6989. حضرت ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ”اچھا خواب نبوت کے چھیالیس حصوں میں سے ایک حصہ ہوتا ہے۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6989]
حدیث حاشیہ: 1۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے پہلی حدیث اس لیے بیان کی ہے کہ جس خواب کو نبوت کا چھیالیسواں حصہ قرار دیا گیا ہے اس سے اچھا خواب مراد ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہوتا ہے کیونکہ جو خواب شیطان کی دراندازی کانتیجہ ہوتا ہے وہ قطعاً اس فضیلت کا حقدارنہیں ہے، پھر نبوت کا حصہ قرار دینے کے متعلق مختلف روایات ہیں۔
کم از کم اچھے خواب کو نبوت کا چھبیسواں اور زیادہ سے زیادہ چھہترواں حصہ قرار دیا گیا ہے۔
اس کے درمیان چالیسواں، چوالیسواں، پنتالیسواں، چھیالسواں، سنتالیسواں، پچاسواں اورستر حصہ قرار دینے کے متعلق بھی روایات ملتی ہیں۔
زیادہ روایات چھیالیسواں حصے کے متعلق ہیں۔
(فتح الباری: 455/12) 2۔
حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ نبوت کے ختم ہونے کے بعد یہ دعویٰ کرنا کہ نبوت کے کچھ اجزا ابھی باقی ہیں بہت مشکل امر ہے، اس لیے مذکورہ حدیث کی تشریح میں مندرجہ ذیل توجیہات بیان کی گئی ہیں:
۔
اگر نبی خواب دیکھتا ہے تو حقیقی طور پر نبوت کا جز ہے اوراگر کوئی امتی اچھا خواب دیکھتا ہے تو اس کے مجازی معنی مراد ہوں گے۔
۔
اس سے مراد حضرات انبیاء علیہم السلام کے خوابوں کے موافق خواب دیکھنا ہے، یہ مراد نہیں کہ نبوت کا کوئی حصہ باقی ہے۔
۔
اچھا خواب علم نبوت کا حصہ ہے، نبوت کا جز نہیں کیونکہ علم نبوت تو قیامت تک باقی رہے گا۔
۔
پسندیدہ اور سچا خواب صداقت کے اعتبار سے نبوت سے مشابہت رکھتا ہے۔
(فتح الباری: 455/12) 3۔
بعض حضرات نے اس کی توجیہ اس طرح بیان کی ہے کہ وحی کی ابتدا سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات تک تئیس سال کی مدت ہے، ان میں تیرہ سال مکہ مکرمہ میں اور دس سال مدینہ منورہ میں وحی نازل ہوتی رہی اور ابتدائی زمانہ نبوت میں چھ ماہ تک خواب میں وحی نازل ہوتی رہی۔
یہ نصف سال ہے، اس طرح تئیس سال کو نصف سال کے اعتبار سے تقسیم کیا جائے تو چھیالیس بنتے ہیں۔
اس اعتبار سے اچھے خواب کو نبوت کا چھیالیسواں حصہ قرار دیا گیا ہے۔
واللہ أعلم۔