پھر مچھلی نے اسے نگل لیا، اس حال میں کہ وہ مستحق ملامت تھا۔[142]
تفسیر عبدالرحمٰن کیلانی
142۔ چنانچہ مچھلی نے انہیں نگل لیا [83] اور وہ ملامت زدہ [84] تھے
[83] ﴿مُلِيْمٌ﴾ کا معنی وہ شخص ہے جس کا ضمیر خود ہی ملامت کر رہا ہو کہ وہ واقعی مجرم ہے اور کوئی ملامت کرے یا نہ کرے۔ اور سیدنا یونسؑ کو اپنی اجتہادی غلطی کا احساس بھاگنے کے فوراً بعد ہی ہو گیا تھا۔ اور قرعہ میں ہر بار آپ کا نام نکلنے پر اس کا یقین ہو گیا۔
[84] چنانچہ آپؑ مچھلی کے پیٹ میں چلے جانے کے بعد اپنے پروردگار کے حضور توبہ استغفار میں مشغول رہنے لگے۔ مچھلی کے پیٹ کی تاریکیوں میں آپ کا وظیفہ یہ ہوتا تھا۔ ﴿لاَ اِلٰهَ الآَ أنْتَ سُبْحَانَكَ إنِّيْ كُنْتُ مِنَ الظّٰلِميْن﴾ جیسا کہ سورۃ انبیاء کی آیت نمبر 87 میں مذکور ہے۔ اگر آپؑ یہ کلمات تسبیحات نہ پڑھتے رہتے تو ہمیشہ مچھلی کے پیٹ میں ہی رہتے یعنی اس کی غذا بن کر اس کے جسم میں تحلیل ہو جاتے۔