الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔

 
صحيح البخاري کل احادیث 7563 :حدیث نمبر
صحيح البخاري
کتاب: اذان کے مسائل کے بیان میں («صفة الصلوة»)
The Book of Adhan (Sufa-tus-Salat)
163. بَابُ انْتِظَارِ النَّاسِ قِيَامَ الإِمَامِ الْعَالِمِ:
163. باب: لوگوں کا نماز کے بعد امام کے اٹھنے کا انتظار کرنا۔
(163) Chapter. The waiting of the people for the religious learned Imam to get up (after the prayer to depart).
حدیث نمبر: 869
پی ڈی ایف بنائیں اعراب English
(موقوف) حدثنا عبد الله بن يوسف، قال: اخبرنا مالك، عن يحيى بن سعيد، عن عمرة، عن عائشة رضي الله عنها، قالت:" لو ادرك رسول الله صلى الله عليه وسلم ما احدث النساء لمنعهن كما منعت نساء بني إسرائيل"، قلت: لعمرة او منعن؟ قالت: نعم.(موقوف) حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ، قَالَ: أَخْبَرَنَا مَالِكٌ، عَنْ يَحْيَى بْنِ سَعِيدٍ، عَنْ عَمْرَةَ، عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا، قَالَتْ:" لَوْ أَدْرَكَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَا أَحْدَثَ النِّسَاءُ لَمَنَعَهُنَّ كَمَا مُنِعَتْ نِسَاءُ بَنِي إِسْرَائِيلَ"، قُلْتُ: لِعَمْرَةَ أَوَ مُنِعْنَ؟ قَالَتْ: نَعَمْ.
ہم سے عبداللہ بن یوسف تنیسی نے بیان کیا، کہا کہ ہمیں امام مالک رحمہ اللہ نے یحییٰ بن سعید سے خبر دی، ان سے عمرہ بنت عبدالرحمٰن نے، ان سے عائشہ رضی اللہ عنہا نے، انہوں نے فرمایا کہ آج عورتوں میں جو نئی باتیں پیدا ہو گئی ہیں اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم انہیں دیکھ لیتے تو ان کو مسجد میں آنے سے روک دیتے جس طرح بنی اسرائیل کی عورتوں کو روک دیا گیا تھا۔ میں نے پوچھا کہ کیا بنی اسرائیل کی عورتوں کو روک دیا گیا تھا؟ آپ نے فرمایا کہ ہاں۔

Narrated `Aisha: Had Allah's Apostle known what the women were doing, he would have forbidden them from going to the mosque as the women of Bani Israel had been forbidden. Yahya bin Sa`id (a sub-narrator) asked `Amra (another sub-narrator), "Were the women of Bani Israel forbidden?" She replied "Yes."
USC-MSA web (English) Reference: Volume 1, Book 12, Number 828



تخریج الحدیث کے تحت حدیث کے فوائد و مسائل
  حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث موطا امام مالك رواية ابن القاسم 194  
´عورتوں کا مسجد میں نماز پڑھنا جائز ہے`
«. . . 496- وبه: أن عائشة قالت: لو أدرك رسول الله صلى الله عليه وسلم ما أحدث النساء، لمنعهن المسجد كما منعه نساء بني إسرائيل. قال يحيى: فقلت لعمرة: أو منع نساء بني إسرائيل المسجد؟ قال: فقالت عمرة: نعم. . . .»
. . . سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ عورتوں نے آج کل جو باتیں نکال لی ہیں، اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دیکھتے تو انہیں مسجد (جانے) سے روک دیتے جس طرح کہ بنی اسرائیل کی عورتوں کو منع کر دیا گیا تھا۔ یحییٰ (بن سعید الانصاری، راوی) نے عمرہ (بنت عبدالرحمٰن رحمہما اللہ) سے پوچھا: کیا بنی اسرائیل کی عورتوں کو منع کر دیا گیا تھا؟ تو انہوں نے کہا: جی ہاں!۔ . . . [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 194]

تخریج الحدیث:
[وأخرجه البخاري 869، من حديث مالك به]

تفقه:
➊ اگر عورتیں مسجدوں میں شرعی امور کا خیال نہ رکھیں تو خلیفہ کے لئے جائز ہے کہ ایسی عورتوں کو بطورِ تنبیہ مسجدوں میں جانے سے روک دے۔
➋ عورتوں کے لئے مسجدوں میں نماز پڑھنا جائز ہے۔
➌ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں عورتیں مسجد نبوی میں نمازیں پڑھتی تھیں۔ ➍ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «إذا استأذنکم نساؤکم باللیل إلی المساجد فأذنوا لھن۔» جب تم سے تمہاری بیویاں رات کو مسجد جانے کی اجازت مانگیں تو انھیں اجازت دے دو۔ [صحيح بخاري: 865، صحيح مسلم: 442، دارالسلام: 989]
● ایک دفعہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر ہم اس دروازے کو عورتوں کے لئے چھوڑ دیں؟ (خاص کردیں؟)۔۔۔ پھر اس دروازے سے (سیدنا) ابن عمر رضی اللہ عنہ وفات تک کبھی داخل نہیں ہوئے۔ [سنن ابي داود: 571 وسنده صحيح]
● ایک دفعہ ابن عمر رضی اللہ عنہ کے بیٹے نے کہا: کہ ہم تو عورتوں کو مسجد جانے سے منع کریں گے ورنہ یہ اسے (شرارت کا) بہانہ بنالیں گی۔ یہ سن کر ابن عمر رضی اللہ عنہما نے اسے ڈانٹا اور مارا اور فرمایا: میں تجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث سناتا ہوں اور تو کہتا ہے کہ نہیں! [صحيح مسلم: 442، دارالسلام: 992۔ 994]
   موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث\صفحہ نمبر: 496   
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 869  
869. حضرت عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: اگر نبی ﷺ کو ان حالات کا علم ہوتا جو عورتوں نے آج پیدا کر لیے ہیں تو یقینا انہیں مسجد میں جانے سے منع کر دیتے جیسا کہ بنی اسرائیل کی عورتوں کو روک دیا گیا تھا۔ (یحییٰ بن سعید کہتے ہیں کہ) میں نے حضرت عَمرہ سے دریافت کیا: واقعی بنی اسرائیل کی عورتوں کو روک دیا گیا تھا؟ انہوں نے جواب دیا: ہاں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:869]
حدیث حاشیہ:
حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں کہ اس سے یہ نہیں نکلتا کہ ہمارے زمانے میں عورتوں کو مسجد میں جانا منع ہے کیونکہ آنحضرت ﷺ نے نہ یہ زمانہ پایا نہ منع کیا اور شریعت کے احکام کسی کے قیاس اور رائے سے نہیں بدل سکتے۔
مولانا وحید الزماں مرحوم فرماتے ہیں کہ یہ ام المؤمنین کی رائے تھی کہ اگر آنحضرت ﷺ یہ زمانہ پاتے تو ایسا کرتے اور شاید ان کے نزدیک عورتوں کا مسجد میں جانا منع ہوگا اس لیے بہتر یہ ہے کہ فساد اور فتنے کا خیال رکھا جائے اور اس سے پرہیز کیا جائے کیونکہ آنحضرت ﷺ نے بھی خوشبو لگا کر اور زینت کر کے عورتوں کونکلنے سے منع کیا۔
اسی طرح رات کی قید بھی لگائی اور حضرت عبداللہ بن عمر ؓ نے جب یہ حدیث بیان کی کہ اللہ کی لونڈیوں کو اللہ کی مسجد میں جانے سے نہ روکو تو ان کے بیٹے واقد یا بلال نے کہا کہ ہم تو روکیں گے۔
عبداللہ نے ان کو ایک گھونسہ لگایا اور سخت سست کہا اور ایک روایت میں یوں ہے کہ مرنے تک بات نہ کی اور یہی سزا ہے اس نالائق کی جو آنحضرت کی حدیث سن کر سر نہ جھکائے اور ادب کے ساتھ تسلیم نہ کرے۔
وکیع نے کہا کہ شعار یعنی قربانی کے اونٹ کا کوہان چیر کر خون نکال دینا سنت ہے۔
ایک شخص بولا ابو حنیفہ تو اس کو مثلہ کہتے ہیں۔
وکیع نے کہا تو اس لائق ہے کہ قید رہے جب تک توبہ نہ کرے، میں تو آنحضرت ﷺ کی حدیث بیان کرتا ہوں اور تو ابو حنیفہ ؒ کا قول لاتا ہے۔
اس روایت سے مقلدین بے انصاف کو سبق لینا چاہیے اگر حضرت عمر فاروق ؓ زندہ ہوتے اور ان کے سامنے کوئی حدیث کے خلاف کسی مجتہد کا قول لاتا تو گردن مارنے کا حکم دیتے ارے لوگو ہائے خرابی یہ ایمان ہے یا کفر کہ پیغمبر کا فرمودہ سن کر پھر دوسرے کی رائے اور قیاس کو اس کے خلاف منظور کرتے ہو تم جانو اپنے پیغمبر کو جو جواب قیامت کے دن دینا ہو وہ دے لینا۔
وماعلینا إلا البلاغ (مولانا وحید الزماں)
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث\صفحہ نمبر: 869   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:869  
869. حضرت عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: اگر نبی ﷺ کو ان حالات کا علم ہوتا جو عورتوں نے آج پیدا کر لیے ہیں تو یقینا انہیں مسجد میں جانے سے منع کر دیتے جیسا کہ بنی اسرائیل کی عورتوں کو روک دیا گیا تھا۔ (یحییٰ بن سعید کہتے ہیں کہ) میں نے حضرت عَمرہ سے دریافت کیا: واقعی بنی اسرائیل کی عورتوں کو روک دیا گیا تھا؟ انہوں نے جواب دیا: ہاں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:869]
حدیث حاشیہ:
(1)
ان احادیث کا باب سابق سے تعلق ہے جس میں بیان ہوا تھا کہ مستورات رات اور اندھیرے میں نماز کے لیے مسجد کا رخ کر سکتی ہیں، چنانچہ حدیث عائشہ میں ہے کہ صحابیات مبشرات نماز صبح مسجد نبوی میں ادا کرتی تھیں۔
نماز سے فراغت کے بعد منہ اندھیرے اپنے گھروں کو واپس ہو جاتی تھیں۔
اس حدیث میں ہے کہ وہ اندھیرے کی وجہ سے پہچانی نہ جاتی تھیں۔
اس سے مراد معرفت جنس نہیں ہے کہ مرد کی یا عورت کی معرفت نہ ہوتی تھی بلکہ معرفت شخص ہے، یعنی عائشہ ؓ کو خدیجہ سے نہ پہچانا جاتا تھا جیسا کہ ایک روایت میں صراحت ہے کہ وہ ایک دوسرے سے پہچانی نہ جاتی تھیں۔
(صحیح البخاري، الأذان، حدیث: 872)
حدیث ابو قتادہ سے بھی پتہ چلتا ہے کہ عہد نبوی میں صحابیات بھی رسول اللہ ﷺ کی معیت میں نماز باجماعت ادا کرتی تھیں۔
جب کسی کا بچہ رونے لگتا تو رسول اللہ ﷺ نماز مختصر کر دیتے۔
حدیث میں صراحت ہے کہ قراءت میں تخفیف کر دیتے تاکہ ماں اپنے بچے کی وجہ سے پریشان نہ ہو۔
دوسری احادیث سے پتہ چلتا ہے کہ ایسے حالات میں عورتوں پر پابندی تھی کہ خوشبو لگا کر، فیشنی کپڑے پہن کر اور آواز والے زیورات سے مسجد میں نہ آئیں بلکہ سادہ لباس میں اپنے گھروں سے نکلیں۔
بعض روایات سے پتہ چلتا ہے کہ عورتوں کو مسجد میں آنے کی اجازت دینے کے باوجود آپ نے انہیں ترغیب دی کہ ان کا گھر میں نماز پڑھنا بہتر ہے۔
(2)
آخری حدیث عائشہ سے بعض حضرات نے یہ مسئلہ کشید کیا ہے کہ عورتیں مطلق طور پر مسجد میں نماز پڑھنے کے لیے نہیں آ سکتیں، چنانچہ حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں کہ ان حضرات کا مذکورہ استنباط محل نظر ہے کیونکہ حضرت عائشہ ؓ کے قول سے مساجد میں عورتوں کی حاضری کا حکم تبدیل نہیں ہو سکتا، اس لیے کہ حضرت عائشہ ؓ نے اسے جس شرط کے ساتھ معلق کیا وہ نہیں پائی گئی۔
انہوں نے یہ کہا کہ اگر رسول اللہ ﷺ یہ حالات دیکھتے تو انہیں منع کر دیتے۔
اس پر کہا جا سکتا ہے کہ آپ نے ان حالات کو نہ دیکھا اور نہ اس سے منع فرمایا، اس لیے حکم نبوی اپنی جگہ پر برقرار رہا۔
خود حضرت عائشہ ؓ نے بھی منع کی صراحت نہیں فرمائی اگرچہ ان کے کلام سے منع کا اشارہ نکلتا ہے۔
اس کے علاوہ قابل غور بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کو تو ضرور معلوم تھا کہ آئندہ حالات میں عورتوں کے متعلق کیا کیا نئے امور پیدا ہوں گے لیکن اس کے باوجود اللہ تعالیٰ نے عورتوں کو مساجد سے روکنے کے لیے کوئی وحی نازل نہیں فرمائی۔
اگر نئے حالات کی وجہ سے عورتوں کو منع کرنا لازم آتا تو مساجد کے علاوہ دوسرے مقامات بازار وغیرہ سے بھی انہیں ضرور منع کر دیا جاتا لیکن ایسا نہیں ہوا۔
یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ فیشن پرستی کی لپیٹ میں تمام عورتیں نہیں آتیں بلکہ کچھ عورتیں اس کا شکار ہوتی ہیں، لہٰذا تمام پر پابندی لگانا کوئی عقل مندی نہیں، اس لیے بہتر یہ ہے کہ ان امور کا سدباب کیا جائے جو منکرات و فواحش کا پیش خیمہ ہیں جیسا کہ رسول اللہ ﷺ کا ارشاد گرامی ہے:
عورتیں خوشبو لگا کر اور زیورات سے مزین ہو کر گھروں سے باہر نہ نکلیں بلکہ سادہ لباس پہن کر مساجد میں آئیں۔
رات کی پابندی کا ذکر بھی احادیث میں ملتا ہے۔
(فتح الباري: 452/2)
ان حقائق کے پیش نظر ہمارا موقف ہے کہ عورتیں شرعی قیود کا لحاظ کرتے ہوئے مسجد میں نماز ادا کر سکتی ہیں اگرچہ ان کا گھروں میں نماز پڑھنا زیادہ بہتر ہے۔
واللہ أعلم۔
(3)
اس حدیث کے آخر میں بنی اسرائیل کی عورتوں پر بھی مساجد میں داخلے کے متعلق پابندی کا ذکر ہے۔
اس کی وضاحت ایک موقوف اثر میں اس طرح ہے کہ بنی اسرائیل کی عورتوں نے مردوں سے تاک جھانک کے لیے اپنی ٹانگوں سے لمبے لمبے بانس باندھ لیے تاکہ اونچی ہو کر مردوں کو دیکھ سکیں۔
اس بنا پر اللہ تعالیٰ نے انہیں مساجد میں آنے سے روک دیا اور ان پر حیض مسلط کر دیا۔
(المصنف لعبد الرزاق: 149/3، حدیث: 5114)
لیکن یہ روایت مرفوع روایت کے مقابلے میں ناقابل التفات ہے جیسا کہ کتاب الحیض کے آغاز میں اپنے فوائد میں ہم اس کی وضاحت کر آئے ہیں، اس لیے اگر یہ بات صحیح ہے کہ بنو اسرائیل کی عورتوں کو مساجد میں آنے سے روک دیا گیا تھا (کیونکہ یہ موقوف قول ہے)
تو اس کی کیا وجہ تھی؟ اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتا ہے۔
کسی صحیح مرفوع روایت میں نہ روکے جانے والی بات بیان ہوئی ہے اور نہ اس کی کوئی وجہ ہی ہے۔
واللہ أعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث\صفحہ نمبر: 869   

http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.