اے لوگو جو ایمان لائے ہو! اللہ سے ڈرو، جیسا اس سے ڈرنے کا حق ہے اور تم ہرگز نہ مرو، مگر اس حال میں کہ تم مسلم ہو۔[102]
تفسیر القرآن الکریم
(آیت 102) ➊ {اتَّقُوا اللّٰہَ حَقَّ تُقَاتِهٖ …:} عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے اس آیت کی تفسیر یوں مروی ہے: ”اس کی اطاعت کی جائے نافرمانی نہ کی جائے، اسے یاد رکھا جائے بھلایا نہ جائے، اس کا شکر ادا کیا جائے ناشکری نہ کی جائے۔“[ ابن أبی حاتم: 112/3۔ مستدرک حاکم: 323/2، ح: ۳۱۵۹ ] ابن کثیر رحمہ اللہ نے اس قول کی سند کو صحیح قرار دیا ہے، مراد حسبِ استطاعت ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: «فَاتَّقُوا اللّٰهَ مَا اسْتَطَعْتُمْ» [ التغابن: ۱۶ ]” سو اللہ سے ڈرو جتنی طاقت رکھو۔“
➋ {وَ لَا تَمُوْتُنَّ اِلَّا وَ اَنْتُمْ مُّسْلِمُوْنَ:} چونکہ موت کا علم ہی نہیں کب آ جائے، اس لیے موت آنے تک ہر وقت اللہ تعالیٰ سے اسی طرح ڈرتے رہو۔