مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث114
´علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے مناقب و فضائل۔`
علی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی امّی صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ”مجھ سے صرف مومن ہی محبت کرے گا، مجھ سے صرف منافق ہی بغض رکھے گا۔“ [سنن ابن ماجه/باب فى فضائل اصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم/حدیث: 114]
اردو حاشہ:
(1)
کبار صحابہ کرام رضی اللہ عنھم نے اسلام کی خدمت اور دفاع میں بے مثال کارنامے انجام دیے ہیں، اس لیے اسلام سے محبت رکھنے والے ہر شخص کے دل میں ان کی محبت اور قدرومنزلت ہے۔
اور اسلام کے دشمنوں کے لیے ان کا وجود سوہان روح تھا۔
ایسے ہی عظیم افراد میں حضرت علی رضی اللہ عنہ بھی ہیں، اس لیے ان سے محبت، ایمان کی علامت اور ان سے دشمنی منافقت کی علامت ہے۔
(2)
محبت سے مراد وہ غلو نہیں جو بعض اہل بدعت میں پایا جاتا ہے، مثلا:
بعض نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو نبیوں کی طرح معصوم قرار دے دیا۔
بعض نے ابوبکر و عمر رضی اللہ عنہما سے افضل قرار دے دیا۔
بعض ان میں خدائی صفات کے قائل ہوئے اور بعض نے انہیں خود خدا ہی قرار دے دیا جو انسانی صورت میں زمین پر اتر آیا۔
اسی طرح حضرت علی رضی اللہ عنہ کے نام کی نذرونیاز یا مصائب و مشکلات میں انہیں پکارنا، یا علی، یا علی مدد کے نعرے لگانا اور ناد علی وغیرہ کے اذکار پڑھنا، ہاتھ کے ایک پنجے کی شکل بنا کر اسے علی رضی اللہ عنہ کا ہاتھ قرار دیتے ہوئے حل مشکلات کا باعث سمجھنا، سب شرکیہ اعمال ہیں جن کا حضرت علی رضی اللہ نے حکم دیا ہے نہ وہ ان سے راضی ہیں۔
ان امور کا اس محبت سے کوئی تعلق نہیں جو ایمان کی علامت ہے۔
(3)
صحابہ کرام رضی اللہ عنھم میں جو اختلافات ہوئے وہ اجتہادی اختلافات تھے، اگرچہ ان میں سے بعض کا نتیجہ، منافقین کی سازشوں کی وجہ سے، جنگ و جدال کی صورت میں بھی ظاہر ہوا۔
ان مشاجرات کی وجہ سے کسی صحابی کو منافق قرار دینا بہت بڑی جسارت ہے اور یہ اہل بدعت کی علامت ہے۔
اہل سنت کے نزدیک ان مشاجرات کے بارے میں کف لسان (خاموش رہنا اور ایک دوسرے کو خطا کار قرار نہ دینا)
بہتر ہے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 114