی برادری کا ایک شخص آیا اور ان سے کہا کہ میں نے اپنی بیوی کے ہمراہ ایک غیر مرد کو پایا ہے۔ سیدنا عاصم ؓ نے کہا: میری یہ آزمائش میری ہی ایک بات کی بناء پر ہوئی ہے تاہم وہ اسے لے کر رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور آپ کو صورت حال سے آگاہ کیا جس میں اس نے اپنی بیوی کو پایا تھا۔ یہ صاحب زرد رنگ، کم گوشت اور سیدھے بالوں والا تھے اور جسے انہوں نے اپنی بیوی کے ساتھ پایا تھا اس کا گندمی رنگ، پنڈلیاں موٹی موٹی، جسم بھاری بھرکم اور بال سخت گھنگریالے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے اللہ! حقیقت حال کھول دے۔ چنانچہ اس کی بیوی نے جو بچہ جنم دیا وہ اس شخص کے مشابہ تھا جس کی بیوی نے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:5316]
حدیث حاشیہ:
(1)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا کا مطلب صرف یہ نہیں تھا کہ ان میں سے ایک کی سچائی کا ثبوت مل جائے بلکہ اس کے معنی یہ ہیں کہ بچہ جنم دینے سے شکوک و شبہات دور ہوجائیں اور معاملہ واضح ہو جائے تاکہ اس سے ان لوگوں کو تنبیہ ہو جو اس قسم کی بے حیائی کا ارتکاب کرتے ہیں۔
(2)
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ لعان وضع حمل کے بعد واقع ہوا جبکہ گزشتہ حدیث سے معلوم ہوتا تھا کہ وضع حمل سے پہلے لعان ہو چکا تھا۔
ممکن ہے کہ لعان تہمت کے وقت بھی ہو۔
پھر جب بیٹے کی نفی کی گئی تو دوبارہ عمل میں لایا گیا ہو لیکن یہ احتمال بہت بعید معلوم ہوتا ہے۔
قرین قیاس یہی معلوم ہوتا ہے کہ حمل کے بعد اور وضع حمل سے پہلے لعان ہوا۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5316   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6856  
6856. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس لعان کا ذکر ہوا تو اس کے متعلق حضرت عاصم بن عدی ؓ نے کوئی بات کہی۔ پھر وہ چلے گئے۔ اس کے بعد اس کی قوم میں سے ایک آدمی شکایت لے کر ان کے پاس آیا کہ اس نے اپنی بیوی کے ساتھ کسی اجنبی مرد کو دیکھا ہے۔ حضرت عاصم ؓ نے کہا: میں خود اپنی اس بات کی وجہ سے آزمائش میں ڈالا گیا ہوں۔ پھر وہ اس شخص کو لے کر نبی ﷺ کی مجلس میں آئے اور آپ کو اس حالت کی اطلاع دی جس پر اس نے اپنی بیوی کو پایا تھا۔ وہ آدمی زرد رنگ، کم گوشت اور سیدھے بالوں والا تھا اور جس کے خلاف دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اسے اپنی بیوی کے پاس پایا ہے، وہ گندمی رنگ، موٹا تازہ اور گوشت آدمی تھا۔ نبی ﷺ نے دعا مانگی: اے اللہ! اس معاملے کو ظاہر کر دے۔ چنانچہ اس عورت کے ہاں اس شخص کا ہم شکل بچہ پیدا ہوا جس کے متعلق۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:6856]
حدیث حاشیہ:
امام بخاری رحمہ اللہ نے مذکورہ احادیث میں دو واقعات سے ثابت کیا ہے کہ محض آثارو قرائن سے کسی کو سزا نہیں دی جا سکتی کیونکہ حد جاری کرنے کے لیے اقرار یا دو ٹوک ثبوت کی ضرورت ہوتی ہے، چنانچہ پہلی حدیث میں ایک عورت کا ذکر ہے جس کے اسلام لانے کے بعد بھی اس کی بدکرداری کا چرچہ زبان زدخاص وعام تھا لیکن اس کے شواہد موجود نہیں تھے اور نہ اس کا اقررار ہی سامنے آیا، اس لیے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر حد جاری نہیں کی۔
اسی طرح وہ عورت جس کے متعلق اس کے خاوند نے شکوک وشبہات کا اظہار کیا، پھر بچے کی پیدائش کے بعد یہ بات واضح ہو گئی کہ خاوند اپنے دعوے میں سچا تھا لیکن اس پر کوئی گواہ نہیں تھے اور نہ عورت نے اقرار ہی کیا، اس لیے اس پر بھی حد جاری نہ کی گئی۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6856   


https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.