صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 5674 کا باب: «بَابُ تَمَنِّي الْمَرِيضِ الْمَوْتَ:» باب اور حدیث میں مناسبت: ترجمۃ الباب میں امام بخاری رحمہ اللہ نے موت کی تمنا کرنے کو ناجائز قرار دیا ہے اور اسی پر باب قائم فرمایا ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے تحت الباب چار احادیث کا ذکر فرمایا ہے۔
سیدنا انس، سیدنا خباب بن ارت اور سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہم کی احادیث سے باب میں مناسبت واضح ہے، مگر چوتھی حدیث جو ام المؤمنین سے مروی ہے اس کی باب سے مناسبت مشکل ہے کیونکہ اس میں موت کی تمنا کا کوئی ذکر موجود نہیں ہے۔
دراصل امام بخاری رحمہ اللہ نے اس حدیث کو تحت الباب آخر میں ذکر فرمایا ہے، آپ کی یہاں مراد یہ ہے کہ ایک روایت میں ہے:
«ولا يدع به قبل ان يأتيه» جو اس بات کی قید ہے کہ موت کی تمنا اس وقت درست ہو گی کہ جب اس کے آثار نمایاں ہو جائیں تو اس وقت موت کی تمنا کرنا جائز ہو گی، اسی لیے امام بخاری رحمہ اللہ نے
«اللهم بالرفيق الأعلى» والی حدیث کو آخر میں ذکر فرمایا،
چنانچہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ العسقلانی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
«ولا يدع به من قبل أن ياتيه وهو قيد فى الصورتيں، ومفهومه اذا حل به لا يمنع من تمنيه رضا بلقاء الله ولا من طلبه من الله لذالك وهو كذالك، ولهذه النكتة عقب البخاري حديث أبى هريرة بحديث عائشة ”اللهم اغفرلي وارحمني والحقني بالرفيق الأعلى“ إشارة إلى أن النهي مختص بالحالة التى قبل نزول الموت، فلله دره ما كان اكثر استحضاره و ايثار للأخفى على الأجل شحذاً للأذهان، وقد خفي صنيعه هذا على من جعل حديث عائشة فى الباب معارضاً الأحاديث الباب أو ناسخاً لها .» ” «لا يتمنين» ہمام بن ابی ہریرہ کی روایت میں بھی نون تاکید کے ساتھ ہے اور
«الموت» کے بعد یہ جملہ بھی مراد ہے،
«ولا يدع به قبل ان يأتيه» یہ دونوں صورتوں میں قید ہے، اس کا مفہوم یہ ہے کہ جب وہ آ جائے تو اس کی لقاء للہ کی تمنا اور نہ اللہ تعالیٰ سے اس کی طلب اس کے لیے مانع ہے، اسی نکتہ کے مدنظر اس کے بعد ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کی روایت لائے، جس میں نزع کے عالم میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کہے یہ الفاظ مذکور ہیں،
«اللهم اغفر لي وارحمني والحقني بالرفيق الأعلىٰ» تو اشارہ دیا کہ نہی نزول موت سے قبل کی حالت کے ساتھ مختص ہے تو اللہ تعالیٰ بھلا کرے امام بخاری رحمہ اللہ کا کہ کس قدر حاضر دماغ اور صاحب مطالعہ ہیں، آپ اخفٰی روایت کو اجلٰی پر ترجیح دیتے ہوئے نقل کرنے کی یہ روش تشحیذ اذہان کے لیے پیدا کی ہے، ان کی یہ صنیع ان حضرات پر مخفی رہی جنہوں نے حدیث عائشہ رضی اللہ عنہا کو باب کی دیگر احاد یث کے معارض یا ان کے لیے اسے ناسخ قرار دیا۔
“ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کے ان اقتباسات سے کئی باتیں ظاہر ہوئیں، آپ کا اشارہ اس طرف ہے کہ جب موت کے آثار نمایاں نہ ہوں تو حدیث
«لا يتمنين» پر عمل ہو گا اور اگر جب اس کے آثار نمایاں ہو جا ئیں واضح طور پر تو حدیث ام المؤمنین عائشہ کے مطابق اس کی تمنا کرنا جائز ہو گا، لہٰذا متعارض سمجھنے والوں نے اجلت سے کام لیا، کیوں کہ ان روایات میں تطبیق واضح ہے اور یہ تعارض نہیں ہے، بلکہ بین الروایتین المختلیفین میں مخفی تطبیقی ہے، اسی بات کو حافظ ابن حجر رحمہ اللہ ذکر فرما رہے ہیں، اب ترجمۃ الباب سے حدیث کی مناسبت واضح ہوئی کہ ترجمہ کا تعلق جو ممانعت کے ساتھ ہے ان سے وہ حضرات مراد ہیں جن پر موت کے آثار نمایاں نہیں ہیں اور اگر نمایاں ہو جائیں تو موت کی تمنا جائز ہو گی، پس یہی مراد ہے باب اور ماتحت الباب احادیث کی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
«فأفهم ولا تكن من الغافلين» حدیث پر ایک اشکال اور اس کا جواب: مذکورہ باب کے تحت امام بخاری رحمہ اللہ نے ایک اور حدیث ذکر فرمائی کہ «لَنْ يدْخَلَ أحَدََا عَمَلَه الْجَنَّةَ» یعنی تم میں سے کوئی بھی ہرگز اپنے عمل کی وجہ سے جنت میں داخل نہ ہو گا۔ یہ حدیث قرآن مجید کی آیت سے معارض ہے۔ چنانچہ امام قسطلانی رحمہ اللہ حدیث پر ایک اعتراض اس طرح سے نقل کرتے ہیں کہ:
«لن يدخل أحدأ عمله الجنة واستشكل بقوله تعالىٰ: وتلك الجنة التى أورثتموها بما كنتم تعملون» [الزخرف: 72]
”یعنی حدیث کہ تم میں کوئی ہرگز اپنے عمل کی وجہ سے جنت میں نہ جائے گا اس پر یہ اشکال وارد ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ:
«وتلك الجنة التى . . . . . . . الاية» لہٰذا حدیث قرآنی آیت سے معارض ہے، کیوں کہ حدیث میں عمل کی وجہ سے جنت میں جانے کی نفی ہے اور قرآنی آیت میں اثبات۔“
چنانچہ اس اشکال کا جواب دیتے ہوئے امام قسطلانی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
«وأجيب بأن محمل الاية على أن الجنة تنال المنازل فيها بالاعمال لأن درجات الجنة متفاوتة بحسب تفاوت الاعمال وأن محل الحديث على اصل دخول الحنة .» ”اس کا جواب یہ ہے کہ آیت کریمہ میں جنت سے درجات اور منازل جنت مراد ہیں کہ جنت کے درجات اعمال سے متعین ہوں گے، کیوں کہ جنت کے درجات مختلف اور متفاوت ہیں، اس لیے جس کا جس قدر عمل ٹھیک ہو گا اسی کے مطابق اس کو جنت میں رتبہ نصیب ہو گا حدیث باب میں جنت سے نفس جنت میں داخلہ مراد ہے، یعنی اصل جنت میں دخول کسی عمل کی وجہ سے نہیں ہو گا، بلکہ اللہ تعالیٰ کے خاص کرم سے ہو گا، البتہ مراتب اعمال کے اعتبار سے ہوں گے۔
“