الحمدللہ! انگلش میں کتب الستہ سرچ کی سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔

 

مسند الشهاب کل احادیث 1499 :حدیث نمبر
مسند الشهاب
احادیث401 سے 600
320. مَنْ يَسَّرَ عَلَى مُعْسِرٍ يَسَّرَ اللَّهُ عَلَيْهِ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ
جو شخص کسی تنگ دست پر (ادائیگی قرض کے سلسلے میں) آسانی کرے اللہ اس پر دنیا و آخرت میں آسانی کرے گا
حدیث نمبر: 458
پی ڈی ایف بنائیں اعراب
458 - اخبرنا إسماعيل بن رجاء، ثنا محمد بن محمد القيسراني، ثنا الخرائطي، ثنا علي بن حرب، ثنا ابو معاوية، ثنا الاعمش، عن ابي صالح , عن ابي هريرة، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «من يسر على معسر يسر الله عليه في الدنيا والآخرة» 458 - أَخْبَرَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ رَجَاءٍ، ثنا مُحَمَّدُ بْنُ مُحَمَّدٍ الْقَيْسَرَانِيُّ، ثنا الْخَرَائِطِيُّ، ثنا عَلِيُّ بْنُ حَرْبٍ، ثنا أَبُو مُعَاوِيَةَ، ثنا الْأَعْمَشُ، عَنْ أَبِي صَالِحٍ , عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «مَنْ يَسَّرَ عَلَى مُعْسِرٍ يَسَّرَ اللَّهُ عَلَيْهِ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ»
سیدنا ابوہر یرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص کسی تنگ دست پر (ادائیگی قرض کے سلسلے میں) آسانی کرے اللہ اس پر دنیا و آخرت میں آسانی کرے گا۔

تخریج الحدیث: «صحيح، وأخرجه مسلم فى صحيحه برقم: 2590، 2699، وابن حبان فى صحيحه برقم: 534، وأبو داود فى سننه برقم: 3460، 4946، والترمذي فى جامعه برقم: 1425، وابن ماجه فى سننه برقم: 2417، وأحمد فى مسنده برقم: 7545، والطبراني فى الكبير برقم: 4802»

وضاحت:
تشریح: -
اس حدیث مبارک میں کسی تنگ دست پر آسانی کرنے کی فضیلت بیان ہوئی ہے کہ جو شخص کسی تنگ دست مقروض پر ادائیگی قرض کے سلسلے میں آسانی کرے سختی کے ساتھ ادا ئیگی قرض کا مطالبہ نہ کرے، اسے مہلت دیتا رہے یا ویسے ہی معاف کر دے تو ایسے شخص پر اللہ تعالیٰ ٰ دنیا اور آخرت دونوں جہانوں میں آسانیاں فرمائے گا۔ ارشاد باری تعالیٰ ٰ ہے:
﴿وَإِن كَانَ ذُو عُسْرَةٍ فَنَظِرَةٌ إِلَىٰ مَيْسَرَةٍ وَأَن تَصَدَّقُوا خَيْرٌ لَّكُمْ إِن كُنتُمْ تَعْلَمُونَ﴾ (البقرة: 280)
اور اگر وہ (مقروض) تنگ دست ہو تو (اسے) آسانی تک مہلت دینا ہے اور (اگر) یہ کہ تم صدقہ ہی کر دو تو یہ تمہارے لیے بہتر ہے اگر تم جانتے ہو۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ایک شخص کا انتقال ہوا اس سے پوچھا: گیا کہ تو نے کون سا نیک عمل کیا ہے؟ اسے از خود یاد آیا یا اسے (اللہ کی طرف سے) یاد دلایا گیا تو اس نے کہا: میں سکے اور چا ندی (کی وصولی) میں چشم پوشی کیا کرتا تھا اور تنگ دست کو (ادائیگی قرض میں) مہلت دیا کرتا تھا لہٰذا اللہ نے اسے بخش دیا۔ [بخاري: 2391 مسلم: 1560 اين ماجه: 2420]
اسی طرح ایک اور حدیث میں ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم سے پہلے لوگوں میں سے ایک شخص کو اللہ نے (محض اس وجہ سے) معاف کر دیا کہ وہ بیچتے وقت سہولت دیتا تھا، خرید تے وقت بھی سہولت دیتا تھا اور تقاضا کرتے وقت بھی سہولت دیتا تھا۔ [ترمذي: 1320، حسن]
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا فرمائی ہے کہ اللہ اس بندے پر رحم کرے جو بیچتے وقت اور خریدتے وقت نرمی کرتا ہے اور جب (قرض کا) تقاضا کرتا ہے تب بھی نرمی کرتا ہے۔ [بخاري: 2076]
ایک مرتبہ سیدنا ابوقتادہ رضی اللہ عنہ نے اپنے کسی مقروض کو طلب کیا تو وہ چھپ گیا پھر ایک دن انہوں نے اسے پا لیا تو وہ کہنے لگا: میں بہت تنگ دست ہوں۔ آپ نے کہا: کیا، اللہ کی قسم (واقعی تنگ دست ہو)؟ اس نے کہا: اللہ کی قسم! (واقعی تنگ دست ہوں)۔ آپ نے کہا: بے شک میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے سنا ہے: جسے یہ اچھا لگتا ہو کہ اللہ اسے قیامت کی سختیوں سے نجات عطا فرمائے اسے چاہیے کہ تنگ دست پر آسانی کرے، معاف کر دے۔ [مسلم: 1563]
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ بھی ارشاد ہے کہ جس نے کسی تنگ دست کو مہلت دی یا اسے قرض معاف کر دیا اللہ اسے قیامت کے دن اپنے عرش کا سایہ دے گا جس دن اس کے سائے کے علاوہ کوئی سایہ نہ ہوگا ۔ [ترمذي: 1306، صحيح]
سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے سنا: جس نے کسی تنگ دست کو مہلت دی تو اس کے لیے ہر روز قرض کے برابر دو گنا صدقہ کرنے کا ثواب ہے۔ پھر میں نے آپ کو یہ فرماتے سنا: جس نے کسی تنگ دست کو مہلت دی اس کے لیے ہر روز قرض کے برابر دو گنا صدقہ کرنے کا ثواب ہے۔ کہتے ہیں: میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! میں نے آپ کو یہ فرماتے سنا ہے کہ جس نے کسی تنگ دست کو مہلت دی اس کے لیے ہر روز قرض کے برابر دو گنا صدقہ کرنے کا ثواب ہے۔ پھر میں نے آپ سے یہی سنا کہ جس نے کسی تنگ دست کو مہلت دی اس کے لیے ہر روز قرض کے برابر دو گنا صدقہ کرنے کا ثواب ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا: ادائیگی کے مقررہ وقت سے قبل اسے ہر روز ایک گنا صدقہ کرنے کا ثواب ملے گا اور ادائیگی کے مقررہ وقت کے بعد مزید مہلت دینے پر دو گنا ثواب ملے گا۔ [أحمد: 360/5، وسنده صحيح

http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.