(آیت 12) {وَ الْحَبُّ ذُو الْعَصْفِ وَ الرَّيْحَانُ: ” الْحَبُّ “} دانے، جیسے گندم، چنے، چاول وغیرہ،یعنی غلّہ جو انسان کی خوراک بنتا ہے۔ {” الْعَصْفِ “} دانوں کے اوپر کا چھلکا، بھوسا، جو جانوروں کی خوراک بنتا ہے، سورۂ فیل میں ہے: «فَجَعَلَهُمْ كَعَصْفٍ مَّاْكُوْلٍ»[ الفیل: ۵ ]”کھائے ہوئے بھوسے کی طرح۔“ {” الرَّيْحَانُ “} خوشبودار پودے اور پھول جو آدمی کے دماغ کو معطر کرتے ہیں۔ {” فَاكِهَةٌ “} سے وہ پھل مراد ہیں جو صرف لذت کے لیے کھائے جاتے ہیں اور {” النَّخْلُ “} سے وہ پھل مراد ہیں جو لذت اور خوراک دونوں کے لیے استعمال ہوتے ہیں اور {” الْحَبُّ “} سے مراد غلے وغیرہ ہیں جو خوراک کے لیے استعمال ہوتے ہیں اور {” الرَّيْحَانُ “} سے مراد جو خوشبو کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔