🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

صحيح البخاري سے متعلقہ
تمام کتب
ترقیم شاملہ
عربی
اردو
حدیث کتب میں نمبر سے حدیث تلاش کریں:

صحیح بخاری میں ترقیم شاملہ سے تلاش کل احادیث (7563)
حدیث نمبر لکھیں:
حدیث میں عربی لفظ/الفاظ تلاش کریں
عربی لفظ / الفاظ لکھیں:
حدیث میں اردو لفظ/الفاظ تلاش کریں
اردو لفظ / الفاظ لکھیں:
163. باب انتظار الناس قيام الإمام العالم:
باب: لوگوں کا نماز کے بعد امام کے اٹھنے کا انتظار کرنا۔
اظهار التشكيل
حدیث نمبر: 869
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ، قَالَ: أَخْبَرَنَا مَالِكٌ، عَنْ يَحْيَى بْنِ سَعِيدٍ، عَنْ عَمْرَةَ، عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا، قَالَتْ:" لَوْ أَدْرَكَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَا أَحْدَثَ النِّسَاءُ لَمَنَعَهُنَّ كَمَا مُنِعَتْ نِسَاءُ بَنِي إِسْرَائِيلَ"، قُلْتُ: لِعَمْرَةَ أَوَ مُنِعْنَ؟ قَالَتْ: نَعَمْ.
ہم سے عبداللہ بن یوسف تنیسی نے بیان کیا، کہا کہ ہمیں امام مالک رحمہ اللہ نے یحییٰ بن سعید سے خبر دی، ان سے عمرہ بنت عبدالرحمٰن نے، ان سے عائشہ رضی اللہ عنہا نے، انہوں نے فرمایا کہ آج عورتوں میں جو نئی باتیں پیدا ہو گئی ہیں اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم انہیں دیکھ لیتے تو ان کو مسجد میں آنے سے روک دیتے جس طرح بنی اسرائیل کی عورتوں کو روک دیا گیا تھا۔ میں نے پوچھا کہ کیا بنی اسرائیل کی عورتوں کو روک دیا گیا تھا؟ آپ نے فرمایا کہ ہاں۔ [صحيح البخاري/كتاب الأذان (صفة الصلوة)/حدیث: 869]
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: اگر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو ان حالات کا علم ہوتا جو عورتوں نے آج پیدا کر لیے ہیں تو یقیناً انہیں مسجد میں جانے سے منع کر دیتے جیسا کہ بنی اسرائیل کی عورتوں کو روک دیا گیا تھا۔ (یحییٰ بن سعید کہتے ہیں کہ) میں نے حضرت عَمرہ رحمہا اللہ سے دریافت کیا: واقعی بنی اسرائیل کی عورتوں کو روک دیا گیا تھا؟ انہوں نے جواب دیا: ہاں۔ [صحيح البخاري/كتاب الأذان (صفة الصلوة)/حدیث: 869]
تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»

الحكم على الحديث: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

الرواة الحديث:
اسم الشهرة
الرتبة عند ابن حجر/ذهبي
أحاديث
👤←👥عائشة بنت أبي بكر الصديق، أم عبد اللهصحابي
👤←👥عمرة بنت عبد الرحمن الأنصارية
Newعمرة بنت عبد الرحمن الأنصارية ← عائشة بنت أبي بكر الصديق
ثقة
👤←👥يحيى بن سعيد الأنصاري، أبو سعيد
Newيحيى بن سعيد الأنصاري ← عمرة بنت عبد الرحمن الأنصارية
ثقة ثبت
👤←👥مالك بن أنس الأصبحي، أبو عبد الله
Newمالك بن أنس الأصبحي ← يحيى بن سعيد الأنصاري
رأس المتقنين وكبير المتثبتين
👤←👥عبد الله بن يوسف الكلاعي، أبو محمد
Newعبد الله بن يوسف الكلاعي ← مالك بن أنس الأصبحي
ثقة متقن من أثبت الناس في الموطأ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر 869 کے فوائد و مسائل
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 869
حدیث حاشیہ:
حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں کہ اس سے یہ نہیں نکلتا کہ ہمارے زمانے میں عورتوں کو مسجد میں جانا منع ہے کیونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے نہ یہ زمانہ پایا نہ منع کیا اور شریعت کے احکام کسی کے قیاس اور رائے سے نہیں بدل سکتے۔
مولانا وحید الزماں مرحوم فرماتے ہیں کہ یہ ام المؤمنین کی رائے تھی کہ اگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم یہ زمانہ پاتے تو ایسا کرتے اور شاید ان کے نزدیک عورتوں کا مسجد میں جانا منع ہوگا اس لیے بہتر یہ ہے کہ فساد اور فتنے کا خیال رکھا جائے اور اس سے پرہیز کیا جائے کیونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی خوشبو لگا کر اور زینت کر کے عورتوں کونکلنے سے منع کیا۔
اسی طرح رات کی قید بھی لگائی اور حضرت عبداللہ بن عمر ؓ نے جب یہ حدیث بیان کی کہ اللہ کی لونڈیوں کو اللہ کی مسجد میں جانے سے نہ روکو تو ان کے بیٹے واقد یا بلال نے کہا کہ ہم تو روکیں گے۔
عبداللہ نے ان کو ایک گھونسہ لگایا اور سخت سست کہا اور ایک روایت میں یوں ہے کہ مرنے تک بات نہ کی اور یہی سزا ہے اس نالائق کی جو آنحضرت کی حدیث سن کر سر نہ جھکائے اور ادب کے ساتھ تسلیم نہ کرے۔
وکیع نے کہا کہ شعار یعنی قربانی کے اونٹ کا کوہان چیر کر خون نکال دینا سنت ہے۔
ایک شخص بولا ابو حنیفہ تو اس کو مثلہ کہتے ہیں۔
وکیع نے کہا تو اس لائق ہے کہ قید رہے جب تک توبہ نہ کرے، میں تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث بیان کرتا ہوں اور تو ابو حنیفہ ؒ کا قول لاتا ہے۔
اس روایت سے مقلدین بے انصاف کو سبق لینا چاہیے اگر حضرت عمر فاروق ؓ زندہ ہوتے اور ان کے سامنے کوئی حدیث کے خلاف کسی مجتہد کا قول لاتا تو گردن مارنے کا حکم دیتے ارے لوگو ہائے خرابی یہ ایمان ہے یا کفر کہ پیغمبر کا فرمودہ سن کر پھر دوسرے کی رائے اور قیاس کو اس کے خلاف منظور کرتے ہو تم جانو اپنے پیغمبر کو جو جواب قیامت کے دن دینا ہو وہ دے لینا۔
وماعلینا إلا البلاغ (مولانا وحید الزماں)
[صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 869]

الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:869
حدیث حاشیہ:
(1)
ان احادیث کا باب سابق سے تعلق ہے جس میں بیان ہوا تھا کہ مستورات رات اور اندھیرے میں نماز کے لیے مسجد کا رخ کر سکتی ہیں، چنانچہ حدیث عائشہ میں ہے کہ صحابیات مبشرات نماز صبح مسجد نبوی میں ادا کرتی تھیں۔
نماز سے فراغت کے بعد منہ اندھیرے اپنے گھروں کو واپس ہو جاتی تھیں۔
اس حدیث میں ہے کہ وہ اندھیرے کی وجہ سے پہچانی نہ جاتی تھیں۔
اس سے مراد معرفت جنس نہیں ہے کہ مرد کی یا عورت کی معرفت نہ ہوتی تھی بلکہ معرفت شخص ہے، یعنی عائشہ ؓ کو خدیجہ سے نہ پہچانا جاتا تھا جیسا کہ ایک روایت میں صراحت ہے کہ وہ ایک دوسرے سے پہچانی نہ جاتی تھیں۔
(صحیح البخاري، الأذان، حدیث: 872)
حدیث ابو قتادہ سے بھی پتہ چلتا ہے کہ عہد نبوی میں صحابیات بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی معیت میں نماز باجماعت ادا کرتی تھیں۔
جب کسی کا بچہ رونے لگتا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز مختصر کر دیتے۔
حدیث میں صراحت ہے کہ قراءت میں تخفیف کر دیتے تاکہ ماں اپنے بچے کی وجہ سے پریشان نہ ہو۔
دوسری احادیث سے پتہ چلتا ہے کہ ایسے حالات میں عورتوں پر پابندی تھی کہ خوشبو لگا کر، فیشنی کپڑے پہن کر اور آواز والے زیورات سے مسجد میں نہ آئیں بلکہ سادہ لباس میں اپنے گھروں سے نکلیں۔
بعض روایات سے پتہ چلتا ہے کہ عورتوں کو مسجد میں آنے کی اجازت دینے کے باوجود آپ نے انہیں ترغیب دی کہ ان کا گھر میں نماز پڑھنا بہتر ہے۔
(2)
آخری حدیث عائشہ سے بعض حضرات نے یہ مسئلہ کشید کیا ہے کہ عورتیں مطلق طور پر مسجد میں نماز پڑھنے کے لیے نہیں آ سکتیں، چنانچہ حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں کہ ان حضرات کا مذکورہ استنباط محل نظر ہے کیونکہ حضرت عائشہ ؓ کے قول سے مساجد میں عورتوں کی حاضری کا حکم تبدیل نہیں ہو سکتا، اس لیے کہ حضرت عائشہ ؓ نے اسے جس شرط کے ساتھ معلق کیا وہ نہیں پائی گئی۔
انہوں نے یہ کہا کہ اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یہ حالات دیکھتے تو انہیں منع کر دیتے۔
اس پر کہا جا سکتا ہے کہ آپ نے ان حالات کو نہ دیکھا اور نہ اس سے منع فرمایا، اس لیے حکم نبوی اپنی جگہ پر برقرار رہا۔
خود حضرت عائشہ ؓ نے بھی منع کی صراحت نہیں فرمائی اگرچہ ان کے کلام سے منع کا اشارہ نکلتا ہے۔
اس کے علاوہ قابل غور بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کو تو ضرور معلوم تھا کہ آئندہ حالات میں عورتوں کے متعلق کیا کیا نئے امور پیدا ہوں گے لیکن اس کے باوجود اللہ تعالیٰ نے عورتوں کو مساجد سے روکنے کے لیے کوئی وحی نازل نہیں فرمائی۔
اگر نئے حالات کی وجہ سے عورتوں کو منع کرنا لازم آتا تو مساجد کے علاوہ دوسرے مقامات بازار وغیرہ سے بھی انہیں ضرور منع کر دیا جاتا لیکن ایسا نہیں ہوا۔
یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ فیشن پرستی کی لپیٹ میں تمام عورتیں نہیں آتیں بلکہ کچھ عورتیں اس کا شکار ہوتی ہیں، لہٰذا تمام پر پابندی لگانا کوئی عقل مندی نہیں، اس لیے بہتر یہ ہے کہ ان امور کا سدباب کیا جائے جو منکرات و فواحش کا پیش خیمہ ہیں جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:
عورتیں خوشبو لگا کر اور زیورات سے مزین ہو کر گھروں سے باہر نہ نکلیں بلکہ سادہ لباس پہن کر مساجد میں آئیں۔
رات کی پابندی کا ذکر بھی احادیث میں ملتا ہے۔
(فتح الباري: 452/2)
ان حقائق کے پیش نظر ہمارا موقف ہے کہ عورتیں شرعی قیود کا لحاظ کرتے ہوئے مسجد میں نماز ادا کر سکتی ہیں اگرچہ ان کا گھروں میں نماز پڑھنا زیادہ بہتر ہے۔
واللہ أعلم۔
(3)
اس حدیث کے آخر میں بنی اسرائیل کی عورتوں پر بھی مساجد میں داخلے کے متعلق پابندی کا ذکر ہے۔
اس کی وضاحت ایک موقوف اثر میں اس طرح ہے کہ بنی اسرائیل کی عورتوں نے مردوں سے تاک جھانک کے لیے اپنی ٹانگوں سے لمبے لمبے بانس باندھ لیے تاکہ اونچی ہو کر مردوں کو دیکھ سکیں۔
اس بنا پر اللہ تعالیٰ نے انہیں مساجد میں آنے سے روک دیا اور ان پر حیض مسلط کر دیا۔
(المصنف لعبد الرزاق: 149/3، حدیث: 5114)
لیکن یہ روایت مرفوع روایت کے مقابلے میں ناقابل التفات ہے جیسا کہ کتاب الحیض کے آغاز میں اپنے فوائد میں ہم اس کی وضاحت کر آئے ہیں، اس لیے اگر یہ بات صحیح ہے کہ بنو اسرائیل کی عورتوں کو مساجد میں آنے سے روک دیا گیا تھا (کیونکہ یہ موقوف قول ہے)
تو اس کی کیا وجہ تھی؟ اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتا ہے۔
کسی صحیح مرفوع روایت میں نہ روکے جانے والی بات بیان ہوئی ہے اور نہ اس کی کوئی وجہ ہی ہے۔
واللہ أعلم۔
[هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 869]

Sahih Bukhari Hadith 869 in Urdu