اے ہمارے رب! ہمارے دل ٹیڑھے نہ کر، اس کے بعد کہ تو نے ہمیں ہدایت دی اور ہمیں اپنے پاس سے رحمت عطا فرما، بے شک تو ہی بے حد عطا کرنے والا ہے۔[8]
تفسیر عبدالرحمٰن کیلانی
8۔ (اور وہ یوں دعا مانگتے ہیں کہ) ”اے ہمارے پروردگار! ہدایت دینے کے بعد ہمارے دلوں کو کج رو [10] نہ بنا اور اپنے ہاں سے رحمت عطا فرما۔ بلا شبہ تو ہی سب کچھ عطا کرنے والا ہے
[10] علم میں پختہ کار لوگوں کا شیوہ صرف یہ نہیں ہوتا کہ وہ متشابہات کی تاویل کے پیچھے نہیں پڑتے۔ بلکہ اللہ سے یہ دعا بھی کرتے ہیں کہ جو فتنہ انگیز لوگ متشابہات کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں ان کی فکر ہمارے فکر پر کہیں اثر انداز نہ ہو جائے اور اپنی رحمت خاص سے ہمیں ایسے فتنہ پرور لوگوں کے افکار و عقائد سے بچائے رکھ اور صحیح عقل و فکر عطا فرما۔