سلسله احاديث صحيحه سے متعلقہ
تمام کتب
ترقیم البانی
ترقيم فقہی
عربی
اردو
اللہ تعالیٰ کے لیے محبت کا انجام خیر
ترقیم الباني: 450 ترقیم فقہی: -- 2744
-" ما تحاب رجلان في الله إلا كان أحبهما إلى الله عز وجل أشدهما حبا لصاحبه".
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب بھی دو آدمی آپس میں اللہ تعالیٰ کے لیے محبت کرتے ہیں تو ان میں سے اللہ تعالیٰ کو زیادہ محبوب وہ ہوتا ہے جو اپنے دوست سے اس کی بہ نسبت زیادہ محبت کرنے والا ہوتا ہے۔“ [سلسله احاديث صحيحه/الاداب والاستئذان/حدیث: 2744]
سلسلہ احادیث صحیحہ ترقیم البانی: 450
کسی کو اللہ تعالیٰ کی مغفرت سے محروم نہیں سمجھنا چاہیے
ترقیم الباني: 1685 ترقیم فقہی: -- 2745
-" إن رجلا قال: والله لا يغفر الله لفلان، وإن الله قال: من ذا الذي يتألى علي أن لا أغفر لفلان؟! فإني قد غفرت لفلان، وأحبطت عملك. أو كما قال".
سیدنا جندب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ایک آدمی نے کہا: اللہ کی قسم! اللہ فلاں کو نہیں بخشے گا۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے فرمایا: کون ہے جو مجھ پر قسم اٹھاتا ہے کہ میں فلاں کو نہیں بخشوں گا؟ میں نے اس کو بخش دیا اور تیرے (قسم اٹھانے والے کے) اعمال ضائع کر دیے۔“ یا جیسے آپ نے فرمایا۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاداب والاستئذان/حدیث: 2745]
سلسلہ احادیث صحیحہ ترقیم البانی: 1685
زبان کئی گناہوں کا موجب ہے
ترقیم الباني: 534 ترقیم فقہی: -- 2746
-" أكثر خطايا ابن آدم في لسانه".
شقیق بیان کرتے ہیں کہ سیدنا عبداللہ رضی اللہ عنہ نے صفا پہاڑی پر تلبیہ پڑھا اور کہا: اے زبان! خیر و بھلائی پر مشتمل کلام کر، تاکہ تو غنیمت حاصل کر لے۔ تو خاموش رہا کر تاکہ سلامت رہے اور ندامت نہ ہو۔ لوگوں نے پوچھا اے ابو عبدالرحمٰن! یہ کلمات تو اپنی طرف سے کہہ رہا ہے یا کسی سے سنے ہیں؟ انہوں نے کہا: کسی سے نہیں سنے، ہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ضرور سنا ہے: ”ابن آدم کی اکثر خطائیں اس کی زبان کی وجہ سے ہوتی ہیں۔“ [سلسله احاديث صحيحه/الاداب والاستئذان/حدیث: 2746]
سلسلہ احادیث صحیحہ ترقیم البانی: 534
ہر عضو زبان کی تیزی کی شکایت کرتا ہے
ترقیم الباني: 535 ترقیم فقہی: -- 2747
-" ليس شيء من الجسد إلا يشكو إلى الله اللسان على حدته".
زید بن اسلم اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں کہ سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو دیکھا کہ وہ اپنی زبان کو کھینچ رہے تھے۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے پوچھا: خلیفہ رسول! یہ کیا کر رہے ہیں؟ انہوں نے کہا: یہ مجھے ہلاکت گاہوں کی طرف لے جاتی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جسم کا ہر حصہ اللہ تعالیٰ سے زبان کی تیزی کی شکایت کرتا ہے۔“ [سلسله احاديث صحيحه/الاداب والاستئذان/حدیث: 2747]
سلسلہ احادیث صحیحہ ترقیم البانی: 535
زبان باعث سعادت بھی ہے اور باعث شقاوت بھی
ترقیم الباني: 1286 ترقیم فقہی: -- 2748
-" أيمن امرئ وأشأمه ما بين لحييه".
سیدنا عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”آدمی کی انتہائی بابرکت اور انتہائی منحوس چیز اس کی زبان ہے۔“ [سلسله احاديث صحيحه/الاداب والاستئذان/حدیث: 2748]
سلسلہ احادیث صحیحہ ترقیم البانی: 1286
زبان کے استعمال میں بےاحتیاطی کا نتیجہ
ترقیم الباني: 888 ترقیم فقہی: -- 2749
-" إن الرجل ليتكلم بالكلمة من رضوان الله ما كان يظن أن تبلغ ما بلغت يكتب الله له بها رضوانه إلى يوم يلقاه وإن الرجل ليتكلم بالكلمة من سخط الله ما كان يظن أن تبلغ ما بلغت يكتب الله له بها سخطه إلى يوم يلقاه".
سیدنا بلال بن حارث مزنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”آدمی اللہ کی رضا مندی پر مشتمل بات کرتا ہے اور اسے گمان بھی نہیں ہوتا کہ یہ (یعنی اس کا اچھا اثر) کہاں تک پہنچے گا۔ مگر اللہ تعالیٰ اس کی وجہ سے اس کے لیے قیامت کے دن تک اپنی رضا مندی لکھ دیتا ہے اور (بعض دفعہ) کوئی شخص اللہ کی ناراضگی کا ایسا کلمہ بولتا ہے کہ اسے گمان بھی نہیں ہوتا کہ یہ کلمہ (یعنی اس کا برا اثر) کہاں تک پہنچے گا، مگر اللہ تعالیٰ اس کی وجہ سے اس کے لیے اپنی ملاقات کے دن تک اپنی ناراضگی لکھ دیتا ہے۔“ [سلسله احاديث صحيحه/الاداب والاستئذان/حدیث: 2749]
سلسلہ احادیث صحیحہ ترقیم البانی: 888
ترقیم الباني: 540 ترقیم فقہی: -- 2750
-" إن العبد ليتكلم بالكلمة ما يتبين فيها، يزل بها في النار أبعد ما بين المشرق والمغرب".
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: ”بندہ ایک بات کرتا ہے، اس میں غور و فکر نہیں کرتا اور وہ اس بات کی وجہ سے مشرق و مغرب کی درمیانی مسافت سے بھی زیادہ دور جہنم کی آگ کی طرف گر جاتا ہے۔“ [سلسله احاديث صحيحه/الاداب والاستئذان/حدیث: 2750]
سلسلہ احادیث صحیحہ ترقیم البانی: 540
اللہ تعالیٰ کی مغفرت کا سبب بننے والے اعمال
ترقیم الباني: 1035 ترقیم فقہی: -- 2751
-" إن من موجبات المغفرة بذل السلام وحسن الكلام".
سیدنا ہانی بن یزید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: میں نے کہا: اے اللہ کے رسول! ایسا عمل بتائیں جو مجھے جنت میں داخل کر دے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سلام عام کرنا اور اچھا کلام کرنا ایسے اعمال ہیں جو بخشش کو واجب کر دیتے ہیں۔“ [سلسله احاديث صحيحه/الاداب والاستئذان/حدیث: 2751]
سلسلہ احادیث صحیحہ ترقیم البانی: 1035
مجلسوں کی سردار مجلس
ترقیم الباني: 2645 ترقیم فقہی: -- 2752
-" إن لكل شيء سيدا، وإن سيد المجالس قبالة القبلة".
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہر چیز کا ایک سردار ہوتا ہے اور مجلسوں کی سردار وہ (مجلس) ہے جس میں قبلہ کے سامنے (بیٹھا جائے)۔“ [سلسله احاديث صحيحه/الاداب والاستئذان/حدیث: 2752]
سلسلہ احادیث صحیحہ ترقیم البانی: 2645
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرزندان امت کے حق میں ان سے بڑھ کر رحمدل تھے، غیر محرم مرد و زن کا ایک دوسرے کے کندھے یا سر پر ہاتھ پھیرنا کیسا ہے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا عورتوں سے بیعت لینے کا طریقہ
ترقیم الباني: 529 ترقیم فقہی: -- 2753
-" إني لا أصافح النساء إنما قولي لمائة امرأة كقولي لامرأة واحدة".
سیدہ امیمہ بنت رقیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں: میں چند عورتوں کے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آپ کی بیعت کرنے کے لیے آئی۔ ہم نے کہا: اے اللہ کے رسول! ہم اس بات پر آپ کی بیعت کرتی ہیں کہ ہم اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہرائیں گی، چوری نہیں کریں گی، زنا نہیں کریں گی، اپنی اولاد کو قتل نہیں کریں گی، بہتان نہیں گھڑیں گی اور نیکی کے معاملے میں آپ کی نافرمانی نہیں کریں گی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”(ٹھیک ہے) لیکن طاقت و قدرت کے مطابق۔“ ہم نے کہا: اللہ اور اس کا رسول تو ہم پر ہمارے نفسوں کی بہ نسبت بھی زیادہ رحم کرنے والے ہیں۔ اے اللہ کے رسول! اب آئیں (اور ہاتھ بڑھائیں) تاکہ ہم بیعت کر سکیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں عورتوں سے مصافحہ نہیں کرتا، میرا تو سو عورتوں سے قول و اقرار، ایک عورت سے قو ل و اقرار کی طرح ہے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاداب والاستئذان/حدیث: 2753]
سلسلہ احادیث صحیحہ ترقیم البانی: 529