(مرفوع) حدثنا ابو النعمان، حدثنا حماد بن زيد، حدثنا يحيى، عن عمرة، عن عائشة رضي الله عنها، قالت:" كان النبي صلى الله عليه وسلم يعتكف في العشر الاواخر من رمضان، فكنت اضرب له خباء فيصلي الصبح، ثم يدخله، فاستاذنت حفصة، عائشة ان تضرب خباء، فاذنت لها، فضربت خباء، فلما راته زينب ابنة جحش ضربت خباء آخر، فلما اصبح النبي صلى الله عليه وسلم راى الاخبية، فقال: ما هذا؟ فاخبر، فقال النبي صلى الله عليه وسلم: آلبر ترون بهن، فترك الاعتكاف ذلك الشهر، ثم اعتكف عشرا من شوال".(مرفوع) حَدَّثَنَا أَبُو النُّعْمَانِ، حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ، حَدَّثَنَا يَحْيَى، عَنْ عَمْرَةَ، عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا، قَالَتْ:" كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَعْتَكِفُ فِي الْعَشْرِ الْأَوَاخِرِ مِنْ رَمَضَانَ، فَكُنْتُ أَضْرِبُ لَهُ خِبَاءً فَيُصَلِّي الصُّبْحَ، ثُمَّ يَدْخُلُهُ، فَاسْتَأْذَنَتْ حَفْصَةُ، عَائِشَةَ أَنْ تَضْرِبَ خِبَاءً، فَأَذِنَتْ لَهَا، فَضَرَبَتْ خِبَاءً، فَلَمَّا رَأَتْهُ زَيْنَبُ ابْنَةُ جَحْشٍ ضَرَبَتْ خِبَاءً آخَرَ، فَلَمَّا أَصْبَحَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَأَى الْأَخْبِيَةَ، فَقَالَ: مَا هَذَا؟ فَأُخْبِرَ، فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: آلْبِرَّ تُرَوْنَ بِهِنَّ، فَتَرَكَ الِاعْتِكَافَ ذَلِكَ الشَّهْرَ، ثُمَّ اعْتَكَفَ عَشْرًا مِنْ شَوَّالٍ".
ہم سے ابوالنعمان محمد بن فضل دوسی نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے حماد بن زید نے بیان کیا، ان سے یحییٰ قطان نے، ان سے عمرہ نے اور ان سے عائشہ رضی اللہ عنہا نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف کیا کرتے تھے۔ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے (مسجد میں) ایک خیمہ لگا دیتی۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم صبح کی نماز پڑھ کے اس میں چلے جاتے تھے۔ پھر حفصہ رضی اللہ عنہا نے بھی عائشہ رضی اللہ عنہا سے خیمہ کھڑا کرنے کی (اپنے اعتکاف کے لیے) اجازت چاہی۔ عائشہ رضی اللہ عنہا نے اجازت دے دی اور انہوں نے ایک خیمہ کھڑا کر لیا جب زینب بنت جحش رضی اللہ عنہا نے دیکھا تو انہوں نے بھی (اپنے لیے) ایک خیمہ کھڑا کر لیا۔ صبح ہوئی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی خیمے دیکھے تو فرمایا، یہ کیا ہے؟ آپ کو ان کی حقیقت کی خبر دی گئی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، کیا تم سمجھتے ہو یہ خیمے ثواب کی نیت سے کھڑے کئے گئے ہیں۔ پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس مہینہ (رمضان) کا اعتکاف چھوڑ دیا اور شوال کے عشرہ کا اعتکاف کیا۔
Narrated `Amra: Aisha said, "the Prophet used to practice I`tikaf in the last ten days of Ramadan and I used to pitch a tent for him, and after offering the morning prayer, he used to enter the tent." Hafsa asked the permission of `Aisha to pitch a tent for her and she allowed her and she pitched her tent. When Zainab bint Jahsh saw it, she pitched another tent. In the morning the Prophet noticed the tents. He said, 'What is this?" He was told of the whole situation. Then the Prophet said, "Do you think that they intended to do righteousness by doing this?" He therefore abandoned the I`tikaf in that month and practiced I`tikaf for ten days in the month of Shawwal."
USC-MSA web (English) Reference: Volume 3, Book 33, Number 249
يعتكف في كل رمضان وإذا صلى الغداة دخل مكانه الذي اعتكف فيه قال فاستأذنته عائشة أن تعتكف فأذن لها فضربت فيه قبة فسمعت بها حفصة فضربت قبة وسمعت زينب بها فضربت قبة أخرى فلما انصرف رسول الله من الغداة أبصر أربع قباب فقال ما هذا فأخبر خبرهن فقال ما حملهن على ه
يعتكف العشر الأواخر من رمضان فاستأذنته عائشة فأذن لها وسألت حفصة عائشة أن تستأذن لها ففعلت فلما رأت ذلك زينب ابنة جحش أمرت ببناء فبني لها قالت وكان رسول الله إذا صلى انصرف إلى بنائه فبصر بالأبنية فقال ما هذا قالوا بناء عائشة وحفصة وزينب فقال رسول الله آلب
أراد أن يعتكف فلما انصرف إلى المكان الذي أراد أن يعتكف إذا أخبية خباء عائشة وخباء حفصة وخباء زينب فقال ألبر تقولون بهن ثم انصرف فلم يعتكف حتى اعتكف عشرا من شوال
يعتكف في العشر الأواخر من رمضان فكنت أضرب له خباء فيصلي الصبح ثم يدخله فاستأذنت حفصة عائشة أن تضرب خباء فأذنت لها فضربت خباء فلما رأته زينب ابنة جحش ضربت خباء آخر فلما أصبح النبي رأى الأخبية فقال ما هذا فأخبر فقال النبي آلبر ترون بهن فترك الاعتكاف ذلك الش
إذا أراد أن يعتكف صلى الفجر ثم دخل معتكفه وإنه أمر بخبائه فضرب أراد الاعتكاف في العشر الأواخر من رمضان فأمرت زينب بخبائها فضرب وأمر غيرها من أزواج النبي بخبائه فضرب فلما صلى رسول الله الفجر نظر فإذا الأخبية فقال آلبر تردن فأمر بخبائه فقوض وترك الاعتكاف في
إذا أراد أن يعتكف صلى الفجر ثم دخل معتكفه قالت وإنه أراد مرة أن يعتكف في العشر الأواخر من رمضان قالت فأمر ببنائه فضرب فلما رأيت ذلك أمرت ببنائي فضرب قالت وأمر غيري من أزواج النبي ببنائه فضرب فلما صلى الفجر نظر إلى الأبنية فقال ما هذه آلبر تردن قالت فأمر ب
إذا أراد أن يعتكف صلى الصبح ثم دخل المكان الذي يريد أن يعتكف فيه فأراد أن يعتكف العشر الأواخر من رمضان فأمر فضرب له خباء فأمرت عائشة بخباء فضرب لها وأمرت حفصة بخباء فضرب لها فلما رأت زينب خباءهما أمرت بخباء فضرب لها فلما رأى ذلك رسول الله قال آلبر تردن فل
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2033
حدیث حاشیہ: قال الإسماعیلي فیه دلیل علی جواز الاعتکاف بغیر صوم لأن أول شوال یوم الفطر و صومه حرام۔ یعنی اس حدیث میں دلیل ہے کہ بغیر روزہ کے بھی اعتکاف درست ہے اس لیے کہ آپ نے اول عشرہ شوال میں اعتکاف کیا۔ جس میں یوم الفطربھی داخل ہے۔ جس میں روزہ رکھنا منع ہے۔ حافظ ؒفرماتے ہیں: إن المرأة لا تعتکف حتی تستأذن زوجها و إنها إذا اعتکفت بغیر إذنه کان له أن یخرجها و فیه جواز ضرب الأخبیة في السمجد و إن الأفضل للنساء أن لا یعتکفن في المسجد و فیه إن أول الوقت الذي یدخل فیه المعتکف بعد صلوة الصبح و هو قول الأوزاعي و قال الأئمة الأربعة و طائفة یدخل قبیل غروب الشمس و أولوا الحدیث علی أنه دخل من أول اللیل و لکن إنما تخلی بنفسه في المکان الذي أعدہ لنفسه بعد صلاة الصبح الخ۔ یعنی عورت اپنے خاوند کی اجازت کے بغیر اعتکاف نہ کرے اور بغیر اجازت اعتکاف کی صورت خاوند کو حق ہے کہ وہ عورت کا اعتکاف ختم کرادے۔ اور اعتکاف کے لیے مساجد میں خیمہ لگانا درست ہے اور عورتوں کے لیے افضل یہی ہے کہ وہ مساجد میں اعتکاف نہ کریں اور معتکف کے لیے اپنی جگہ میں داخل ہونے کا وقت نماز فجر کے بعد کا وقت ہے۔ یہ اوزاعی کا قول ہے لیکن ائمہ اربعہ اور ایک جماعت علماءکا قول یہ ہے کہ سورج غروب ہونے سے قبل اپنے مقام میں داخل ہو اور حدیث مذکورہ کا مطلب انہوں نے یوں بیان کیا کہ آپ اول را ت ہی میں داخل ہو گئے تھے مگر جو جگہ آپ نے اعتکاف کے لیے مخصوص فرمائی تھی اس میں فجر کے بعد داخل ہوئے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2033
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2033
حدیث حاشیہ: (1) امام بخاری ؓ نے اس حدیث سے عورتوں کے لیے اعتکاف کی مشروعیت کو ثابت کیا ہے، نیز انہوں نے ثابت کیا ہے کہ عورتوں کے لیے اعتکاف کا اہتمام بھی مسجد میں ہونا چاہیے کیونکہ اگر گھر میں اعتکاف جائز ہوتا تو آپ انہیں اپنے اپنے گھروں میں اعتکاف کرنے کا حکم دے دیتے لیکن آپ نے ایسا نہیں کیا بلکہ اس رمضان اعتکاف کا پروگرام ہی ختم کر دیا حتی کہ شوال میں اس کی قضا دی اور دس دنوں کا اعتکاف کیا۔ (2) عورتوں کے لیے مسجد میں اعتکاف کرنے کی مندرجہ ذیل شرائط ہیں: ٭ عورتوں کے لیے مردوں سے بایں طور الگ انتظام ہو کہ مردوں کے ساتھ اختلاط کا قطعاً کوئی امکان باقی نہ رہے کیونکہ اختلاط مرد و زن کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے پسند نہیں کیا۔ ٭ خاوند یا سرپرست سے اعتکاف بیٹھنے کی اجازت حاصل کی جائے بصورت دیگر اعتکاف صحیح نہیں ہو گا بلکہ بلا اجازت اعتکاف سے ثواب کے بجائے گناہ کا اندیشہ ہے۔ ٭ بحالت اعتکاف مخصوص ایام کے آ جانے کا بھی اندیشہ نہ ہو۔ ہر عورت کو اپنی عادت کا علم ہوتا ہے، اسے اس بات کا بطور خاص خیال رکھنا ہو گا۔ ٭ کسی قسم کے فتنہ و فساد کا اندیشہ نہ ہو۔ بصورت دیگر وہ اپنے گھر میں عبادت کرنے کا اہتمام کرے لیکن گھر میں عبادت کرنا شرعی اعتکاف نہیں۔ ٭ خورد و نوش اور دیگر لوازمات زندگی کا باقاعدہ انتظام ہوتا کہ باہر جانے کی ضرورت نہ پڑے۔ مرد حضرات تو بوقت ضرورت مسجد سے باہر جا سکتے ہیں لیکن عورتوں کے لیے ایسی اجازت فتنے کا باعث ہے۔ ٭ جو عورتیں اعتکاف کریں انہیں تفریح طبع کے سامان سے اجتناب کرنا ہو گا، اسی طرح اپنے ہمراہ موبائل رکھنا جس سے گھر والوں سے ہر وقت رابطہ رہے، اعتکاف کے منافی ہے۔ (3) بعض حضرات اس حدیث سے عورتوں کے لیے سنت اعتکاف غیر مشروع ہونے کا مسئلہ کشید کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے انہیں اعتکاف سے منع کر دیا تھا، حالانکہ منع کرنے کی درج ذیل وجوہات تھیں: ٭ آپ کو خدشہ لاحق ہوا کہ یہ سوکنوں کی باہمی غیرت کی وجہ سے ایسا کر رہی ہیں۔ اس طرح ریاکاری سے مقصد اعتکاف ختم ہونے کا اندیشہ تھا۔ ٭ اعتکاف میں تنہائی مقصود ہوتی ہے، جب ازواج مطہرات نے وہاں خیمے گاڑ لیے تو گھر والی صورت حال ہو گئی، اس لیے آپ نے انہیں منع کر دیا۔ یہ خدشہ لاحق ہوا کہ ان کی دیکھا دیکھی باقی ازواج مطہرات بھی مسجد میں اپنے اپنے خیمے نصب کر لیں گی جس سے جگہ تنگ ہو جائے گی اور نمازیوں کو تکلیف ہو گی، اس لیے انہیں منع فرما دیا۔ (فتح الباري: 351/4)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2033
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 571
´اعتکاف اور قیام رمضان کا بیان` انہی (سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا) سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم رمضان کے آخری عشرہ کا اعتکاف کرتے تاآنکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم وفات پا گئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد اعتکاف کرتیں۔ (بخاری و مسلم)[بلوغ المرام/حدیث: 571]
571 لغوی تشریح: «صَلَّي الْفَجَرْ» صبح کی نماز پڑھتے، اکیس رمضان کی نماز فجر مراد ہے۔ «ثُمَّ دَخَلَ مُعْتَكَفَهُ» اسم ظرف کا صیغہ ہے، یعنی اپنے اعتکاف کی جگہ۔ نماز فجر کے بعد آپ اس جگہ میں سب سے منقطع ہو کر علیحدگی اختیار کر لیتے، یہ مطلب نہیں کہ یہ وقت اعتکاف کی ابتداء کا ہے بلکہ اعتکاف کے لیے تو آپ اکیس کی نماز مغرب ہی مسجد میں پڑھتے اور اعتکاف کی نیت سے مسجد ہی میں رات گزارتے، جب صبح کی نماز پڑھتے تو اعتکاف کی مخصوص جگہ میں تشریف لے جاتے جیسا کہ امام نووی رحمہ اللہ نے اس کی تصریح کی ہے۔ اس حدیث کی یہ تاویل اس لیے ضروری ہے کہ اس حدیث اور بعد والی احادیث میں تطبیق دی جا سکے جس میں یہ وضاحت ہے کہ آپ رمضان کے آخری دس دنوں کا اعتکاف کرتے تھے۔ ٭
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 571
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 710
´مسجد میں خیمہ لگانے کا بیان۔` ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب اعتکاف کا ارادہ فرماتے تو فجر پڑھتے، پھر آپ اس جگہ میں داخل ہو جاتے جہاں آپ اعتکاف کرنے کا ارادہ فرماتے، چنانچہ آپ نے ایک رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کا ارادہ فرمایا، تو آپ نے (خیمہ لگانے کا) حکم دیا تو آپ کے لیے خیمہ لگایا گیا، ام المؤمنین حفصہ رضی اللہ عنہا نے بھی حکم دیا تو ان کے لیے بھی ایک خیمہ لگایا گیا، پھر جب ام المؤمنین زینب رضی اللہ عنہا نے ان کے خیمے دیکھے تو انہوں نے بھی حکم دیا تو ان کے لیے بھی ایک خیمہ لگایا گیا، جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ خیمے دیکھے تو فرمایا: ”کیا تم لوگ اس سے نیکی کا ارادہ رکھتی ہو؟“۱؎، چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (اس سال) رمضان میں اعتکاف نہیں کیا (اور اس کے بدلے) شوال میں دس دنوں کا اعتکاف کیا۔ [سنن نسائي/كتاب المساجد/حدیث: 710]
710 ۔ اردو حاشیہ: ➊ اعتکاف ایک عبادت ہے اور بغیر پردے کے ممکن نہیں، لہٰذا خیمہ کھڑا کرنا ضروری ہے۔ ➋ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویاں ایک سے زائد تھیں اور بتقاضائے بشریت سوکنویں میں چپقلش ہوتی ہے، اسی چپقلش کے نتیجے میں حضرت زینب رضی اللہ عنہا نے خیمہ لگوایا کہ میں اس سعادت سے پیچھے کیوں رہوں؟ اللہ! اللہ! نیک لوگوں کی چشمک بھی نیکی کے اضافے کے لیے ہوتی ہے، مگر آپ نے اس چشمک کو برداشت نہ کیا، اس لیے آپ نے خود بھی اعتکاف کا ارادہ موقوف فرما دیا۔ ➌ اگر کوئی اعتکاف کا ارادہ و نیت کر لے مگر کوئی رکا وٹ پیش آ جائے تو مناسب ہے کہ قضا دے، خواہ رمضان المبارک کے بعد ہی ہو۔ ➍ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے خیمے اٹھوانے کی اصل وجہ امہات المؤمنین کی آپس کی چشمک اور منافست تھی جس کا حدیث سے اشارہ ملتا ہے۔ بعض علماء کا خیال ہے کہ یہ حکم عورتوں کے مسجد میں اعتکاف بیٹھنے کی وجہ سے تھا، بالخصوص جبکہ مردوں سے اختلاط کا بھی اندیشہ ہو اگرچہ وہاں خاوند بھی معتکف ہو۔ لیکن قابل غور بات یہ ہے کہ اگر عدم جواز کی بات ہوتی تو انہیں آغاز ہی میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم روک دیتے اور آخر میں یہ نہ فرماتے …… کیا یہ نیکی کا ارادہ رکھتی ہیں……؟ ➎ احناف میں عورتوں کے گھروں میں اعتکاف بیٹھنے کا رواج ہے، لیکن یہ بلادلیل ہے۔ قرآن و حدیث کی رو سے اعتکاف صرف مسجد ہی میں ہو سکتا ہے۔ ازواج مطہرات رضی اللہ عنہن کا عمل بھی اسی کا مؤید ہے، اس لیے عورت مسجد ہی میں اعتکاف بیٹھے، گھر میں نہیں، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ کسی قسم کے فتنے کا خدشہ نہ ہو۔ آج کل بعض بڑی مرکزی مسجدوں میں عورتوں کے لیے ایسا محفوظ انتظام کر دیا گیا ہے کہ وہاں مردوں سے اختلاط بھی نہیں ہوتا اور ان کی عزت و عصمت کو بھی خطرہ نہیں ہوتا، اس لیے ایسی جگہوں پر اس کی گنجائش ہے۔ واللہ أعلم۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 710
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2464
´اعتکاف کا بیان۔` ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب اعتکاف کرنے کا ارادہ کرتے تو فجر پڑھ کر اعتکاف کی جگہ جاتے، ایک مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف کرنے کا ارادہ فرمایا، تو خیمہ لگانے کا حکم دیا، خیمہ لگا دیا گیا، جب میں نے اسے دیکھا تو اپنے لیے بھی خیمہ لگانے کا حکم دیا، اسے بھی لگایا گیا، نیز میرے علاوہ دیگر ازواج مطہرات نے بھی خیمہ لگانے کا حکم دیا تو لگایا گیا، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فجر پڑھی تو ان خیموں پر آپ کی نگاہ پڑی آپ نے پوچھا: یہ کیا ہیں؟ کیا تمہارا مقصد اس سے نیکی کا ہے؟ ۱؎، پھر آپ صلی اللہ ع۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[سنن ابي داود/كتاب الصيام /حدیث: 2464]
فوائد ومسائل: (1) اعتکاف کے لیے حجرہ بنانا اس لیے مستحب ہے کہ معتکف اس جگہ میں دیگر لوگوں سے علیحدہ ہو کر نوافل، تلاوت قرآن کریم اور اذکار وغیرہ میں مشغول رہے۔ یہ لوگوں کے ساتھ بلا ضرورت اختلاط کرے، نہ دوسرے ہی اس کو مشغول کریں۔
(2) خواتین کو بھی مساجد میں اعتکاف کرنا چاہیے۔ گھروں میں اعتکاف کرنا خیرالقرون سے ثابت نہیں۔ گھر میں مقام عبادت کو اصطلاحا مسجد نہیں کہا جا سکتا اور نہ اس پر معروف مسجد والے احکام ہی منطبق ہوتے ہیں۔
(3) اعمال میں خیر میں بنیادی طور پر اخلاص اور اللہ تعالیٰ ہی کی رضا مقصود ہونی چاہیے۔ ازواج مطہرات کے مذکورہ بالا عمل میں رشک کا پہلو غالب تھا جو اگرچہ عام افراد امت کے لیے تو محمود ہے، مگر ازواج نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا مقام ان سے بالا تر ہے۔ اس لیے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے پسند نہیں فرمایا اور یہی معنی ہین اس معروف قول کے کہ (حسنات الأبرار سيئات المقربين) یعنی عام صالحین کے عام صالح اعمال بعض اوقات مقرب لوگوں کے حق میں ریب اور تقصیر شمار کیے جاتے ہیں۔
(4) شوہر اگر راضی نہ ہو تو عورت کو اپنا اعتکاف ختم کر دینا چاہیے۔
(5) فوت شدہ یا توڑے گئے اعتکاف کی قضا دینا مستحب ہے، واجب نہیں۔ جیسے کہ ازواج مطہرات کے متعلق اس قسم کا کوئی بیان نہیں ہے کہ ان سے اس اعتکاف کی قضا کروائی گئی۔ (6) غیر رمضان میں اعتکاف کے دوران میں روزہ شرط نہیں ہے۔
(7) اعتکاف کا آغاز کب سے کرنا ہے؟ احادیث میں اس کی صراحت نہیں ہے۔ اس حدیث میں صرف یہ ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم فجر کی نماز پڑھ کر حجرہ اعتکاف میں داخل ہوتے۔ دوسری روایات میں ہے کہ آپ رمضان کا آخری عشرہ اعتکاف فرماتے تھے۔ اس اعتبار سے اکثر علماء یہ کہتے ہین کہ معتکف 20 رمضان کو مغرب سے پہلے پہلے مسجد میں آ جائے، رات مسجد میں گزارے اور فجر کی نماز پڑھ کر حجرہ اعتکاف میں داخل ہو جائے۔ اس طرح کرنے سے اس کا رمضان کا آخری عشرہ اعتکاف کے ساتھ گزرے گا اور مذکورہ دونوں رواتیوں پر عمل ہو جائے گا۔ اس کے برعکس بعض لوگ کہتے ہیں کہ بیسیوں رمضان کو فجر کی نماز کے بعد اعتکاف کا آغاذ کیا جائے، کیونکہ حدیث میں آپ کے نمازِ فجر کے بعد حجرہ اعتکاف میں داخل ہونے کی صراحت ہے۔ لیکن اس طرح 30 رمضان ہونے کی صورت میں اعتکاف کے 11 دن بن جاتے ہیں جسے عشرہ قرار نہیں دیا جا سکتا، جب کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل عشرہ اخیر کا اعتکاف کا منقول ہے اس لیے پہلے رائے ہی راجح اور صحیح ہے۔ واللہ اعلم.
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2464
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1771
´اعتکاف شروع کر کے چھوڑ دینے پر اس کی قضاء کا بیان۔` ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب اعتکاف کا ارادہ کرتے تو نماز فجر پڑھ کر اعتکاف کی جگہ جاتے، ایک مرتبہ رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے کا ارادہ فرمایا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم پر مسجد میں ایک خیمہ لگا دیا گیا، ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا نے بھی حکم دیا تو ان کے لیے (بھی) ایک خیمہ لگایا گیا، ام المؤمنین حفصہ رضی اللہ عنہا نے حکم دیا تو ان کے لیے بھی ایک خیمہ لگایا گیا، جب ام المؤمنین زینب رضی اللہ عنہا نے ان دونوں کا خیمہ دیکھا تو انہوں نے بھی حکم دیا تو ان کے لیے بھی خیمہ لگایا۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[سنن ابن ماجه/كتاب الصيام/حدیث: 1771]
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) اعتکاف کے لئے مسجد میں ایک جگہ پردہ کر کے اس میں اعتکاف کرنا مسنون ہے (2) اعتکاف مسجد میں ہوتا ہے۔
(3) عورتیں بھی اعتکاف کر سکتی ہیں لیکن ان کے لئے بھی جائے اعتکا ف مسجد ہی ہے تا ہم مسجد ایسی ہو جہا ں عورتو ں کے لئے مردوں سے الگ ہر چیز کا معقول انتظام ہو تاکہ مردوں کے ساتھ کسی مرحلے میں ان کا اختلاط نہ ہو۔
(4) عورتوں میں ایک دوسری کی ریس کرنے کی عادت ہوتی ہے خاص طور پر سوکنیں ایک دوسری سے رشک رکھتی ہیں اگر اس سے کوئی مسئلہ پیدا ہو جا ئےتو اسے حکمت سے حل کر لینا چاہیئے (5) اعتکا ف کا پختہ ارادہ کر کے مسجد میں جگہ بنالی گئی ہو پھر کوئی عذر پیش آ جا ئے تو اعتکا ف چھوڑا جا سکتا ہے (6) رمضان کے اعتکاف کی قضا کسی دوسرے مہینے میں بھی دی جا سکتی ہے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1771
الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:196
فائدہ: اس حدیث سے ثابت ہوا کہ بیوی اعتکاف بیٹھنے سے پہلے اپنے خاوند سے اجازت لے گی اگر اجازت مل جائے تو بیٹھے گی ورنہ نہیں بیٹھے گی۔ دکھاوے کی غرض سے اعتکاف کرنا درست نہیں ہے، کیونکہ ریاکاری گناہ بن جاتی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم علم غیب نہیں جانتے تھے، اس لیے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: یہ خیمے کن کے ہیں؟ خواتین بھی اعتکاف مسجد میں ہی کریں گی۔ اگر کسی وجہ سے رمضان میں اعتکاف نہ ہو سکے تو سال کے کسی بھی عشرے میں اعتکاف کرنا درست ہے۔ اس حدیث سے ایک اہم مسئلہ یہ بھی ثابت ہوا کہ نیت کر لینے سے اعتکاف واجب نہیں ہوتا۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ”وفيه أن الاعتكاف لا يجب بالنية“”اور اس حدیث میں یہ بھی ہے کہ نیت کر لینے سے اعتکاف واجب نہیں ہوتا“۔ (فتح الباری: 349/4) نبیت کا تعلق دل سے ہے نہ کہ زبان سے۔
مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 196
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2034
2034. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے، کہ نبی ﷺ نے ایک دفعہ اعتکاف کا ارادہ فرمایا۔ جب آپ اس جگہ پہنچے جہاں اعتکاف کرنا چاہتے تھے تو وہاں چند خیمے دیکھے یعنی وہ حضرت عائشہ ؓ، حضرت حفصہ ؓ، اور حضرت زینب ؓ کے خیمے تھے۔ آپ نے انھیں دیکھ کر فرمایا: ” کیا ان میں نیکی کہتے ہو؟“ پھر آپ وہاں سے واپس آگئے اور اعتکاف نہ کیا یہاں تک کہ ماہ شوال میں دس دن اعتکاف میں گزارے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2034]
حدیث حاشیہ: (1) روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے وہاں چار خیمے دیکھے: ایک آپ کے لیے تھا اور تین ازواج مطہرات حضرت عائشہ، حضرت حفصہ اور حضرت زینب ؓ کے تھے۔ چونکہ خیموں کا اہتمام حضرت عائشہ ؓ کے ذمے تھا، اس لیے حضرت حفصہ ؓ نے ان سے باضابطہ اجازت طلب کی لیکن حضرت زینب ؓ نے اجازت لینے کی ضرورت محسوس نہ کی اور انہوں نے از خود خیمہ نصب کر لیا، غالباً رسول اللہ ﷺ کے انکار کی وجہ بھی یہی تھی۔ آپ نے تمام خیمے اکھاڑ دینے کا حکم دیا۔ بہرحال اس حدیث سے اعتکاف کے لیے مسجد میں خیمے لگانے کا جواز معلوم ہوا۔ امام بخاری ؒ کا یہی مقصود ہے۔ (فتح الباري: 350/4)(2) اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اعتکاف کی صرف نیت کرنے سے اعتکاف واجب نہیں ہو جاتا، البتہ رسول اللہ ﷺ نے ماہ شوال میں اس کی قضا بطور استحباب کی ہے کیونکہ آپ جس عمل کو شروع کرتے اس پر دوام کرتے تھے، لیکن ازواج مطہرات کے متعلق کوئی اشارہ نہیں ملتا کہ انہوں نے بھی ماہ شوال میں اعتکاف کیا ہو۔ (فتح الباري: 352/4)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2034
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2041
2041. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے انھوں نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ ہر رمضان میں اعتکاف کیا کرتے تھے۔ جب صبح کی نماز پڑھتے تو اس جگہ تشریف لے جاتے جہاں اعتکاف کرنا ہوتا۔ حضرت عائشہ ؓ نے آپ سے اجازت طلب کی کہ وہ اعتکاف کریں۔ جب آپ نے انھیں اجازت دی تو انھوں نے مسجد میں خیمہ لگالیا۔ حضرت حفصہ ؓ نےسنا تو انھوں نے بھی خیمہ نصب کرلیا۔ حضرت زینب ؓ نے سنا تو انھوں نے ایک اور خیمہ لگالیا۔ جب رسول اللہ ﷺ اگلے روز گئے تو وہاں پر چارخیمے دیکھے، آپ نے فرمایا: ”یہ کیا بات ہے؟“ تو آپ کو ان کی حقیقت سے آگاہ کیا گیا تو آپ نے فرمایا: ”اس پر انھیں کس چیز نے ابھارا ہے؟کیا وہ نیکی چاہتی ہیں؟ان تمام خیموں کو اکھاڑ دو۔ میں انھیں یہاں نہیں دیکھنا چاہتا۔“ چنانچہ وہ تمام خیمے ختم کردیے گئے۔ پھر آپ نےرمضان میں اعتکاف نہ کیا حتیٰ کہ شوال کے آخری عشرے میں اعتکاف کیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2041]
حدیث حاشیہ: (1) صحیح مسلم میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے شوال کے پہلے عشرے میں اعتکاف کیا جبکہ مذکورہ حدیث میں شوال کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے کا ذکر ہے، حافظ ابن حجر ؒ نے لکھا ہے: ان میں کوئی تعارض نہیں، آخری عشرے میں اعتکاف کرنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے شوال کے آخری عشرے میں اعتکاف ختم کیا۔ (فتح الباري: 351/4) لیکن ایک اشکال پیدا ہوتا ہے کہ پہلے عشرے میں اعتکاف ہو تو وہ تیسرے عشرے میں کیسے ختم ہو سکتا ہے؟ تو اس کا جواب یہ ہو سکتا ہے کہ یحییٰ بن سعید کی روایت میں ہے کہ آپ نے بیس دن کا اعتکاف کیا۔ (سنن أبي داود، الصوم، حدیث: 2464)(2) معتکف کو چاہیے کہ وہ 20 رمضان کی شام کو مسجد میں پہنچ جائے اور رات مسجد میں گزارے، اگلے روز نماز فجر سے فراغت کے بعد جائے اعتکاف میں داخل ہو جائے کیونکہ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ آخری عشرے کا اعتکاف کرتے تھے۔ (صحیح البخاري، الاعتکاف، حدیث: 2025) اور آخری عشرہ بیسویں رمضان کو مغرب کے بعد شروع ہو جاتا ہے، نیز حضرت عائشہ ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب اعتکاف کا ارادہ فرماتے تو نماز فجر ادا کر کے جائے اعتکاف میں داخل ہو جاتے۔ (جامع الترمذي، الصوم، حدیث: 791) مذکورہ حدیث بخاری میں بھی ہے: ”جب صبح کی نماز پڑھتے تو اس جگہ تشریف لے جاتے جہاں اعتکاف کرنا ہوتا۔ “
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2041
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2045
2045. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے (ایک دفعہ) رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے کا ذکر فرمایا۔ حضرت عائشہ ؓ نے آپ سے (اعتکاف کرنے کی) اجازت طلب کی تو آپ نے انھیں اجازت دے دی۔ حضرت حفصہ ؓ نے حضرت عائشہ ؓ سے سوال کیا کہ وہ اسے بھی اجازت لے دیں تو انھیں بھی اجازت مل گئی۔ جب حضرت زینب ؓ بنت جحش نے یہ دیکھا تو انھوں نے خیمہ لگانے کا حکم دیا، چنانچہ ان کاخیمہ بھی نصب کردیا گیا۔ حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا: جب رسول اللہ ﷺ نماز پڑھنے کے بعداپنے معتکف کی طرف تشریف لائے اور وہاں کئی ایک خیمے دیکھے تو فرمایا: ”یہ کیا ہے؟“ لوگوں نے عرض کیا: یہ حضرت عائشہ ؓ حضرت حفصہ ؓ اورحضرت زینب ؓ کے خیمے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ” کیا وہ اس نیکی کاارادہ کرتی ہیں؟ میں(اس سال) اعتکاف نہیں کروں گا۔“ چنانچہ آپ واپس لوٹ آئے۔ جب روزے ختم ہوئے تو آپ نے شوال کے ایک عشرے [صحيح بخاري، حديث نمبر:2045]
حدیث حاشیہ: (1) رسول اللہ ﷺ نے اعتکاف گاہ میں داخل ہونے سے پہلے ہی اپنا ارادہ ملتوی کر دیا تھا۔ اس کے ہرگز یہ معنی نہیں ہیں کہ آپ اعتکاف گاہ میں داخل ہوئے، پھر آپ نے اعتکاف کا ارادہ ترک فرمایا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی چیز کی نیت کر لینے سے وہ چیز واجب نہیں ہو جاتی۔ چونکہ آپ کی عادت مبارکہ تھی کہ جو کام شروع کرتے اس پر دوام فرماتے، اس لیے آپ نے ماہ شوال میں دس دن اعتکاف کر کے اس کی تلافی فرمائی، بصورت دیگر صرف نیت کر لینے سے وہ اعتکاف آپ پر واجب نہیں ہوا تھا جس کی بعد میں قضا دینی ضروری ہو۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنی بیویوں کو اپنے خیمے اکھاڑ دینے کا حکم دیا، اس کی تفصیل ہم پہلے بیان کر چکے ہیں۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2045